شاباش امبانی


توبہ توبہ کیا زمانہ آگیا ہے، بھارت کے بگڑے رئیس امبانی نے بیٹی کی شادی میں اربوں روپے جھونک دیے۔ بہتر ہوتا سادگی سے شادی کرتا اور اتنی رقم سے غریبوں کی مدد کردیتا۔ احسن کا لہجہ اس قدر دکھ بھرا تھا کہ پیسے اس ہی کی جیب سے خرچ ہوئے ہیں۔ ابے او! پاگل ہورہا ہے کیا؟ فیصل تلملا اٹھا۔ اگر آج ملک میں تمام لوگ سادگی سے شادی کرنے لگیں تو کئی بیوٹی پارلر ٹھپ ہوجائیں گے۔ بہت سے شادی حال بند ہوجائیں گے۔ سونے، زیور کی دکانیں بند ہونے لگیں گی، بھاری بھرکم کاموں والے سوٹ جن کارخانوں میں بنتے ہیں وہ بند ہوجائیں گے، کپڑوں کی دکانیں ٹھپ ہوجائیں گی، الیکٹرانک مارکیٹ میں بہت بڑا ڈینٹ پڑ جائے گا۔

یہ جو بڑے بڑے پکوان سینٹر کھلے ہیں یہ بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوجائے گا۔ رینٹ پر گاڑیاں دینے والے، دولہوں کو تیار کرنے والے، شادی کی مووی بنانے والے، جگمگاتی روشنیوں کا بندوبست کرنے والے، موسیقی کی دھنیں بجانے والے، بینڈ والے، وغیرہ وغیرہ یہ سب کاروبار بند ہوجائیں گے۔ جس کے نتیجے میں لاکھوں لوگ بے روزگار ہوجائیں گے۔ فیصل کے دلائل تھمنے تک چائے کا ہوٹل کسی عدالت کا منظر پیش کرنے لگا تھا۔ اور موضوع نے آس پاس بیٹھے افراد کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ اب جو اس نے لمبی سی سانس لی تو گویا ہوا۔

جانی امبانی نے 100 سے زائد طیارے کرائے پر لیے، وہاں پیسے کا لین دین ہوا، ہوٹل بک ہوئے، میڈیا کو خبریں ملیں، عوام کا دل لگا، سب سے بڑھ کر تمہارے من مانے ستارے بھی بے نقاب ہوئے۔ اب تو ہی بتا کیا شاہ رخ کے پاس پیسہ کم ہے؟ پھر بھی کیسے وہاں ویٹر بنا رہا؟ آخر کیوں؟ کیونکہ جانی پیسے میں بڑی طاقت ہے۔

ہماری تو سوچ ہی بھکاریوں والی ہے۔ خود کچھ کرنا نہیں ہے اور جو کوئی دوسرا کچھ کررہا ہے۔ اس میں ٹانگ اڑانی ہے۔ امبانی نے پیسہ بنایا اور پھر اپنی خواہش کے مطابق اسے اڑایا۔ اس کا پیسہ ہے وہ جیسے چاہے خرچ کرے۔ تجھے غریبوں کی شادیاں مفت کروانی ہیں تو اتنا پیسہ بنا اور جو مرضی کر ان پیسوں سے۔ مگر نہیں آپ نے تو بس تنقید کرنی ہے۔ اور نفرت کرنے ہے پیسہ بنانے والوں سے۔

جانی کسی بھوکے کو مچھلی کھلا دوگے تو بہت اچھی بات ہے، مگر اسے مچھلی پکڑنا سکھادو گے تو دوبارہ وہ محتاج ہوگا نہ ہی بھوکا رہے گا۔ امبانی اور کیا کرتا۔ ہزاروں لوگوں کے روزگار کا وہ سبب بنا تو ہے۔ کتنے ہی گھروں کے چولہے اس کی فیکٹریوں کی وجہ سے چلتے ہیں۔ اور کتنے ہی افراد نے اس شادی سے بھی پیسہ بنایا۔ جیسے پانی بہتا ہوا تازہ رہتا ہے ویسے ہی پیسہ اگر لمبے عرصے تک پڑا رہے تو اپنی قدر کھو دیتا ہے۔

ایک تو ہم لوگ کاروباری لوگوں کی قدر نہیں کرتے، ان کی حوصلہ افزائی نہیں کرتے، اور اگر کوئی غلطی سے کچھ حاصل کر ہی لیتا ہے تو ہم اس کی ٹانگیں کھینچنا شروع ہوجاتے ہیں۔ وہ جو امبانی ہے نہ، سمجھدار سرمایہ دار ہے۔ جتنا پیسہ اس نے شادی پر لگایا ہے، وصول بھی کرلے گا۔ کیا معلوم کر بھی چکا ہو وہ بھی سود سمیت!

جانی! مہنگی چیزوں اور خواہشات سے منہ موڑنے اور نفرت کرنے سے بہتر ہے، آدمی اپنی خواہشات کو قبول کرکے ان کی تکمیل کی طرف چلا جائے۔ اگر تجھے کوئی مہنگی گاڑی پسند ہے تو اس کو حاصل کرنے کے راستے ڈھونڈ، کوشش کر، ایک دن کامیابی تجھے مل جائے گی۔

اس لیے میں کہتا ہوں شاباش امبانی، اگر ہمارے ملک میں بھی بہت سے امبانی پیدا ہوجائیں تو نہ صرف بے روزگاری دور ہوجائی گی بلکہ ڈالر بھی نیچے آجائے گا۔ چل اب خان کو چائے کا بل دے اورمجھے دکان پر چھوڑ، کافی دیر ہوگئی، ابا گالیاں دے گا۔ فیصل اٹھا تو ہوٹل میں خاموشی گونج رہی تھی۔ جیسے کسی فلسفی نے لیکچر دیا ہو۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).