کس کس کا ماتم کریں ؟


\"zunairaآؤ بیٹھیں
سوچیں
کہ کس کس کا ماتم کریں

سنا ہے یہ دنیا اچھی تھی
تفرقے سے خالی تھی
پھر سنتے ہیں کہ  اس دنیا میں
نظریے کی فیکٹریاں کھلیں
ان فیکٹریوں سے بن بن کر کچھ ایسے انسان  نکلے
جو نعرے  مارتے  تھے
ہم صحیح  اورتم غلط
میں اچھا اور تو برا
میں سچا  اور تو جھوٹا
میں حق اور تو باطل

ایک لمبی فہرست ہے مظلوموں کی
ایک لمبی فہرست ہے ظالموں کی
وہ میرا دشمن  کسی کا ہیرو ہے
وہ کسی کا ہیرو میرا دشمن ہے

وہ جو میرا ہیرو ہے وہ اتنا ظالم نہیں
وہ جو ان کا ہیرو ہے وہ بہت ظالم ہے
وہ جو میرا ہیرو ہے وہ کچھ رحم کھاتا ہے
عورتوں بچوں کو نہیں مارتا
یا شاید یہ وہ مجھے بتاتا ہے
ہما را  خون قیمتی ہے
ان  کا خون سفید ہے
ہمارے  بچے بچے ہیں
ان  کے بچے دہشت  گرد ہیں
ہما را  ہیرو دنیا کو بچاتا ہے
ان کا ہیرو دنیا کو  آگ لگاتا  ہے
ہمارا  ہیرو آگ اس لئے لگاتا ہے کہ چار سو روشنی پھیلے
ان کا  ہیرو  آگ اس لئے لگاتا ہے کہ ہم جل مریں
ہمارا  ہیرو شہید ہے
ان کا ہیرو جہنم واصل ہے

لکن آج میں نے دیکھا
اس کا بھی خون لال تھا
اس کا بھی بچہ روتا تھا
گھر میں اس کے بھی روٹی نہیں تھی
وہ بھی خالی پیٹ لڑتا تھا
ان کا ہیرو بھی مجھ جیسا تھا
میرا ہیرو بھی مجھ جیسا تھا
ہم دونوں  کے ہیرو آج  مٹی تلے دبے ہیں
  اور یہ  دنیا ویسی  کی  ویسی  ہے

آؤ بیٹھیں
سوچیں
کہ کس کس کا ماتم کریں


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments