پوائنٹ آف نو ریٹرن اور یو ٹرن


جمہوریت کا خاصہ ہی یہی ہے کہ تمام معاملات باہمی افہام و تفہیم سے چلائے جاتے ہیں۔ اور اس نظام کی خوبصورتی دیکھیے کہ اس میں مختلف اہم تعیناتیوں کے لیے اپوزیشن کو بھی ساتھ لے کر چلنا پڑتا ہے جیسے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کا معاملہ لٹکا ہوا ہے۔ اس میں حکومت واضح طور پر اپنی منوا تو سکتی ہے اور اگر اکڑ برقرار رہے تو یقینی طور پر تعیناتی بھی حکومت کی مرضی سے ہی ہو گی لیکن اس کمیٹی کا انتظا م و انصرام سنبھالنے کے لیے شخصیت کا انتخاب آج تک باہمی گفت و شنید کے بعد ہی کیا جاتا رہا ہے۔

اس کے علاوہ اس وقت پورے ملک میں جس ادارے کا طوطی بول رہا ہے وہ ہے نیب۔ اور ملاحظہ کیجیے کہ نیب چیئرمین کی تعیناتی کسی بھی طور پر حکومت و اپوزیشن کی باہمی رضامندی کے بغیر نہیں ہو سکتی۔ اور اگر باہمی رضامندی نہ ہو تو معاملات مزید پیچیدگی کی طرف جاتے ہیں کچھ ایسا ہی دیگر اہم اداروں کا ہے۔ جمہوریت میں موقف میں لچک یا نرمی اسی طرح لازم ہے جس طرح پیاسے کے لیے تپتے صحرا میں پانی۔ اور موقف میں لچک نہ دکھانے پہ معاملات ایسی نہج پہ پہنچ جاتے ہیں جہاں سے ان کو واپس لانا قدرے مشکل ہو جاتا ہے۔ جمہوریت میں ہم اکثر سنتے آئے تھے کہ معاملات پوائنٹ آف نو ریٹرن پہ پہنچ گئے، یعنی جہاں سے واپسی کی امید باقی نہ رہی۔ لیکن اب کچھ عرصے سے اس سے ملتی جلتا ایک اور لفظ یا اصطلاح کا سیاسی ڈکشنری میں اضافہ ہو گیا ہے جو یوٹرن کہلاتا ہے۔

عمران خان سے ہزار اختلافات سہی لیکن کوئی شک نہیں کہ ان کو وقت یقیناً دینا چاہیے اور دیا بھی گیا۔ اخبارات کا مطالعہ مستقل بنیادوں پر کرنے والے جانتے ہیں کہ ان کے شدید ترین ناقدین نے بھی پہلے سو دنوں میں ان پہ ہاتھ ذرا ہولا ہی رکھا ہے۔ لیکن صورت حال اس کے باوجود خرابی کی طرف کیوں جا رہی ہے، یہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔ عمران خان نے پوری انتخابی مہم میں دعوے ایسے کیے کہ جن سے پوائنٹ آف نو ریٹرن کا تاثر عوام کے ذہنوں میں پختہ ہوتا چلا گیا۔

کرپشن کے خلاف جنگ بناء کسی وابستگی کے ہو گی، قرض لینے کے بجائے ہم قرض واپس کریں گے، عالمی پاکستانی ماہرین کو وطن لائیں گے اور ان کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا، کسی دوستی یا رشتہ داری کی بنیادی پہ تعیناتیاں نہیں کی جائیں گے۔ یہ تمام معاملات پوائنٹ آف نو ریٹرن کی نشاندہی کرتے تھے کہ کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ ایسے دیگر معاملات میں بھی نہیں کیا جائے گا۔ پوائنٹ آف نو ریٹرن عام فہم میں یہی ہے کہ جس پہ سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

ماضی میں انتخابی اصلاحات اور چیئرمین نیب کی تعیناتی کے وقت عام پاکستانی کو بھی یاد ہو گا کہ اپوزیشن کی بڑی پارٹی نہ ہونے کے باوجود تحریک انصاف سے مشاورت کی گئی تھی۔ جب کہ اس دفعہ معاملات مزید گھمبیر اس لیے ہوتے جا رہے ہیں کہ وفاق میں پاکستان مسلم لیگ نواز اس وقت اپوزیشن کی کرسی پہ براجمان ہے جب کہ جو موقف عمران خان پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ پہ اختیار کر چکے ہیں اس میں ان کے حواری آئے دن کی پریس کانفرنسز سے یہ تاثر دے چکے ہیں کہ اس حوالے سے معاملات پوائنٹ آف نو ریٹرن پہ پہنچ چکے ہیں کہ کسی صورت شہباز شریف کی تعیناتی نہیں کی جائے گی کیوں کہ ن لیگ کے ساتھ تحریک انصاف کا ویر کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، جیسا کہ ماضی میں خورشید شاہ اور چوہدری نثار بطور اپوزیشن لیڈر سربراہی کر چکے ہیں۔ لیکن معاملات نو ریٹرن پہ لے جانے کے بجائے اپوزیشن جماعت سے کسی ایسے نام پہ اتفاق رائے پیدا کرنے کی بھی کوشش کی جا سکتی تھی جو سب کے لیے قابل قبول ہو بجائے اس کے کہ شہباز شریف کے نام کو ہی میں نہ مانوں کی عملی تفسیر بنا دیا جاتا۔

جمہوریت مثبت یو ٹرن کو اپنا حسن بنا لیتی ہے اور معاملات کو پوائنٹ آف نو ریٹرن پے لے جانا جمہوریت کا خاصہ نہیں۔ لیکن حکمران جماعت شاید اپنی مرضی کے معاملات پہ یوٹرن اور جو پسند نہیں وہاں معاملات پوائنٹ آف نو ریٹرن پہ لے جا کر اپنی طاقت دکھانا چاہتی ہے کہ ہم یہ بھی کر سکتے ہیں۔ لیکن حیرت اس بات پہ ہے کہ جس طرح ہٹلراور نپولین بونا پارٹ کو یو ٹرن نہ لینے پہ طعنے دیے جار ہے تو خود نہ جانے کون سے بوٹی کھا بیٹھے ہیں کہ معاملات کو پوائنٹ آف نو ریٹرن پہ لے جارہے ہیں۔ صرف جہاں مفادات وابستہ ہیں وہاں تو آپ یوٹرن لے رہے ہیں لیکن جہاں بات تبدیلی کی ہے وہاں مستقلاً ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیوں۔

کابینہ کا سائز کم، عہدوں کی بندر بانٹ نہ ہونا، عزیز و اقارب کی تعیناتیاں نہ ہونا، قرض کا مزید تقاضا نہ کرنا، پاکستانی ماہرین کی دنیا سے پاکستان آمد، واضح معاشی ایجنڈا، بڑھتی ہوئی غربت کا خاتمہ، کم آمدنی والے افراد کا معاشی تحفظ، سرکاری ملازمین کا معیار زندگی بلند کرنا، نجی شعبے میں مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات، کاروباری افراد کو پاکستان میں سرمایہ کاری پہ قائل کرنا، عوام دوست بجٹ کی تیاری، مفت علاج کی سہولت، مفت تعلیم کی فراہمی، نچلی سطح سے لے کر اوپری سطح سے کرپشن کا خاتمہ، کرپشن کے خلاف غیر جانبدارانہ جنگ، انتقامی کارروائی نہ ہونا جیسے معاملات اور اسی طرح کے دوسرے بہت سے معاملات پہ تو آپ نے یو ٹرن لے لیا۔

لیکن ملک میں سیاسی استحکام، باہمی مشاورت سے مسائل کا حل، غیر جانبدارانہ احتساب کا عمل، مختلف اہم عہدوں پر تعیناتیاں، ایوان میں وزراء کا رویہ، وزیر اعظم کی ایوان میں حاضری، وزارتوں پہ براجمان حضرات کے لفظی نشتر، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تعیناتی وغیرہ جیسے معاملات میں نہ جانے آپ معاملات کو پوائنٹ آف نو ریٹرن کی طرف کیوں لے جا رہے ہیں۔ جہاں آپ اپنے وعدوں سے پھریں وہاں تو آپ یو ٹرن کو راہنما کی پہچان سمجھیں۔ لیکن جہاں آپ ہٹ دھرمی سے معاملات کو نو ریٹرن پہ لے جائیں وہ آپ کا اُصولی موقف ہو گیا۔ سمجھ نہیں آ رہا کہ پہلی صورت کو درست جانیں یا دوسری صورت پہ یقین کریں۔ معاملات سمجھ سے بالاتر ہیں۔ پوائنٹ آف نو ریٹرن اور یو ٹرن میں فرق جاننے کے لیے بھی راہنمائی لینی پڑئے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).