ہم تو کھل کر رو بھی نا سکے : نواز شریف


ایک وقت تھا جب سابق وزیراعظم نواز شریف نیب ریفرنسز کے سلسلے میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کافی معاملات پر کھل کر بات کیا کرتے تھے، لیکن اب معاملہ کچھ مختلف ہے اور نواز شریف کچھ خاموش نظر آتے ہیں، جسے صحافیوں نے بھی محسوس کیا۔

آج بھی سابق وزیراعظم نواز شریف نیب ریفرنس کے سلسلے میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

پیشی کے بعد احتساب عدالت کے باہر صحافیوں نے انہیں گھیر لیا اور سوال کیا کہ ’آپ کا ہنسنا بہت کم ہوگیا ہے اور آپ کھل کر بات بھی نہیں کرتے۔ ‘

جس پر نواز شریف نے صحافی کو جواب دیا، ’ہنسنا کیسا؟ ہم تو کُھل کر رو بھی نا سکے‘ ۔

بعدازاں گاڑی میں بیٹھتے ہوئے سابق وزیراعظم پلٹے اور صحافیوں کو مخاطب کرکے کہا، ’میں معافی چاہتا ہوں، مختصر سا جواب دیا ہے، مگر دل سے دیا ہے‘ ۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ سے متعلق ہیں۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے رواں برس 6 جولائی کو نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو سزا سنائی گئی تھی اور وہ اڈیالہ جیل میں قید تھے، تاہم 19 ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے تینوں کی سزائیں معطل کرکے انہیں رہا کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔

تاہم العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس تاحال زیرِ سماعت ہیں اور سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کو دونوں ریفرنسز 24 دسمبر تک نمٹانے کا حکم دیا ہے۔
بشکریہ جیو نیوز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).