سینڈرا بولّک نے اپنی ڈائریکٹر کو ’کئی راتیں سونے نہ دیا`


آسکرز ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر سوزین بیئر کے بقول مشہور اداکارہ سینڈرا بولّک کی وجہ سے وہ کئی راتیں سکون سے سو نہ سکیں۔ اس بے خوابی کا الزام وہ سینڈرا بولّک کو دیتی ہیں کیونکہ سینڈرا نے جلد ہی ریلیز ہونے والی فلم ’برڈ بوکس‘ کے خطرناک مناظر کی فلمبندی کے دوران اپنی آنکھوں پر بندھی پٹی میں سوراخ کرنے سے انکار کر دیا۔

سنسنی خیز ناول ’برڈ بوکس‘ پر مبنی اس فلم میں سینڈرا دو بچوں کی اکیلی ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں جہاں ان کا پالا ایک ایسی اندیکھی طاقت سے پڑتا ہے جسے اگر آپ دیکھ لیں تو وہ آپ کو خود کشی پر مجبور کر دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سینڈرا بولاک کے شوہر کی معافی

اس کا مطلب یہ ہوا کہ سینڈرا کو تمام مناظر میں آنکھوں پر پٹی باندھے رکھنا تھا۔

فلم کے ایک طویل منظر میں سینڈرا اپنے بچوں کو ایک منہ زور دریا اور گھنے جنگل سے نکالتی ہیں لیکن اس تمام عمل کے دوران آنکھوں پر دبیز پٹی کی وجہ سے انہیں کچھ بھی دکھائی نہیں دے رہا تھا۔

پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ ہم آپ کو پوری کہانی نہیں بتانے جا رہے، بلکہ یہ سب آپ ’برڈ بوکس‘ کے ٹریلر میں بھی دیکھ سکتے ہیں۔

سینڈرا بولّک کے ساتھ اپنے تجربات کی بات کرتے ہوئے ہدایتکارہ سوزین بیئر کا کہنا تھا کہ سینڈرا نے ہچکولے کھاتی ہوئی کشتی کے کنارے پر بیٹھے ہوئے سوراخوں والی پٹی باندھنے سے انکار کر دیا اور نہ ہی اس منظر میں کچھ دیکھا۔

سوزین کے بقول ’میرا واسطہ جذبے سے بھرپور ایک جنونی اداکارہ سے پڑ چکا تھا۔ میں نے کہا کہ کیا ہم پٹی میں چھوٹے چھوٹے سوراخ کر لیں لیکن اس کا جواب تھا ’نہیں، ہر گز نہیں‘۔

تمام وقت ’میں یہی امید کرتی رہی کہ وہ کیمرے سے جا کر نہ ٹکرائے۔‘

اس فلم کے لیے سینڈرا بولّک کو ایک ایسے ماہر شخص کی خدمات حاصل تھیں جو نابینا افراد کو اپنے ارد گرد کو سمجھنے میں مدد کرتے ہیں۔ یہ جان کر سوزین بئیر کو کم از کم کچھ تسلی ہو گئی کہ سینڈرا نے تمام ضروری تکنیک سیکھ لی ہے۔

ہمیں یہ سن کر حیرت نہیں ہونی چاہیے کہ تمام تکنیک سیکھنے کے باوجود بھی سینڈرا بولّک اس فلم بندی کے دوران کئی مرتبہ لڑکھڑا کر گر گئیں، تاہم سوزین کہتی ہیں کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہے کہ سینڈرا ابھی تک ٹھیک ٹھاک چل پھر رہی ہیں۔

ہالی وڈ کے آن لائن میگزین ’ڈیڈ لائین‘ سے بات کرتے ہوئے سینڈرا نے مذاقاً کہا کہ سوزین کو اس وقت بہت مزا آیا جب میں آنکھوں پر پٹی بندھے، ٹومک ٹوئیاں مارتے ہوئے کیمرے سے جا کر ٹکرا گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ آنکھوں پر پٹی باندھنے سے صرف ادھر ادھر حرکت کرنا مشکل نہیں ہوا بلکہ اصل مسئلہ یہ تھا کہ آپ کیمرے میں کیسے دیکھیں۔ ’کمیرے پر کوئی بھی اداکار کیا محسوس کر رہا ہے، یہ سب آپ کی آنکھوں سے ہی پتہ چلتا ہے۔ اور جب آپ کو پتہ لگتا ہے کہ اس وقت آپ دیکھ نہیں سکتے تو آپ کو سمجھ نہیں آتا کہ ایکٹنگ کیسے کریں۔‘

روئٹرز سے بات کرتے ہوئے سینڈرا بولّک نے مزید بتایا کہ ان کے خیال میں اگر وہ پٹی میں سوراخ کرانے پر رضامند ہو جاتیں اور فلمبندی کے دوران نہ دیکھ سکنے کی محض اداکاری کرتیں تو ان مناظر میں وہ جان نہ پڑتی جو پڑی ہے۔

برڈ بوکس میں آپ کو سینڈرا بولّک کا کردار بچوں کی دیکھ بھال سے دور بھاگنے والی ماں سے ایک تلوار لہراتی ہوئی ماں میں تبدیل ہوتا نظر آئے گا جو اپنے بچوں کو بچانے کے لیے جان کی بازی لگا دیتی ہے۔

سینڈرا بولّک اور سوزین بئیر

سینڈرا بولّک اور سوزین بئیر فلم کے پریمیئر کے موقع پر

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32510 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp