نیوزی لینڈ بمقابلہ پاکستان: ٹیسٹ سیریز میں فتح کے لیے پاکستان کو 280 رنز درکار


کرکٹ

ہینری نکولز 126 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے

ابوظہبی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن میچ کے آخری روز نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 280 رنز کا ہدف دیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا ہے اور اب سے کچھ دیر پہلے تک بغیر کسی نقصان کے پانچ رنز بنائے ہیں۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 353 رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی ہے۔ جب نیوزی لینڈ نے اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا تو اس وقت ہینری نکولز 126 اور ٹم ساؤتھی 15 کے انفرادی سکور کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے چار، شاہین شاہ آفریدی نے دو اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جمعے کو نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 272 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو سکور میں بغیر کسی رن کے اضافے کے پاکستان کو پہلی کامیابی مل گئی جب حسن علی نے کین ولیمسن کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا، انھوں نے 139 کی عمدہ اننگز کھیلی۔

334 کے مجموعی سکور پر یاسر شاہ نے گرینڈہوم کو پویلین کی راہ دکھائی، انھوں نے 26 رنز بنائے۔ اس کی اگلی ہی گیند پر بی جے واٹلنگ کو بھی یاسر شاہ نے بولڈ کر دیا۔

اس سے قبل میچ کے چوتھے روز کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنائے تھے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اور ان کے ساتھی ہینری نکولز کے درمیان 212 رنز کی شراکت کے ساتھ ان کی ٹیم مضبوط پوزیشن میں آگئی۔

ایک موقعے پر کیویز کی چار وکٹیں 60 رنز پر گر گئی تھیں لیکن چوتھے دن کے اختتام تک نیوزی لینڈ نے چار وکٹوں پر 272 رنز بنا لیے جس سے پاکستانی ٹیم دباؤ میں آگئی۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اور ہینری نکولز کے درمیان 212 رنز کی شراکت ہوئی

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اور ہینری نکولز کے درمیان 212 رنز کی شراکت ہوئی

یاد رہے کہ پاکستان کی پوری ٹیم 348 رنز پر آؤٹ ہوئی جس میں خاص بات اظہر علی اور اسد شفیق کی ڈبل سنچری کی شراکت تھی۔ ان دونوں نے اپنی اپنی انفرادی سنچری بھی مکمل کی لیکن دوسری جانب نیوزی لینڈ کے سپنرز نے زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے کم بیک کیا اور پاکستان کی آخری سات وکٹیں صرف 62 رنز کے عوض حاصل کر لیں۔

خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

ابوظہبی میں ہی کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چار رنز سے شکست دی تھی جبکہ دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ایک اننگز اور 16 رنز سے زیر کر کے سیریز برابر کر دی تھی۔

ٹیسٹ سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 اور تین ہی ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلی گئی تھی جس میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ٹی 20 میچوں کی سیریز میں تین صفر سے شکست دی جبکہ ون ڈے سیریز ایک، ایک میچ سے برابر رہی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp