لائنل میسی کے ریٹائر ہونے پر آفریدی کی دھلائی


\"adnan-khan-kakar-mukalima-3\"

ادھر سات سمندر پار کوئی ارجنٹائن نامی ملک ہے۔ وہاں غربت کافی زیادہ ہے، اور ان پر برطانیہ نے حکومت بھی نہیں کی، اس وجہ سے وہ معززین کے کھیل کرکٹ کی بجائے فٹ بال کھیلتے ہیں۔

آج علم ہوا کہ ادھر کوئی فٹ بالر بہت مشہور ہو چلا تھا، نام اس کا لائنل میسی تھا۔ اسے اس کے خوشامدی اس نسل کا عظیم ترین کھلاڑی قرار دیتے تھے اور اس سے بڑھ کر تاریخ کے عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں بھِی اس کا نام لینے سے نہیں کتراتے تھے۔

ہمیں ایک آدھ بار اس کا کھیل دیکھنے کا اتفاق ہوا۔ یہ بات تو خیر ہم بھی مانتے ہیں کہ مخالف کھلاڑیوں کو وہ ویسے ہی ڈاج دیتا تھا جیسا اپنا ہاکی کا شہباز سینئیر دیا کرتا تھا۔ لیکن اتفاق ہے کہ جب بھی اسے ورلڈ کپ یا ایسا کوئی دوسرا ٹورنامنٹ کھیلتا دیکھنے کا اتفاق ہوا، تو اس کی ٹیم ہار جاتی، حالانکہ پہلے اچھا بھلا جیت رہی ہوتی تھی۔ غالباً وہ ٹیم کے لیے کچھ کچھ نحوست کا باعث ہو گا۔ اس کو خود بھی یہی گمان ہے۔

\"messi_ap-m\"

ابھی کل پرسوں ادھر جنوبی امریکہ میں کوپا امریکہ نامی مقابلہ چل رہا تھا۔ وہاں فائنل میں پنلٹی کک اس نے گول سے باہر پھینک دی اور پھر حیا سے چہرہ اپنے ہاتھوں میں چھپا لیا۔ اس کے بعد اس نے ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا۔ کچھ یوں بیان دیا ہے اس نے۔۔۔۔

’یہ ناقابل یقین ہے کہ ہم اسے نہیں جیت سکتے۔ یہ ہمارے ساتھ دوبارہ ہوا ہے، اور وہ بھِی پنلٹی ککس پر۔ یہ مسلسل تیسرا فائنل ہے۔ ہم نے کوشش کی۔ ہم نے کوشش کی اور یہ ہمارے لیے نہیں تھا۔ لاکر روم میں بیٹھ کر میں یہی سوچتا رہا کہ قومی ٹیم میرے لیے نہیں ہے۔ اس وقت مجھے یہی لگ رہا ہے۔ صدمے کی بات ہے کہ یہ بات کہ میں نے ایک بہت اہم پنلٹی کک مس کر دی ہے، میرے ساتھ دوبارہ یہی ہو گئی ہے۔ یہ سب کے لیے بہتر ہے۔ یہ کافی نہیں ہے کہ ہم فائنل تک پہنچ جائیں لیکن جیت نہ پائیں۔ چار فائنل ہو چکے ہیں۔ یہ (کپ) میرے لیے نہیں ہے۔ میں نے اعزاز جیتنے کی کوشش کی۔ میں یہ (جیت) سب سے زیادہ چاہتا تھا۔ بدقسمتی سے یہ ہو نہ سکا، لیکن میرا خیال ہے کہ بس اب بہت ہو گیا ہے۔‘

\"messi\"

اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر تہلکہ مچ گیا۔ میسی کا نام ٹرینڈ کرنے لگا۔ اور پیچھے پیچھے ہی شاہد آفریدی کا نام بھی تھا۔ ایران، توران، ہندوستان، پاکستان غرض ہر جگہ ہی شاہد آفریدی کے نام کا غلغلہ مچ گیا حتی کہ ایک بندے نے پوچھ ہی لیا کہ ’شاہد آفریدی کیوں ٹرینڈ کر رہا ہے؟ کیا آج اس کی سترہویں سالگرہ وغیرہ جیسا کچھ ہے؟‘۔ ایک کنفیوز سی بی بی پکاری ’اوہ، لگتا ہے کہ شاہد آفریدی نے بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے‘۔

ایک صاحب نے رائے دی ’میسی کے پاس واپسی کا ایک ہی چانس ہے، اور وہ یہ ہے کہ وہ آفریدی کو فرینڈ ریکویسٹ بھیج دے‘۔ ایک دل جلے نے صدا دی ’جب شاہد آفریدی نے پہلی مرتبہ ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا، تو اس وقت میسی نے اپنا پہلا میچ کھیلا تھا‘۔ ایک دکھی مداح نے کہا ’پلیز میسی، شاہد آفریدی کی طرح ہی کرو۔ کوئی ہے جو میسی کو آفریدی کے بارے میں بتائے؟‘۔

\"afridi4\"

ایک شخص نے طنز کیا ’بہت اچھا فیصلہ میسی بھائی، میں انتیس سال کا ہو جاؤں گا تو میں بھی ریٹائر ہو جاؤں گا۔۔۔از شاہد آفریدی‘۔ ایک آواز آئی ’اب صرف شاہد آفریدی ہی ہیں جو کہ ارجنٹائن کو بچا سکتے ہیں‘۔

ایک صاحب تو آفریدی کے بہت بڑے مداح نکلے۔ کہنے لگے کہ ’میسی پلیز شاہد آفریدی کی طرح ریٹائر ہو جاؤ۔ وہ ہر سال ریٹائر ہوتا ہے، لیکن ہر ریٹائرمنٹ کے بعد واپس آ جاتا ہے‘۔

لیکن غضب تو اس شخص نے ڈھایا جس نے لائنل میسی کی طرف سے ایک ٹویٹ کر ڈالی ’رپورٹر: کیا آپ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے؟ میسی: نہیں۔ بخدا میں شاہد آفریدی نہیں ہوں‘۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments