انڈیا کی سیاسی جماعت کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی حالیہ انتخابات میں کہاں غائب تھیں؟


پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان میں اپنی دادی اندِرا گاندھی کی جھلک نظر آتی ہے

انڈیا میں گیارہ دسمبر کو جیسے جیسے ریاستی انتخابات کے نتائج سامنے آ رہے تھے ویسے ویسے راہل گاندھی کے حق میں لگائے جانے والے نعروں میں بھی اضافہ ہو رہا تھا لیکن ایک چہرہ جو ہمیشہ ہر انتخابی ریلی میں راہل کے ارد گرد نظر آتا تھا وہ ان انتخابات میں نظر نہیں آیا اور وہ چہرہ تھا ان کی بہن پرینکا گاندھی کا۔

وہ پرینکا گاندھی جو اپنے بھائی راہل گاندھی کی پہلی انتخابی مہم میں ان کے ساتھ ساتھ نظر آئی تھیں۔

تو کہاں گئیں پرینکا گاندھی؟ کیا کانگریس کے سیاسی افق سے پرینکا باکل غائب ہو چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کیا یہ پرینکا گاندھی کا سال ہوگا؟

راجیو گاندھی کے قاتل رہا ہوں گے؟

راہل گاندھی کا ‘پپو’ ٹیگ ختم!

پرینکا راہل

کہا جاتا ہے کہ پرینکا راہل کی ریلیوں میں تمام انتظامات اپنے ہاتھوں میں رکھتی ہیں

اِس انتخابی مہم میں راہل گاندھی کی تقاریر اور بیانات کافی مقبول رہے اور وزیراعظم نریندر مودی پر ان کے الزامات نے کافی سرخیاں بٹوری ہیں لیکن پرینکا کسی ریلی میں نظر آئیں نہ ہی خِبروں میں اور ایسا بھی پہلی مرتبہ ہوا کہ پرینکا کے بارے میں اپوزیشن نے کوئی بات بھی نہیں کی۔

کیا پرینکا گاندھی پردے کی پیچھے تھیں؟

مثال کے طور پر کانگریس کے کنوینشن میں سٹیج پر سونیا گاندھی اور راہل نظر آ رہے تھے لیکن پردے کے پیچھے کا سارا انتظام پرینکا نے ہی سنھالا ہوا تھا۔

کانگریس کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پرینکا نے اس کنوینشن میں ہر چھوٹی سے چھوٹی بات کا خیال رکھا تھا۔

اتنا ہی نہیں بلکہ پرینکا نے وہ فہرست بھی تیار کی تھی کہ سٹیج پر پہلے کون سے رہنما تقریر کریں گے اور پہلی مرتبہ نوجوان اور سینیئر رہنماؤں کا امتزاج دیکھنے میں آیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے سونیا گاندھی اور راہل کی تقاریر اور ان میں حقائق اور اعداد و شمار کو بھی پوری طرح چیک کیا۔

آج جب کانگریس کی جانب سے جیتی گئی ریاستوں میں وزیرا اعلیٰ بنانے کا مسئلہ پیش آیا تو پرینکا اس غور و خوص میں اپنی ماں اور بھائی کے ساتھ شریک ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ ان کی رضامندی کے بعد ہی ان ناموں کا اعلان کیا گیا۔

اور اس دوران پرینکا نے اس بات کا مکمل خیال رکھا کہ ان کی تصویر سامنے نہ آئے تاکہ لوگوں کی تمام توجہ پارٹی اور اس کے صدر راہل گاندھی پر مرکوز رہے۔

ویسے بھی پرینکا کا خیال ہے کہ 2019 کے انتخابات میں تجربہ ہی کامیابی دلوانے کے کام آئے گا یہی وجہ ہے کہ مدھیہ پردیش میں بھی کمل ناتھ کی شکل میں تجربے کو اہمیت دی گئی۔

دراصل کانگریس کے اندر بھی یہ مطالبہ کیا جاتا رہا ہے کہ 2019 میں مودی کو ٹکر دینے کے لیے پرینکا کو کانگریس کا چہرہ بنایا جانا چاہیے لیکن سونیا گاندھی صرف راہل کو ہی کانگریس کا چہرہ بنانا چاہتی ہیں۔

پرینکا اور انکے شوہر رابرٹ واڈرہ

پرینکا کے شوہر رابرٹ واڈرہ پر بد عنوانی کے الزامات ہیں

سونیا اچھی طرح جانتی ہیں کہ پرینکا کے سرگرم سیات میں آنے سے بھائی بہن کے درمیان موازنہ شروع ہو جائے گا اور پارٹی کے اندر گروپ بندی شروع ہو جائے گی اور یہ سب پارٹی کے لیے نقصان دہ ہوگا۔

پرینکا پردے کے پیچھے کیوں ہیں؟

پرینکا گاندھی کے شوہر رابرٹ واڈرہ کے خلاف بد عنوانی کے الزامات لگے تھے اور خیال ہے کہ یہ بات پرینکا گاندھی کے لیے سب سے بڑی کمزوری بن گئی ہے۔ یہی ایک وجہ ہے کہ خود پرینکا اور کانگریس دونوں ہی ان کے عملی سیاست میں آنے سے گریز کرتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32506 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp