پنجاب حکومت کی سپریم کورٹ کو سانحہ ماڈل ٹاؤن مقدمے میں تیسری مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کی یقین دہانی


سانحہ ماڈل ٹاؤن

پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ آف پاکستان کو سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق نئی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

یہ یقین دہانی پنجاب کے ایڈوکیٹ جنرل نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ کو کروائی۔

سپریم کورٹ نے ہیومن رائٹس سیل میں دائر درخواست پر نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت اور پاکستان عوامی تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر طاہر القادری کو نوٹس جاری کیا ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس سے متعلق پانچ حقائق

’شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ سات جنوری تک مستعفی ہوں‘

’ماڈل ٹاؤن واقعے کی رپورٹ 30 روز میں شائع کی جائے‘

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق بدھ کو پنجاب کے ایڈوکیٹ جنرل نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ انھیں نئی تحقیقاتی ٹیم بنانے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

واضح رہے کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ ہوگا جس میں تیسری مرتبہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنائی جا رہی ہے۔ اس سے پہلے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق دو مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں بنائی گئی تھیں، جس پر پاکستان عوامی تحریک کی قیادت نے عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔

سپریم کورٹ

قابل ذکر امر یہ ہے کہ ان میں سے ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم طاہر القادری کی درخواست پر ہی بنائی گئی تھی۔ اس درخواست میں جو ملزمان ہیں ان میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے بھائی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، حمزہ شہباز کے علاوہ اس وقت کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور متعدد وفاقی وزرا سمیت اس وقت کے پنجاب پولیس کے سربراہ مشتاق سکیھرا شامل ہیں۔

یہ مقدمہ پہلے ہی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں زیر سماعت ہے اور اس مقدمے میں پنجاب پولیس کے سابق سربراہ مشتاق سکھیرا پر فرد جرم بھی عائد کی جا چکی ہے۔

آج سماعت کے دوران عدالت نے طاہر القادری سے استفسار کیا کہ انھوں نے مقدمہ درج کروانے کے لیے جو احتجاج کا طریقہ اختیار کیا وہ ٹھیک نہیں تھا۔

بینج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کی طرف سے ڈی چوک میں دھرنے کے سبب نہ صرف عام عوام بلکہ ججز کو بھی عدالتوں تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہوا۔

طاہر القادری

چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس کے دوران طاہر القادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ انصاف کے حصول کے لیے جس ادارے (فوج) کی طرف دیکھ رہے تھے اس کا انصاف کی فراہمی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

چیف جسٹس نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا سب سے مضبوط ادارہ عدلیہ ہے۔

واضح رہے کہ طاہر القادری اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نامزد ملزم ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے عدالت متعدد بار وارنٹ جاری کرچکی ہے۔

تاہم پنجاب حکومت کے ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو یہ نہیں بتایا کہ یہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کس بنیاد پر بنائی جائے گی اور اس میں کن کن اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔

اس سے پہلے بنائی گئی دو تحقیقاتی ٹیموں میں پولیس کے علاوہ فوج کے خفیہ اداروں آئی ایس آئی اور ایم آئی کے اہکار بھی شامل تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp