وزیر ٹیکس – کنہیا لال کپور


نئے ٹیکس! گستاخی معاف! میں نے ذرابھنا کر کہا۔ پہلے ہی آپ نے ٹیکس لگالگا کر عوام کی کمر کبڑی کر دی ہے، خدا را نئے ٹیکس لگانے کے اراد ے سے باز آئیے۔
عوام پر ٹیکس ؟ کیسی باتیں کرتے ہیں آپ۔ میں نے تو عوام پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا۔ یہ صحیح ہے میں نے تمباکو پر ٹیکس لگایا، پان پر لگایا لیکن عوام تمباکو ہیں نہ پان۔

ظالم! میں نے وزیر ٹیکس سے ذر ابھی مرعوب نہ ہوتے ہوئے کہا۔ یہ ٹیکس عوام پر ہی تو ہیں۔ عوام پان یا تمباکو کو نہ سہی۔ لیکن پان کھاتے اور تمباکو پیتے تو ہیں۔
یہ اور بات ہے۔ اچھا چھوڑئیے یہ قصہ، اب جلدی جلدی بتائیے کہ کون سے نئے ٹیکس؟

آپ ٹیکس لگالنے پر مصر ہیں؟
بالکل۔

اچھا تو سگائی کے متعلق کیا خیال ہے؟
سگائی؟ کس کی سگائی؟ میری یا آپ کی؟

ہا ہا ہا واہ وزیر ٹیکس صاحب! آپ ہیں تو وزیر۔ لیکن معاف کیجئے گا۔ ہیں نرے کا۔
بس بس آگے مت کہئے۔ میں آپ کا مطلب سمجھ گیا۔ لیکن۔ لیکن سگائی کا ٹیکس سے کیا تعلق ہے۔ یہ سمجھ میں نہیں آیا۔

میرا مطلب ہے سگائی ٹیکس۔
اچھا۔ اچھا سگائی ٹیکس۔ خوب، خوب! بہت دور کی سوجھی۔ بھئی واہ کیا بات ہے۔ سگائی ٹیکس۔ واقعی آپ ذہین ترین آدمی ہیں۔

آپ کی ذرہ نوازی ہے۔
اچھا بھلا اندازاً بتائیے۔ آپ کے ملک میں ہر سال کتنی سگائیاں ہوتی ہیں؟

یہ تو کسی پنڈت سے دریافت کیجئے۔

نہیں نہیں مذاق چھوڑئیے بتائیے۔
کوئی دس بارہ لاکھ۔

ٹھیک اگر ہر سگائی پر دس روپے ٹیکس لگایا جائے تو ایک کروڑ سے کچھ زیادہ آمدنی ہو سکتی ہے اچھا اور کوئی ٹیکس تجویز کیجئے۔

پیدائش ٹیکس۔
بہت خوب، بہت خوب، میرے خیال میں اپنے ملک میں ہر سال پچاس لاکھ نئے بچے پیدا ہوئے ہیں۔ پانچ روپیہ فی بچہ ٹیکس ٹھیک رہے گا۔

زیادہ ہے غریب لوگ نہیں دے سکیں گے۔
تو پونے پانچ کر دیجئے۔ پچاس لاکھ ضرب پونے پانچ۔ کافی آمدنی ہو سکتی ہے۔ اب آگے چلئے۔

کفن ٹیکس۔
ہاں ہاں کفن ٹیکس! کیوں نہیں، اگر پیدائش ٹیکس لگ سکتا ہے تو کفن ٹیکس لگانے میں کیا مضائقہ ہے۔ اس ٹیکس سے بھی پچاس ساٹھ لاکھ کی رقم دستیاب ہو سکتی ہے۔ چلئے یہ بھی نوٹ کر لیا اور؟

بکری ٹیکس۔
مطلب؟

مطلب یہ کہ جو شخص بکری پالے، اس پر ٹیکس لگایا جائے۔ آپ جانتے ہیں کہ آج کل گائے یا بھینس پالنے کی بہت کم لوگوں کو توفیق ہے۔
ٹھیک ہے، ٹھیک ہے، لیکن میرے خیال میں اس ٹیکس کا دائرہ ذراوسیع ہونا چاہیے۔ کتنے ہی لوگ مرغیاں، بٹیریں، بطخیں، طوطے، کتے، بلیاں اور چوہے بھی تو پالتے ہیں۔

تو چلئے بکری ٹیکس کے علاوہ بٹیر ٹیکس، چوہا ٹیکس اور مرغی ٹیکس بھی لگا دیتے ہیں۔ اچھا اب کوئی ایسی چیز بتائیے جسے ہر شخص استعمال کرتا ہو۔ میری رائے میں اگر اس پر ٹیکس لگایا جائے تو معقول آمدنی ہو سکتی ہے۔

سوچنا پڑے گا۔
ہاں ہاں دو تین منٹ سوچ لیجیے۔ میں اتنے میں سگریٹ پیتا ہوں۔

دو تین منٹ کے واقفے کے بعد میں نے کہا۔ میرے خیال میں ایسی صرف دو چیزیں ہیں۔
فرمائیے۔

شیشہ اور کنگھا۔
شیشہ اور کنگھی! وزیر ٹیکس نے کرسی پر اچھلتے ہوئے کہا۔ آپ واقعی ذہین ترین آدمی ہیں۔ شیشہ اور کنگھی اور! گنگھی اور شیشہ۔ کیا بات ہے واللہ!

اگر آپ ان دونوں پر ٹیکس لگا دیں۔ چاہے معمول سا تو کروڑوں کی آمدنی ہو سکتی ہے۔
کروڑوں؟ وارے نیارے ہو جائیں گے۔ اچھا اب ایک منٹ کے لیے دماغ کو پھر آزمائش میں ڈالئے اور پھر سوچ کر بتائیے کہ کوئی ایسی چیز رہ تو نہیں گئی جس پر ٹیکس نہیں لگایا۔ آپ بھی سوچئے میں، بھی سوچتا ہوں۔

چند ثانیے ہم دونوں خاموش بیٹھے سوچتے رہے۔ معاً وزیر ٹیکس نے کہا، ایک چیز کا تو مجھے پتا چل گیا ہے۔ باقی آپ بتا دیجئے۔

وہ کون سی چیز ہے؟
برف!
برف؟

ہاں ہاں بھئی برف! جانتے نہیں گرمی کے موسم میں ہر آدمی برف استعمال کرتا ہے۔ خوب! بہت خوب! میں نے وزیر ٹیکس کی ذہانت کی داد دیتے ہو ئے کہا۔ اچھا اب آپ کہئے، آپ نے کیا سوچا ہے؟

میرے خیال میں تو ابھی بہت سی چیزیں باقی ہیں۔ مثال کے طور پر غرارہ۔
آپ کا مطلب ہے ریشمی غرارہ؟

ہاں؟
اس پر ٹیکس نہیں لگایا جا سکتا۔
کیوں؟

اس لیے کہ۔ ۔ ۔ وزیر ٹیکس نے راز دارانہ لہجے میں کہا۔ شری متی جی پہنتی ہیں۔
تو رہنے دیجئے، حنا کے متعلق کیا خیال ہے؟
حنا پر ٹیکس لگایا جا سکتا ہے۔ شری متی جی کو خاص طور سے حنا ء سے نفرت ہے۔

خضاب!
خضاب پر ٹیکس لگانا ٹھیک نہیں رہے گا۔ والد محترم خضاب لگاتے ہیں۔ خضاب کے علاوہ کوئی اور چیز بتائیے۔

عینک چھتری، بٹوہ، چاقو، چمچہ، دیگچی، لحاف، رضائی، تکیہ، تولیہ، جھومر، نتھ، بازوبند، گھڑی، فونٹین پین، ہلدی، مرچ، دارچینی، گرم مصالحہ۔
بس بس کافی ہیں۔ میرے خیال میں ننانوے کروڑ کا خسارہ پورہ ہو جائے گا۔

اگر اب بھی پورانہ ہوا تو پھر دھوپ اور پانی پر بھی ٹیکس لگا دیجئے گا۔
نہیں نہیں۔ میرے خیال میں اس سال یہ نوبت نہیں آئے گی۔ اگلے سال دیکھا جائے گا۔ اچھا تو اب مجھے اجازت دیجئے؟
بہت بہت شکریہ۔ وزیر ٹیکس نے مجھ سے بغل گیر ہوتے ہوئے فرمایا۔ آپ کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ آپ نہ صرف ذہین بلکہ ذہین ترین آدمی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

صفحات: 1 2