سونالی بیندرے کینسر کو شکست دے کر امریکہ سے مسکراتی ہوئی واپس آئیں


بالی وڈ کی اداکارہ سونالی بیندرے اپنی اسی پرکشش آنکھوں اور پرکشش مسکراہٹ کے ساتھ ممبئی کے انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر نظر آئیں۔

لیکن اس بار فرق صرف اتنا تھا کہ ان کے سر پر بال نہیں تھے اور اس کا سبب کینسر جیسے موذی مرض کے علاج کے لیے ان کا مہینوں امریکہ میں رہنا تھا۔

انھوں نے ہاتھ جوڑ کر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کے ساتھ ان کے شوہر گولڈی بہل بھی تھے جنھوں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ‘سونالی صحتیاب ہو رہی ہیں لیکن انھیں مستقل چیک اپ کرانے کی ضرورت ہے۔’

انڈیا واپس آنے سے قبل سونالی بیندرے نے انسٹاگرام پر جذباتی انداز میں ایک پوسٹ لکھا: ‘لوگ کہتے ہیں کہ دوریاں دلوں میں پیار پیدا کرتی ہیں۔ ہاں ایسا ہوتا ہے، لیکن فاصلوں سے جو سبق ملتا ہے اسے بھی کم شمار نہیں کیا جا سکتا۔’

https://www.instagram.com/p/Bq4BuMeB82p/?utm_source=ig_web_copy_link

‘میں جب گھر سے دور نیو یارک شہر میں تھی تو مجھے احساس ہوا کہ میں بیک وقت کتنی ساری کہانیوں کے ساتھ جی رہی ہوں۔ ان میں سے ہر ایک اپنے انداز میں اپنی کہانی لکھنے کی کوشش کر رہی تھی۔ ہر کوئی جدوجہد کر رہی تھی اور کوئی بھی ہمت ہارنے کے لیے تیار نہیں تھی۔ سب ایک ساتھ ہی جہد مسلسل میں لگی تھی۔‘

‘اب میں ان راہوں پر واپس جا رہی ہوں جہاں میرا دل ہے۔ یہ ایک ایسا احساس ہے جسے میں الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی لیکن پھر بھی میں کوشش کر رہی ہوں۔ اپنے رشتہ داروں اور دوستوں کو ایک بار پھر دیکھنے کی خوشی، جو مجھے پسند ہے اسے کرنے کا جوش اور بطور خاص اس لمحے تک جو سفر رہا ہے اس کے لیے احساس تشکر۔’

انھوں نے مزید لکھا: ‘جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ہے ۔۔۔ لیکن میں خوش ہوں اور خوشی کے اس وقفے کا استقبال کر تی ہوں۔ یہ وقت ہے یہ جاننے کا کہ ہمارے سامنے ایک نیا معمول ہے اور میں اسے بغل گیر ہونے کے لیے بے صبری ہوئی جا رہی ہوں۔ سورج کی روشنی میں نہانے کے لیے، کھیلنے کے لیے، زندگی بھر کی مہم کے لیے۔ اور جس طرح زندگی کی میری مہم جوئی جاری ہے کرس مارٹن کے الفاظ میں یہ صادق نظر آتی ہے کہ ‘جو آپ چاہتے ہیں وہ صرف ایک خواب کے فاصلے پر ہے۔ اس دباؤ اور اس وزن کے نیچے ہم ہیروں کی طرح نکھرتے ہیں۔۔۔’

سونالی کی اس پوسٹ کو ایک لاکھ سے زائد لوگوں نے ‘پسند’ کیا ہے اور اس پر 1،500 سے زائد کمنٹس کیے گئے ہیں۔

لوگوں نے سونالی کی واپسی کا کھلے دل کے ساتھ خیر مقدم کیا اور صحت میں بہتری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر سونالی کے صحت یاب ہوکر انڈیا واپس آنے کی خبر گرم ہے۔

جولائی میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی

سونالی بیندرے نے رواں سال جولائی میں اپنے کینسر کے مرض کے بارے میں انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ میں بتایا تھا کہ انھیں ہائی گریڈ کینسر ہے۔

https://www.instagram.com/p/BkzNkCulnEC/?utm_source=ig_web_copy_link

انہوں نے لکھا تھا: ‘حال ہی میں طبی جانچ کے بعد پتہ چلا ہے کہ مجھے ہائی گریڈ میٹاسٹیٹس کینسر ہے۔ مجھے کبھی اس کا گمان بھی نہیں گزرا تھا۔ مسلسل درد سے گزرنے کے بعد میں نے طبی جانچ کرائی جس کی پریشان کن رپورٹ سامنے آئی۔‘

سونالی بیندرے علاج کے دوران سوشل میڈیا اور بطور خاص انسٹاگرام پر سرگرم رہیں اور وقفے وقفے سے اپنے علاج کے علاوہ اپنے مداحوں سے اپنے دل کی بات بھی شیئر کرتی رہیں۔

اس کے علاوہ کیموتھراپی کے بعد اپنی بغیر بالوں والی تصاویر بھی پوسٹ کرتی رہیں اور اپنے نئے لک اور اپنی حقیقت سے انکار نہیں کیا۔

لوگوں کو ان کا یہ کھلا انداز بہت پسند آیا اور انھوں نے سونالی کی روشن خیالی کی تعریف بھی کی۔

کینسر کے مرض پر فتح پانے والی اور انڈین کینسر سوسائٹی میں کام کرنے والی رینوکا پرساد نے بی بی سی کو بتایا کہ اس طرح سیلبریٹیز کا ‘ایسے ممنوعہ موضوعات’ پر کھل کر بات کرنا ‘خوش آئند تبدیلی’ ہے۔

انھوں نے کہا: ‘بہت سے مریضوں کو اس مرض میں مبتلا لوگوں کی کہانیاں عام طور پر سننے کو نہیں ملتی ہیں اور جب وہ سونالی بیندرے جیسے لوگوں کو زندگی کا جشن مناتے دیکھتے ہیں تو انھیں بہت حوصلہ ملتا ہے۔۔۔ انھیں یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ کینسر کا مطلب موت کا پیغام نہیں ہے۔ اس کے بعد بھی زندگی ہے اور یہ اچھی بھی ہو سکتی ہے۔’

https://www.instagram.com/p/BlZzn-uFWnd/?utm_source=ig_web_copy_link

ہائی گریڈ میٹاسٹیٹس کینسر کیا ہے؟

دارالحکومت دہلی کے اپولو ہسپتال میں اونکولوجی شعبے کی سربراہ ڈاکٹر سپنا ناگیا نے بتایا: ‘میٹاسٹیٹس کینسر کا مطلب یہ ہے کہ اس جگہ کینسر کے خلیے موجود نہیں ہیں جہاں سے کینسر پیدا ہوا تھا۔ وہ جسم کے دوسرے اعضاء میں پھیل چکا ہوتا۔’

ممبئی کے ٹاٹا میموریل کینسر ہسپتال کے ڈاکٹر آشوتوش ٹونڈرے کے مطابق: ‘میٹاسٹیٹس کینسر سے یہ مطلب ہرگز نہ اخذ کریں کہ کینسر کس مرحلے میں ہے۔ اس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ کینسر کے خلیے جسم کے دوسرے حصے میں پھیل رہے ہیں۔’

https://www.instagram.com/p/BnYbpPeFR-I/?utm_source=ig_web_copy_link

فلم شائقین کے دلوں پر راج

سونالی بیندرے نے ماڈلنگ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ پھر ایک ریئلٹی شو ‘سٹارڈسٹ ٹیلنٹ سرچ’ میں منتخب ہونے کے بعد سونالی کے لیے فلموں میں جانے کا راستہ ہموار ہوا۔

سونالی نے سنہ 1994 میں فلم ‘آگ’ سے بالی وڈ میں قدم رکھا اور انھیں ‘نیو فیس آف دا اییر’ کے لیے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اگلے چند سالوں میں سونالی نے ‘سرفروش’، ‘دل جلے’، ‘بامبے’، ‘ بھائی’، ‘ہم ساتھ ساتھ ہیں’ اور ‘کل ہو نہ ہو’ جیسی فلموں میں کام کیا۔

سیاہ ہرن کے شکار کے جس معاملے میں سلمان خان کے خلاف ایک مدت تک مقدمہ چلتا رہا اس میں سونالی کا بھی نام آیا تھا۔

https://www.instagram.com/p/BmFeJ02FPWj/?utm_source=ig_web_copy_link

سونالی بعض ریئلٹی شوز میں بطور جج بھی نظر آئيں اور انھوں نے سنہ 2002 میں گولڈی بہل سے شادی کر لی۔

کینسر کے متعلق سٹارز کا مثبت رویہ

گذشتہ چند سالوں میں بالی وڈ سٹارز اور کھلاڑی اپنی بیماریوں اور بطور خاص کینسر کے بارے میں کھل کر بات کر رہے ہیں۔

اس سے پہلے اداکار عرفان خان اور کرکٹر یووراج سنگھ نے بھی اپنے کینسر کی بیماری کے بارے میں سوشل میڈیا پر لوگوں سے براہ راست بات کی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp