پاکپتن: رقص پر نہیں ڈائیلاگ کی اداکاری پر پولیس اہلکار معطل


پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع پاکپتن میں ایک پولیس اہلکار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس کو ملازمت سے معطل کردیا ہے۔

منگل کو دو ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ ان میں سے ایک ویڈیو میں ایک پولیس اہلکار ایک‌ خاتون کے ہمراہ رقص کرتے جبکہ دوسری ویڈیو میں پولیس وردی میں ملبوس اہلکار ایک انڈین فلمی ڈائیلاگ بول رہا تھا۔

ایک ویڈیو میں پولیس اہلکار محمد ارشد انڈین اداکار انیل کپور کی سنہ 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم ’شوٹ آؤٹ ایٹ ونڈالا‘ کے ایک ڈائیلاگ پر اداکاری کرتے دکھائی دے رہے ہیں، یہ ڈائیلاگ کچھ یوں ہیں: ’دو وقت کی روٹی کماتا ہوں، پانچ وقت کی نماز پڑھتا ہوں، اس سے زیادہ میری ضرورت نہیں، اور مجھے خریدنے کی تیری اوقات نہیں۔‘

ترجمان ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد آصف نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس وردی میں ملبوس دو ویڈیوز منظرعام پر آئی ہیں۔ ان میں سے ایک ڈائیلاگ والی ویڈیو ایس ایچ او محمد ارشد کی ہے جبکہ دوسری ویڈیو میں دکھائی دینے والا پولیس اہلکار ایک سابقہ ملازم ہے۔

ترجمان ڈی پی او کے مطابق پولیس یونیفام میں ڈائیلاگ بولنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایس ایچ او محمد ارشد کو معطل کرتے ہوئے پولیس ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا شو کاز نوٹس جاری کیا ہے جس کا جواب انھیں سات دن کے اندر جمع کروانا ہوگا۔

ترجمان کے مطابق ایک سٹیج اداکارہ کے ساتھ رقص کرنے والی ویڈیو کم از کم دو سال پرانی ہے کیونکہ اس میں پنجاب پولیس کی پرانی وردی دیکھی جا سکتی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ رقص والی ویڈیو سابقہ ڈی ایس پی امجد کی ہے اور وہ کبھی بھی پاکپتن میں تعینات نہیں رہے۔

دوسری جانب نجی چینل سے بات کرتے ہوئے انسپکٹر ارشد کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیوز ان کے بھتیجے نے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ ‌کی ہیں۔

خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں پاکپتن کی ہی ایک خاتون پولیس اہلکار کے رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ اس ویڈیو میں پولیس اہلکار کو بابا فرید کے دربار پر واقع پولیس چوکی میں رقص کرتے دیکھا جا سکتا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp