خواجہ سعد اور خواجہ سلمان رفیق کو نیب نے حراست میں لے لیا


خواجہ سعد رفیق

پاکستان میں احتساب کے قومی ادارے نیب نے پیراگون ہاؤسنک سوسائٹی کے سکینڈل میں مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی کو گرفتار کر لیا ہے۔

نیب کے ترجمان نے بی بی سی اردو کے شہزاد ملک سے بات کرتے ہوئے ان دونوں رہنماؤں کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق نے لاہور ہائیکورٹ میں گرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست دے رکھی تھی جو منگل کو ہونے والی سماعت میں مسترد کر دی گئی جس کے بعد ہائیکورٹ کے احاطے ہی سے دونوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

نیب کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق خواجہ سعد رفیق پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنی غیر حقیقی خریدار اہلیہ اور بھائی خواجہ سلمان رفیق کے ساتھ قیصر امین بٹ اور ندیم ضیا کے ساتھ مل کر ایئر ایونیو کے نام سے ایک ہاؤسنگ منصوبہ شروع کیا۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

آشیانہ کیس: شہباز شریف جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

کیا نیب کبھی آزاد تھا؟

ضمنی الیکشن: پی ٹی آئی، نواز لیگ کی چار چار نشستیں

نیب کے مطابق ایئر ایونیو کو بعد میں ایک نئے ہاؤسنگ منصوبے پیراگون سٹی سے بدل دیا گیا اور ریکارڈز کے مطابق پیراگون سٹی ایک غیر قانونی منصوبہ ہے۔

نیب نے اپنی چارج شیٹ میں مزید کہا کہ ملزم اپنا غیر قانونی ہاؤسنگ منصوبہ اپنے ساتھیوں کے ذریعے چلا رہا ہے اور ملزمان لاہور کے ترقیاتی ادارے ایل ڈی اے کی جانب سے واضح طور پر منصوبے کو غیرقانونی قرار دینے کے باوجود عام عوام سے رقوم لے رہے ہیں۔

نیب کے مطابق ملزم مسلسل غیر قانونی فنڈز اور غیر قانونی فوائد مجوزہ منصوبے سے حاصل کر رہا ہے اور اس نے 40 کنال کے پلاٹس اپنے اور اپنے بھائی کے نام پر حاصل کیے ہیں۔

نیب نے کہا کہ ملزم نے اس غیر قانونی منصوبے میں توسیع اور تشہیر کے لیے عوامی عہدے کا استعمال کیا اور کمرشل پلاٹوں کی فروخت سے اربوں روپے کے فوائد حاصل کیے جو کہ اصل میں پیراگون سٹی کی ملکیت نہیں تھے اور بدعنوانی پر مبنی اس اقدام اور کرپٹ پریکٹس کے ذریعے خریداروں کو دھوکہ دیا گیا۔

نیب نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا ہے کہ ملزم شواہد میں ردوبدل کر سکتا ہے اور اس کے ساتھ کہا کہ گرفتاری لازمی تھی تاکہ کرپشن کے ذریعے حاصل کردہ رقم کو برآمد کیا جا سکے اور شواہد حاصل کیے جا سکیں تاکہ قانون کے تحت تحقیقات کو مکمل کیا جا سکے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کو بھی نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار کر رکھا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp