مریم اورنگزیب جھوٹی ہیں، کسی سے مخلص نہیں: عطاالحق قاسمی


سابق چیئرمین پی ٹی وی عطا الحق قاسمی نے کہا ہے کہ کچھ لوگ نواز شریف کو پھنسانا چاہتے تھے۔ مریم اورنگ زیب جھوٹی اور کسی سے مخلص نہیں۔

ایک بیان میں عطا الحق قاسمی نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر پرویز رشید عظیم ہیں، انہوں نے سارا ملبہ خود پر لے لیا، نواز شریف کو بچا لیا۔

انہوں نے کہا کہ بطور چیئرمین پی ٹی وی میرے پاس کوئی انتظامی اختیارات نہیں تھے۔ پروگرام کے پرومو تک کا خرچہ میرے کھاتے میں ڈالا گیا، استعفے میں بتایا تھا کہ ان لوگوں کی وجہ سے مستعفی ہورہا ہوں۔

عطا الحق قاسمی نے یہ بھی کہا کہ مریم اورنگ زیب نے میرےخلاف جھوٹا کیس بنایا،میرے خلاف کچھ نہ ملا تو پروگرام کے بجٹ کا کیس بنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ اور پردہ نشیں اور بھی ہیں جنہوں نے مجھ پر گند اچھالا، استعفے سے پہلے نواز شریف کو لکھا کہ ٹولے نے رکاوٹ ڈالی۔

سابق چیئرمین پی ٹی وی نے کہا کہ فیصلے پر اپیل مسترد ہوئی تو جیل جاوں گا، 78 برس کے بوڑھے کو جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دیں۔ عطا الحق قاسمی نے مزید کہا کہ مرنے کے بعد بھی میری کتابیں گواہی دیں گی کہ میں کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).