انتخابات شفاف ہوتے تو عمران خان وزیراعظم نہ ہوتے: آصف زرداری


سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نےملک میں قبل ازوقت انتخابات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات شفاف ہوتے تو کپتان وزیراعظم نہ ہوتے۔ ٹنڈو الہ یار میں پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوال ”آپ اچانک عوام میں آئے، کیا کوئی اشارہ ملا ہے“ کے جواب میں سابق صدر نے کہا کہ قبل ازوقت انتخابات کااشارہ ملا ہے۔ ایک اور سوال ”آئندہ الیکشن کب متوقع ہیں“؟ کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ انشاءاللہ جلد متوقع ہیں۔

ٹنڈو الہ یارمیں جلسے عام سے خطاب کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں سیاسی سوچ ہے نہ شعور، جب بھی کوئی سیاسی پودا لگتا ہے یہ کاٹ کر پھینک دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کپتان کوعوام کی فکر ہے نہ مہنگائی کی۔ کہتے ہیں کہ ڈالر کی قدربڑھنے کا علم نہیں تھا، ڈالرکی قدرکا توآپ نے پہلے پتہ رکھنا ہے۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ انہیں ووٹ ملا نہیں اس لیے انہیں عوام کی پرواہ نہیں، ان کوتکلیف 18 ویں ترمیم کی ہے اور دباؤ مجھ پر ڈال رہے ہیں۔ میں مان بھی جاؤں تو پارٹی، سندھ، پنجاب، کے پی کے نہیں مانیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی عوام کاحق مجروح ہوا، ہم نے آوازاٹھائی۔ ان کا کہناتھا کہ اردو میں اس لیے بات کر رہا ہوں تاکہ اسلام آباد سنے، دیکھتے ہیں کھیل کا نتیجہ کیا نکلتا ہے؟ آصف زرداری نے کہا کہ بیرون ممالک چھوٹی سی بات پر لوگ نکل آتے ہیں، یہاں آگہی کی ضرورت ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).