اتر پردیش: گاؤکشی کے خلاف مظاہرے میں پولیس اہلکار کی موت


انڈیا کی ریاست اتر پردیش کے ضلع بلندشہر میں پرتشدد ہجوم نے گائے کو ذبح کرنے کے خلاف کیے جانے والے مظاہرے میں ایک پولیس اہلکار کو ہلاک اور دوسرے کو شدید زخمی کر دیا ہے۔

پولیس کے انسپکٹر جنرل رام سنگھ نے بی بی سی سے پیر کو بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعے میں پولیس انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کی موت ہو گئی۔

انڈیا: گاؤ کشی پر پابندی کا مجوزہ قانون معطل

’گائے کو قومی جانور قرار دیا جائے‘

حکام کے مطابق پیر کی صبح پولیس کو خبر ملی کہ چنگراوتی گاؤں میں گاؤکشی ہوئی ہے جس پر پولیس نے فوری قدم اٹھایا۔ اس دوران چند افراد نے روڈ بلاک کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی تھی لیکن اس کے باوجود چند افراد نے مسلسل پولیس پر پتھراؤ جاری رکھا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار کی موت ہوگئی۔

ہلاکت کے بعد پولیس کی بھاری نفری وہاں پر تعینات کر دی گئی۔ اعلی پولیس افسر کرشنا بہادر سنگھ نے کہا کہ ‘پولیس کی بڑی تعداد وہاں موجود ہے اور حالات کو دیکھ رہی ہے۔’

پولیس کے انسپکٹر جنرل رام سنگھ نے مزید بتایا کہ اس واقعے میں ایک اور پولیس افسر زخمی بھی ہو گیا تھا لیکن اس کی حالت اب بہتر ہے۔

مقامی صحافی سمیت شرما کے مطابق یہ مظاہرے ہندو جماعت کی جانب سے گاؤکشی کے الزام میں کیے جا رہے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32494 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp