روپے کی قدر برقرار رکھنے کے لیے آٹھ ارب ڈالر خرچ


پاکستان

پاکستان کے ایوان بالا سینیٹ کو جمعہ کو بتایا گیا کہ گذشتہ حکومت نے ڈالر کی قدر کو مصنوعی طور پر کم رکھنے کے لیے ملک کے زر مبادلہ کے ذخائر سے آٹھ ارب ڈالر کی رقم خرچ کی تھی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان کی طرف سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں حالیہ دنوں میں تیزی سے کمی کے بارے میں ایک توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے محصولات کے وزیر مملکت حماد اظفر نے بتایا کہ موجود حکومت کو ورثہ میں ملنے والی معیشت انتہائی بری حالت میں تھی۔

یہ بھی پڑھیے

ڈالر پاکستانی تاریخ کی بلند ترین سطح پر

پاکستانی روپیہ بھارتی اٹھنّی کے برابر

پاکستان کے زرمبادلہ کےذخائر کم ہو کر 12 ارب ڈالر رہ گئے

حکومت کی طرف سے معیشت کو بہتر کرنے کی بھرپور کوششوں کرنے کے دعوی کو دھہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال دسمبر میں ڈالر کی قیمت ایک سو چار روپے کی تھی جبکہ مئی میں روپے کی قدر گر کر ڈالر کےمقابلے میں ایک سو چوبیس روپے پر پہنچ گئی اور جون میں اس میں مزید گراوٹ دیکھنے میں آئی اور ڈالر ایک سو انتیس کا ہو گیا۔

انھوں نے روپے کی قدر میں مزید کمی کے بارے میں گورنر اسٹیٹ بینک کے ایک بیان کی وضحات کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ نہیں ہو گا۔

وزیر مملکت کا بیان ابھی مکمل نہیں ہوا تھا کہ ایوان میں کورم کی نشاندھی کر دی گئی جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی کو کچھ دیر کے لیے روکنا پڑ گیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ حکومت کے دور ملکی تجارتی خسارے میں شدید اضافہ کی وجہ سے پاکستان کو زرمبادلہ کی شدید کمی کا سامنا ہو گیا تھا۔

موجودہ حکومت کو زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر کرنے کے لیے فوری طور بارہ ارب ڈالر کی ضرورت تھی جس کو پورا کرنے کے لیے سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارات اور ملیشیا سے مالی تعاون کی مدد کی درخواست کی گئی تھی۔

اس صورت حال کو بہتر کرنے کے لیے حکومت نے آئی ایم ایف سے بھی رجوع کیا تھا اور اس سے آٹھ ارب ڈالر کے امدادی تعاون حاصل کرنے کے لیے بات چیت چل رہی ہے جس کا پہلا دور مکمل ہو چکا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp