لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے قریب ڈرون دیکھے جانے کی تحقیقات کا آغاز


ہیتھرو ایئرپورٹ

PA

برطانوی دارالحکومت لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے قریب منگل کو ایک ڈرون دیکھے جانے کے نتیجے میں پروازوں کی عارضی معطلی کے بعد اس واقعے کی تحقیقات میں اب فوج پولیس کی مدد کر رہی ہے۔

سکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے اس واقعے کی ’مکمل مجرمانہ تحقیقات‘ کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس کے افسران نے بھی وہ ڈرون دیکھا تھا۔

اس واقعے کے بعد ہیتھرو ایئرپورٹ سے پروازوں کو بھی ایک گھنٹے کے لیے معطل کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ لندن کے ہی گیٹ وک ایئر پورٹ کے قریب دو ڈرونز دیکھے جانے کی اطلاعات کے بعد ہوائی اڈہ بند کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ہیتھرو ایئرپورٹ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ میٹروپولیٹن پولیس کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔ انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ مسافروں سے معذرت خواہ ہے اور صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

گیٹ وک: ڈرونز دیکھے جانے کے بعد آپریشن معطل

لندن کی میٹروپولیٹن پولیس کے کمانڈر سٹورٹ کنڈی کا کہنا ہے کہ ڈرون دیکھے جانے کا واقعہ گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق منگل کی شام 17:00 بجے پیش آیا اور احتیاطی تدابیر کے طور پر ہیتھرو ایئرپورٹ سے جانے والی تمام پروازوں کو روک دیا گیا۔

انھوں نے کہا ’ہم ہیتھرو ایئرپورٹ کے ارد گرد علاقے کی وسیع پیمانے پر تلاشی لے رہے ہیں تاکہ ایسے کسی بھی شخص کو شناخت کیا جا سکے جو ڈرون آپریشن کا ذمہ دار ہو۔‘

’میں اس بارے میں بالکل واضح ہوں کہ ایئر پورٹ کے قریب کسی بھی قسم کے ڈرون کی غیر قانونی اڑان بہت زیادہ خطرناک ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا ’ایوی ایشن سکیورٹی ایکٹ کے تحت طیارے کی حفاظت کو خطرے میں ڈالنا جرم ہے اور اس میں ملوث کسی بھی شخص کو عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔‘

ہیتھرو ایئرپورٹ

PA

سٹورٹ کنڈی نے کہا ’ہم ہیتھرو ایئرپورٹ کے ارد گرد علاقے کی نگرانی کرنے اور فوری طور پر کسی بھی غیر قانونی ڈرون کی سرگرمی کا پتہ چلانے کے لیے اہم ذرائع جن میں افسران اور سامان دونوں شامل ہیں کو تعینات کر رہے ہیں۔‘

لندن کی میٹروپولیٹن پولیس کے کمانڈر نے فوجی مدد کی تصدیق کرتے ہوئے کا کہ وہ اس حوالے سے مذید تفصیلات فراہم نہیں کر سکتے۔

برطانیہ کے ٹرانسپورٹ سیکریٹری کرس گریلنگ کا کہنا ہے کہ وہ منگل کی شام ایئر پورٹ کے قریب ڈرون دیکھے جانے کے دوران ایئرپورٹ انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں تھے۔

دوسری جانب برطانوی وزارتِ دفاع کے ایک ترجمان نے کہا ’ہم میٹرو پولیٹن پولیس کی درخواست پر ہیتھرو ایئرپورٹ پر خصوصی سامان تعینات کر رہے ہیں۔‘

ڈرون پر کام کرنے والے بی بی سی کے کیمرہ مین مارٹن رابرٹس کا کہنا ہے کہ وہ گرینیج کے معیاری وقت کے مطابق شام 5:45 بجے M25 پر سفر کر رہے تھے جب انھوں نے ڈرون دیکھا جس کے بارے میں انھیں یقین ہے کہ وہ ڈرون ہی تھا۔

انھوں نے کہا ’میں ہرمونڈسرورتھ علاقے کے اوپر اسے دیکھ سکتا تھا، میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ وہ 300 فِٹ بلند اور بہت چمکدار تھا اور اس میں سے لال اور سبز روشنیاں نکل رہی تھیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال 20 دسمبر کو لندن کے گیٹ وک ایئر پورٹ کے اوپر دو ڈرونز کی اڑان کی اطلاعات کے بعد فلائٹ آپریشن کو معطل کر دیا گیا تھا۔

گیٹ وک ایئر پورٹ کا فلائٹ آپرپشن معطل ہونے سے ہزاروں پروازیں منسوخ جبکہ مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32289 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp