نارووال: اسکول وین ٹرین کی زد میں آگئی، حادثے میں 12 بچے زخمی


نارووال: صوبہ پنجاب کے شہر نارووال میں پیجووالی ریلوے اسٹیشن کے قریب اسکول وین ٹرین کی زد میں آگئی، جس کے نتیجے میں 12 بچے زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ شدید دھند اور پھاٹک نہ ہونے کے باعث پیش آیا، جہاں نارووال میں پیجووالی اسٹیشن کے قریب ایک اسکول وین نارروال سے لاہور جانے والی لاثانی ایکسپریس کی زد میں آگئی۔

اس حادثے کے نتیجے میں اسکول وین میں سوار 12 بچے زخمی ہوگئے۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں 5 بچوں کو طبی امداد دے کر فارغ کردیا گیا جبکہ 7 بچے زیرعلاج ہیں۔

اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر لطیف افضل کے مطابق بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ملک کے مختلف شہروں میں اس قسم کے واقعات پیش آچکے ہیں، جہاں ریلوے پھاٹک نہ ہونے کے باعث گاڑیاں ٹرینوں کی زد میں آجاتی ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔
بشکریہ جیو۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).