پی ٹی آئی کی دلہن اور خرانٹ محلے والیاں


ذرا پرانے محلوں کا تصور ذہن میں لائیے۔ چھوٹے بڑے گھر، ساتھ ساتھ جڑے گھر اور ایک دوسرے کے اندر گھُسے گھر۔ وہاں پر رہنے والوں کی عادات بھی عجیب تھیں۔ سب الگ الگ خاندان ہوتے لیکن ایک ہی لگتے۔ سب کو معلوم ہوتا آج فلاں کے گھر نئے کپڑے سلے ہیں، فلاں کے گھر مہمانوں نے آنا ہے اور فلاں کے گھر کون سی ہنڈیا پکی ہے۔ گویا کئی گھروں پر مشتمل وہ ایک محلہ ایک ہی گھر لگتا۔ اس محلے والوں کی یہ بھی ایک خصوصیت ہوتی کہ جب کوئی دلہن بیاہ کر کسی کے گھر آتی تو اس گھر کی دیواروں اور منڈیروں پر خواتین، لڑکیاں اور بچے دن رات چڑھے رہتے۔

وہ نئی دلہن کی ٹوہ لینے کے ساتھ ساتھ اُس پر اپنے تعارف کا رعب بھی جماتے۔ اگر کبھی ایسا ہوتا کہ نئی نویلی دلہن کام کاج اور گھر داری کی ماہر نہ ہوتی تو سسرال والے اپنی عزت کی خاطر اُس کے پھوہڑ پن پر پردہ ڈالتے۔ اُس دلہن کی نندیں، بھاوجیں اور بڑی بوڑھیاں اُس کے ذمے گھرداری کے تمام کام درپردہ خود کردیتیں اور محلے والیوں کو یہ تاثر دینے کی کوشش کی جاتی کہ ان کی بہو بہت سگھڑ ہے۔ اپنی عزت بچانے کے لیے سسرال والوں کی یہ کارروائی ایک خام خیالی ہی ہوتی کیونکہ گھر کی دیواروں اور منڈیروں سے ہروقت لٹکی خواتین اور لڑکیاں وغیرہ اُس گھر کے سب رازونیاز سے واقف ہوتیں۔

انہیں ایک ایک پل کی خبر ہوتی کہ نکمی دلہن نے کون سا کام خراب کردیا ہے اور اُسے کس طرح ٹھیک کرکے دلہن کو شرمندگی سے بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہماری سیاست کی کچھ عادتیں بھی اُس پرانے محلے کی عادتوں جیسی ہیں۔ سب کو معلوم ہوتا ہے کہ کون سی حکومت کس کی خوشی کے باعث آئی ہے اور کس کی ناراضگی کے باعث چلی گئی ہے۔ سب کو معلوم ہوتا ہے کہ حکومت کے نام پر حکومت کرنے والی حکومت کتنی باصلاحیت ہے۔ مطلب یہ کہ سب کچھ سب کو معلوم ہوتا ہے لیکن صرف اس حکومت کو معلوم نہیں ہوتا۔

یعنی جانے نہ جانے گل ہی نہ جانے، باغ تو سارا جانے ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کو پانچواں مہینہ لگ گیا۔ اس دوران اُن کی انتخابی مہم میں دعوؤں کے مطابق دودھ کی نہروں، شہد کی آبشاروں اور ہیرے جواہرات کے پہاڑوں کا کیا پوچھنا، اُن سے تو ایک قانون سازی بھی نہ ہوسکی۔ بیشتر آٹو انڈسٹری بند ہونے کے باعث ہزاروں لوگ بے روزگار ہوگئے۔ میڈیا کو جاری ہونے والے اشتہارات رشوت اور خوشامد کا نام دے کر بند کر دیے گئے جس کے باعث ہزاروں میڈیا پرسنز اور ورکرز بے روزگار ہوگئے۔

ڈالر کی قیمت بڑھا کر روپے کی قدر گرانے کا مقصد پاکستانی معیشت کو سنبھالا دینا بتایا گیا تھا لیکن یہ کُشتہ انہیں الٹا پڑگیا۔ تحریک انصاف نے ڈالر سے جو دوستی نبھائی اُس سے پاکستان کے قرضے کئی گنا بڑھ گئے۔ چین و عرب کی کچھ دولت ہمارے ہاں پارکنگ کروانے سے جو ذرا سی معاشی بہتری ہوسکتی ہے یا جو تھوڑی بہت دوسری غیرملکی امداد ملے گی وہ سب روزمرہ اخراجات اور غیرملکی قرضوں کے سود کی ادائیگی میں چلی جائے گی۔

اِن سب کے باوجود پی ٹی آئی کو اچھی معاشی حکمت عملی والی حکومت ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ خارجہ پالیسی تو ویسے بھی ہمارے ہاں سول حکومت کا کام نہیں ہوتا۔ اس کے لیے خاص ماہرین خاص جگہ پر موجود ہوتے ہیں۔ اگرحالیہ خارجہ پالیسی میں چین، افغانستان اور عرب وغیرہ کے ساتھ ہونے والی کامیابیوں میں سے جنرل قمر جاوید باجوہ کی کوششوں کو ایک طرف کردیا جائے تو پی ٹی آ ئی کے پاس فارن آفس کی بلڈنگ کے علاوہ کچھ نہیں بچتا۔

ہمارے ہاں چاروں مارشل لاؤں کی ایک جیسی تین عادتیں بہت نمایاں رہیں۔ پہلی یہ کہ جب بھی مارشل لاء آیا انہوں نے شروع شروع میں تجاوزات کے خلاف بڑھ چڑھ کر کام کیا۔ دوسرا یہ کہ مارشل لاء کے مخالف سیاست دانوں کو مالی کرپشن کے الزامات دے کر خوب رگڑا۔ تیسری یہ کہ وہ مارشل لائی حکمران نہ تو کبھی کرپشن ثابت کرسکے اور نہ ہی ناجائز تجاوزات اور کرپشن کے خلاف کوئی مستقل اہم قانون سازی کروا سکے۔ تحریک انصاف ایک سول حکومت ہے لیکن اس کی اداؤں کے باعث اس کے ڈی این اے میں کہیں نہ کہیں مارشل لاء کا کوئی مالیکیول محسوس ہوتا ہے کیونکہ اس کی حکمرانی کی عادات میں بھی کچھ مارشل لائی عادتیں شامل ہیں۔

اِنہوں نے بھی شروع سے ہی ناجائز تجاوزات کے خلاف مہم کا آغاز کیا اور بہت پراپیگنڈہ کیا۔ دوسرا یہ کہ اپنے سیاسی مخالفین پر کرپشن کے ایسے الزامات لگائے جو شاید شیکسپیئر نے بھی اپنے ڈراموں میں ٹریجڈی پیدا کرنے کے لیے مخالف کرداروں پر نہ لگائے ہوں گے۔ تحریک انصاف کی مارشل لاء سے ملنے والی تیسری عادت یہ ہے کہ انہوں نے بھی ناجائز تجاوزات اور کرپشن روکنے کے لیے کوئی ناقابل تسخیر قانون سازی نہیں کی۔ مارشل لاء کی ایک چوتھی دلربا عادت یہ بھی تھی کہ وہ جب واپس جاتے توسول سیٹ اپ کو اس کے حال پر چھوڑ جاتے۔

سول سیٹ اپ جیتا یا مرتا اِس کی اُنہیں پرواہ نہ ہوتی تھی۔ اوپر دی گئی پرانے محلے کی مثال کا کلائمیکس یہاں پہنچتا کہ سسرال والے نئی دلہن کے پھوہڑ پن پر پردہ ڈالتے ڈالتے آخرکار تنگ آجاتے اور کائیاں محلے والیوں کی معنی خیز کھسر پھسر بھی ان کی برداشت سے باہر ہو جاتی۔ پھروہ نئی نویلی دلہن کا دفاع ختم کرکے اُس کو اس کے حال پر چھوڑ دیتے۔ پی ٹی آئی کے کھلاڑی سیاست کے شوریدہ کھلواڑ کی آوازیں سن لیں تو اچھا ہے ورنہ خرانٹ محلے والیاں سیف الدین سیف کے یہ شعر جھوم جھوم کر پڑھیں گی:

بڑے خطرے میں ہے حسن گلستاں ہم نہ کہتے تھے
چمن تک آگئی دیوار زنداں ہم نہ کہتے تھے

بھرے بازار میں جنس وفا بے آبرو ہوگی
اٹھے گا اعتبار کوئے جاناں ہم نہ کہتے تھے

اسی محفل اسی بزم وفا کے گوشے گوشے میں
لٹے گی مستئی چشم غزالاں ہم نہ کہتے تھے

اسی رستے میں آخر وہ کڑی منزل بھی آئے گی
جہاں دم توڑ دے گی یاد یاراں ہم نہ کہتے تھے


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).