جس کی نوکری 3 سال کی ہو، اسے قوم کے فیصلے کرنے کا کوئی حق نہیں: آصف زرداری


سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جس کی نوکری تین سال کی ہو، اسے قوم کے فیصلے کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ہر شخص اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرے۔

حیدر آباد میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ وہ اسلام آباد کے گونگے بہرے لوگوں سے مخاطب ہیں۔ جس کی نوکری صرف تین سال کی ہو، اس کو میری قوم کے فیصلے کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، یہ حق صرف پارلیمنٹ کو ہے۔ مستقبل صرف سیاستدانوں کا ہے۔

کبھی آپ کہاں پہنچ جاتے ہیں ، اور کبھی کہاں پہنچ جاتے ہیں، آپ کا واسطہ کیا ہے؟ نو لاکھ کیسز پھنسے ہوئے ہیں، انہیں حل کریں۔ جس کی آئینی ذمہ داری ہے وہ اسے ادا کرے۔ 73 کا آئین سب سے بڑی چیز ہے۔ آصف زرداری نے موجودہ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان سے سوائے مرغی انڈے کے کچھ کام نہیں ہوتا، اگر اُنہیں عقل نہیں تو اِنہیں کیوں لے کر آئے، اس سے بہتر تھا کہ آپ الیکشن ہونے دیتے اور جو بھی پارٹیاں آتیں وہ لڑ جھگڑ کر قومی حکومت بنا لیتیں۔

سابق صدر نے کہا کہ مجھے کرکٹ نہیں، سیاست آتی ہے اور سیاست کرسکتا ہوں۔ ہم نے اپنے دور کے پہلے 100 روز میں مشرف کی چھٹی کی، وہ گھر گیا تو اسے سمجھ نہیں آئی کہ اس کے ساتھ کیا ہوا ہے۔ مشرف دبئی میں بیٹھ کر رو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کوصرف عوامی پارٹی حل کرسکتی ہے، یہ کٹھ پتلی حکومت کچھ نہیں سمجھ سکتی، مجھے اپنے حق پر ڈاکہ ڈلنے پر کوئی تکلیف نہیں لیکن غریبوں کے حق پر ڈاکہ ڈلنے پر مجھے تکلیف ہوتی ہے۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).