فلسطینیوں اور مسلمانوں کے خلاف پوسٹ، اسرائیلی وزیراعظم کے بیٹے کا فیس بک اکاؤنٹ بند


نتن یاہو

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو کے صاحبزادے کا کہنا ہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے ان کی فلسطینیوں اور مسلمانوں کے خلاف ان کی چند پوسٹس پر ہنگامے کے بعد انھیں 24 گھنٹوں کے لیے بلاک کر دیا ہے۔

گذشتہ ہفتے فیس بک نے یائیر نتن یاہو کی ایک پوسٹ کو ہٹا دیا تھا جس میں انھوں نے فلسطینیوں کے ہاتھوں مارے جانے والے دو اسرائیلی فوجیوں کی ’موت کا انتقام‘ لینے کا کہا تھا۔

ستائیس سالہ یائیر نے ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ ’اگر تمام مسلمان اسرائیلی سرزمین چھوڑ دیں‘ تو وہ اسے ترجیح دیں گے۔ اس پوسٹ کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔

آرمی چیف کا فیس بک اکاؤنٹ کیوں بند کیا؟

امریکی صدر ٹرمپ کی گوگل، فیس بک اور ٹوئٹر کو تنبیہ

انٹرنیٹ پر احمق بننے سے بچنے کے گُر

انھوں نے فیس بک کو ’سوچ کی پولیس‘ کہا ہے جبکہ فیس بک نے ان پر نفرت انگیز بیان کا الزام لگایا ہے۔

اتوار کو اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو کے بیٹے نے فیس بک کی جانب سے 24 گھنٹے کی پابندی پر غصہ نکالنے کے لیے ٹوئٹر کا سہارا لیا اور فیس بک کے اس اقدام کو ’ناقابلِ یقین‘ قرار دیا۔

ان کی اس ٹویٹ میں فیس بک سے ہٹائی جانے والی پوسٹس کے سکرین شاٹ بھی موجود تھے۔

انھوں نے اپنی پوسٹ میں خبردار کیا کہ ’یہاں تب تک امن نہیں ہو سکتا جب تک یہ انسانوں کی شکل میں حیوان (مونسٹرز) جو خود کو سنہ 1964 سے فلسطینی کہتے ہیں موجود ہیں۔‘ (سنہ 1964 فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے قیم کا سال ہے۔)

یائیر نتن یاہو کی فیس بک پوسٹ میں لکھا تھا: ’فیس بک پر گہری نگرانی کرنے والے مجھ تک بھی پہنچ گئے۔‘

’فیس بک پر حماس، حزب اللہ اور ایرانی حکومت کے آفیشل صفحے موجود ہیں۔ بہت سے ایسے صفحات موجود ہیں جو اسرائیل کی تباہی اور یہودیوں کے قتل کی بات کرتے ہیں۔ میرے خاندان اور میرے خلاف انتہائی بائیں بازو اور شدت پسندانہ ہزاروں پوسٹس موجود ہیں جن میں تشدد اور غیر اخلاقی قتل کی دھمکیاں شامل ہیں۔‘

’یہ سب فیس بک کے کمیونٹی قوانین کی خلاف ورزی نہیں؟‘

دوسری جانب فیس بک کے ترجمان نے کہا ہے کہ یائیر نتن یاہو نے ’بہت سی پوسٹس کیں جن میں نفرت انگیز بیان بھی شامل ہے‘، اور یہ کمیونٹی سٹینڈرڈز کی خلاف ورزی ہے۔

’یہی وجہ ہے کہ اس مواد کو ہمارے پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا، ایسا مواد جو بھی پوسٹ کرے گا ہم ہر ایک کے ساتھ ایسا ہی کریں گے۔‘

ترجمان نے کہا کہ فیس بک اپنی پالیسی کا اطلاق کرتا رہے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32504 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp