انٹرنیٹ پر جانا احساسِ تنہائی کو بڑھاتا ہے یا کم کرتا ہے؟


کیا انٹرنیٹ پر جانا احساسِ تنہائی کو بڑھاتا ہے یا کم کرتا ہے؟

گرل گائڈنگ نامی ایک تنظیم کے ایک سروے کے مطابق لڑکیوں میں اس سوال کے حوالے سے مختلف رائے پائی جاتی ہیں۔

بی بی سی نیوز راؤنڈ کے لیے کیے گئے اس خصوصی سروے سے معلوم ہوا ہے کہ سات سے دس سال عمر کی 15 فیصد لڑکیوں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر جانے اور دوسروں سے اپنی زندگی کا موازنہ کرنے سے تنہائی کا احساس بڑھتا ہے۔ 11 سے 16 سال عمر کی لڑکیوں میں یہ تعداد 33 فیصد تک ہے۔

گرل گائڈنگ سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ کیٹ رابرٹس کہتی ہیں: ‘یہ سروے یہ دکھاتا ہے کہ تنہائی نوجوان لڑکیوں اور خواتین کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے۔ جو لڑکیاں متواتر اپنے دوستوں سے ملتی بھی ہیں، انھیں بھی احساسِ تنہائی ہو سکتا ہے اگر ان کے دوست بغیر بتائے جائیں اور وہ ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر دیکھیں۔’

مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ لڑکیوں کی انٹرنیٹ پر جانے کے بارے میں بالکل مختلف رائے ہے۔

سات سے دس سال عمر کی 20 فیصد لڑکیوں کا خیال ہے کہ انٹرنیٹ پر جانے جیسے کہ سوشل میڈیا کا استعمال، یوٹیوب اور انسٹاگرام، ان کے احساسِ تنہائی کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے جبکہ گیارہ سے سولہ سال عمر کی لڑکیوں میں یہ شرح ایک تہائی ہے۔

نوجوان بچے

کیا نوجوان لڑکیوں کے لیے احساسِ تنہائی ایک نیا ایشو ہے؟

یہ پہلا موقعہ نہیں کہ احساسِ تنہائی خبروں کی شہ سرخیوں میں ہے۔ حالیہ سروے سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس کے نوجوانوں پر اثرات بڑھتے جا رہے ہیں، خاص کر نوجوان لڑکیوں پر.

برطانیہ میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نوجوانوں (10 سے 24 سال عمر کے درمیان) میں دس فیصد لوگ احساسِ تنہائی کا شکار ہیں۔

ایک تہائی کا کہنا ہے کہ وہ کبھی کبھی احساسِ تنہائی کا شکار ہوتے ہیں اور ان میں زیادہ تر لڑکیاں ہیں۔

ان اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے جذبات کو چھپاتے بھی ہیں۔

اس سال کے اغاز میں چائلڈ لائن نے رپورٹ کیا کہ احساسِ تنہائی سے نمٹنے کے لیے مدد مانگنے والے بچوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

ان کے مطابق بھی اس کی وجہ سوشل میڈیا تھی۔

نوجوان لڑکیاں

نوجوانوں میں احساسِ تنہائی کیوں ہوتا ہے؟

نوجوانوں کے، چاہے لڑکا ہو یا لڑکی، احساسِ تنہائی میں مبتلا ہونے کی کئی وجوہات ہوتی ہیں۔ گرل گائڈنگ کے سروے کے نتائج کے مطابق صرف انٹرنیٹ ہی ان مسائل کی جڑ نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دیگر کئی وجوہات ہیں جو کہ ایسے جذبات کو فروغ دیتے ہیں۔ جیسے کہ:

بات کرنے کے لیے کسی کا نہ ہونا

ایسا محسوس ہونا کہ کوئی آپ کو سمجھتا نہیں

دوستیاں کرنے میں مشکل ہونا

نئی چیزیں آزمانے کے مواقع نہ ہونا

گھر کے باہر محفوظ محسوس نہ کرنا

جس ملک میں آپ رہتے ہیں وہاں ذریعے آمد و رفت نہ ہونا یا کم ہونا

سوشل میڈیا

تنہائی سے نمٹنے میں کون سی چیزیں مددگار ہو سکتی ہیں؟

اس تازہ ترین سروے میں آن لائن پر جانا احساس تنہائی کو کم کرنے والی چیزوں میں سرفہرست نہیں آیا۔

سات سے دس سال کی عمر والے تقریبا تین چوتھائی (72 فیصد) بچوں نے یہ خیال ظاہر کیا کہ اس ضمن میں دوستوں سے بات کرنا فائدہ مند ہے۔

احساس تنہائی کو کم کرنے کے لیے جو چیزیں نمایاں تھیں ان میں اہل خانہ سے بات کرنا، کام میں مشغول رہنا یا پالتو جانوروں سے کھیلنا، فن یا کھیل کی سرگرمیوں میں حصہ لینا، نوجوانوں کے گروپ میں شرکت کرنا، باہر نکلنا اور دوسرے لوگوں کی مدد کرنا وغیرہ شامل ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp