شوبز ڈائری: شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان ہیرو نہیں بننا چاہتے


شاہ رخ، گوری اور ان کے بیٹے آرین

شاہ رخ خان، ان کی اہلیہ گوری خان اور ان کے بیٹے آرین کو یہاں دیکھا جا سکتا ہے

بالی وڈ میں جہاں شاہ رخ، سلمان، عامر اور اکشے کمار جیسے بڑے بڑے سپر سٹارز آج بھی کامیابی کے ساتھ ڈٹے ہوئے وہیں دوسری جانب انڈسٹری کی نئی نسل بھی اپنی پہچان بنانے میں مصروف ہے اور سٹارز کے بچے اب ان کی جگہ لینے کے لیے تیار ہیں۔

ڈیوڈ دھون کے بیٹے ورون دھون، آدتہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی کے ساتھ سنیل شیٹی کے بیٹی عطیہ شیٹی کے بعد حال ہی میں سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور اور سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان نے فلمی دنیا میں قدم رکھا ہے۔

اب تمام نظریں سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم علی خان، عامر خان کے بیٹے جنید اور ان سب سے بڑھ کر شاہ رخ خان کے بچے آرین اور سہانا پر ہیں۔ لیکن اس ہفتے اپنی فلم زیرو کی پروموشن کے دوران شاہ رخ نے ایک انکشاف کیا۔

شاہ رخ کا کہنا تھا کہ انکی بیٹی سہانا کا رجحان ایکٹنگ پر ہے اور وہ اس سلسلے میں پڑھائی بھی کر رہی ہیں لیکن ان کے بیٹے آرین خان ایکٹنگ میں بلکل بھی دلچسپی نہیں رکھتے بلکہ فلسماز بننا چاہتے ہیں۔ شاہ رخ کا کہنا تھا کہ انھوں نے ہمیشہ سے ہی اپنے بچوں کو اس بات کی آزادی دی ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں۔

سارہ علی خان کی فلم ’کیدار ناتھ‘ دو دن میں 32 کروڑ کا بزنس کر چکی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ فلم لوگوں کو پسند آ رہی ہے۔

حالانکہ فلم پر اعتراض اٹھا کر اسے متنازع بنانے کی کوشش کی گئی اور ریاست اتراکھنڈ کے کچھ اضلاع میں اس پر یہ کہہ کر پابندی لگا دی گئی کہ اس فلم سے ’لو جہاد‘ کو بڑھاوا ملے گا کیونکہ فلم میں ہیروئن ہندو اور ہیرو کو مسلمان دکھایا گیا ہے۔

اس حوالے سے پہلے تو سارہ یہ کہہ بیٹھیں کہ لوگوں کا یہ خیال غلط ہے اور اس کے بعد اپنی فلم پر لوگوں کا ردِ عمل جاننے کے لیے وہ برقع پہن کر سینیما ہال پہنچ گئیں۔ شکر ہے کہ کسی ’بھگت‘ کو ان کے برقع پہننے کی خبر نہیں ملی ورنہ وہ ’لو جہاد‘ کا اپنا دعویٰ درست قرار دیتے۔

می ٹو

بالی وڈ میں ’می ٹو‘ کی مہم نے اپنا اثر دکھانا شروع کر دیا ہے۔ اس مہم کے تحت جہاں بہت سی خواتین اور لڑکیوں نے بڑے بڑے لوگوں کو بے نقاب کرنے کی کوشش کی وہیں انڈسٹری میں انکے بائیکاٹ کا سلسلہ بھی شروع ہوا اور کافی لوگوں نے اس مہم کو سنجیدگی سے لیا۔

اس سلسلے میں سب سے پہلے فلمساز ساجد خان کو آڑے ہاتھوں لیا گیا اور انڈین فلم اینڈ ٹیلی وژن ڈائریکٹرز ایسو سی ایشن نے ساجد خان کی رکنیت کو ایک سال کے لیے معطل کر دیا۔

متعدد خواتین نے ساجد خان پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے تھے جن کی تحقیقات کی گئی تھی۔ ان الزامات کے بعد ساجد خان کو فلم ’ہاؤس فل فور‘ چھوڑنی پڑی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp