انڈیا: شادی کے لیے 100 چارٹرڈ طیارے، مہمانوں کی لمبی فہرست


ایشا امبانی

بالی وڈ اداکار انیل کپور اور مادھری دیکشت کی کامیاب ترین فلم ‘تیزاب’ (1988) کا ایک گیت بہت مشہور ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا: ‘اس کو بلایا تو کیا کیا، اس کو بلایا تو کیا کیا، امیتابھ کو بلاؤ تو جانیں!’

اسی طرح ایک سطر تھی ‘سری دیوی کو نچاؤ تو جانیں!’

انڈیا کے شہر ادے پور میں ان دنوں دنیا کے بہت سارے مشاہیر جمع ہیں اور یہ انڈیا کے امیرترین تاجر مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی میں شرکت کے لیے یکجا ہیں۔

جب ‘تیزاب’ فلم ریلیز ہوئی تھی تو مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی پیدا بھی نہیں ہوئی تھیں، لیکن ان کے والد نے شاید اپنی بیٹی کی شادی میں چار چاند لگانے کے لیے بالی وڈ اور ہالی وڈ کے تمام تر سٹارز کو مدعو کر لیا ہے۔

ادے پور میں چند دن قبل اداکارہ پرینکا کی شادی میں بھی بہت دھوم دھام رہی تھی لیکن ایشا کی شادی میں امریکہ کی سابق خاتون اول ہلیری کلنٹن کے ساتھ امریکی گلوکارہ بیونسے بھی موجود ہیں۔

رواں ہفتے ایشا امبانی کی شادی ایک دوسرے ارب پتی کے بیٹے آنند پیرامل سے ہو رہی ہے لیکن شادی کی تقاریب سنیچر سے ہی شروع ہیں۔

مکیش امبانی

مکیش امبانی (بائیں) اپنے اہل خانہ کے ساتھ ایک تقریب میں شرکت کے دوران

مکیش امبانی نے حال ہی میں بالی وڈ اداکاروں دیپکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی میں شرکت کی تھی جبکہ ایشا امبانی پرینکا چوپڑہ کی امریکی گلوکار نک جوناس کے ساتھ شادی میں دلھن کی سہیلی بنی تھیں۔

در اصل شادی بدھ کو ہونی ہے لیکن اس سے قبل دوسری تقریبات میں مشاہیر کا جمگھٹ لگا ہوا ہے۔ اس میں شامل ہونے والے مہمانوں کی فہرست میں ہلیری کے علاوہ میڈیا ٹائيکون ایریانا ہفنگٹن، کرکٹر سچن تنڈولکر اور سٹیل ٹائیکون لکشمی متل بھی شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بالی وڈ کے اداکاروں میں شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، ایشوریہ رائے، پرینکا چوپڑا، سلمان خان، ابھیشیک بچن وغیرہ کو شادی سے پہلے کی تقاریب میں دیکھا گیا ہے۔

میڈیا کے مطابق مہمانوں کو شادی کی مختلف تقاریب میں شرکت کے لیے 100 چارٹرڈ طیاروں سے لایا گيا ہے۔

سیلیبریٹیز، انٹرٹینمنٹ پر لکھنے والے صحافی، لائف سٹائل میگزن نے شادی کی سرگرمیوں پر نظر رکھی ہوئی ہے اور وہ سوشل میڈیا پر انھیں شیئر بھی کر رہے ہیں۔

اتوار کی شب امریکی گلوکار بیونسے نے سنگیت کی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور انھوں نے اپنی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی ہے جس میں وہ زروجواہر سے بنے لباس میں نظر آ رہی ہیں۔

ان کی شرکت کے بارے میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انھوں نے اس کی قیمت لی ہوگی لیکن امبانی کے لیے یہ کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

مکیش امبانی ریلائنس انڈسٹریز کے مینیجنگ ڈائریکٹر ہیں اور ان کی دولت کا انداز 47 ارب امریکی ڈالر لگایا جاتا ہے۔

اس سے قبل انڈیا کے کسی تاجر کی شادی میں اس قدر دھوما دھام سنہ 2004 میں دیکھی گئی تھی جب لندن میں مقیم ہندوستانی تاجر لکشمی متل نے اپنی بیٹی کی شادی فرانس کے تاریخی محل پیلس آف ورسائے میں کی تھی۔ اس موقعے پر خاندانی دوستوں کو تحفے بھی دیے گئے تھے اور شادی کا مجموعی بل تقریباً ساڑھے پانچ کروڑ امریکی ڈالر آیا تھا۔

نومبر سنہ 2016 میں ایک شادی اس وقت سرخیوں میں آئی تھی جب نوٹ بندی کے دوران انڈیا کی معروف کاروباری شخصیت اور سابق وزیر جی جناردھن ریڈی کی بیٹی برہمنی کی شادی پر پانچ ارب انڈین روپے کا خرچ آیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp