پیپلز پارٹی نے آمروں کو شکست دی، کٹھ پتلی کیا چیز ہے؟ اٹھارہویں ترمیم کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے: آصف زرداری


پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے واضح کیا ہے کہ پیپلزپارٹی اٹھارہویں ترمیم کے خلاف کوئی سازش کامیاب ہونے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آمروں کو شکست دی ہے، کٹھ پتلی کیا چیز ہے؟ ماضی میں دو آمروں نے 1973ء کے آئین کو مسخ کر کے پارلیمنٹ کے اختیارات ہتھیا لیے۔ ہم نے آمر پرویز مشرف کو اقتدار سے بے دخل اور آئین کو اصل صورت میں بحال کر کے جمہوریت دشمنوں سے جمہوری انداز میں حساب برابر کر دیا۔ جمہوریت کو یرغمال بنا کر رکھنے والی سوچ کو عوامی طاقت سے شکست دیں گے۔

پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور سینیٹر مولا بخش چانڈیو کے زیر قیادت وفد نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اٹھارہویں ترمیم کے خلاف کوئی سازش کامیاب ہونے نہیں دے گی۔ ہم نے آمروں کو شکست دی ہے، کٹھ پتلی کیا چیز ہے؟

آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید بھٹو اور محترمہ شہید بی بی صاحبہ نے ہمیں ڈرنا نہیں سکھایا۔ ہم اس سوچ کی مزاحمت کر رہے ہیں جو سوچ جمہوریت کو یرغمال بنا کر رکھنا چاہتی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہم عوام کی طاقت سے اس سوچ کو شکست دیں گے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد میں شہیدوں کا خون ہے، یہ پارٹی کبھی کمزور نہیں ہوگی۔ پیپلزپارٹی کی قیادت نے حوصلے کے ساتھ مشکلات کا سامنا کیا اور غیرجمہوری عناصرکو شکست دی۔ آصف علی زرداری نے پارٹی عہدے داروں کو ہدایت کی کہ وہ پارٹی کے انفارمیشن ونگ کو مزید بہتر اور متحرک کریں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).