کیا صدر ٹرمپ روس کے لیے کام کرتے رہے ہیں؟


وائٹ ہاؤس نے معروف اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کی مذمت کی ہے جس میں کہا گیا کہ امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے صدر ٹرمپ کے خفیہ طور پر روس کے لیے کام کرنے کے متعلق تفتیش شروع کی تھی۔

اخبار نے کہا کہ جب انھوں نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی سے پوچھا تو انھوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے حکام مئی سنہ 2017 میں ٹرمپ کے برتاؤ پر تشویش ہونے لگی تھی۔

اس جانچ میں مبینہ طور پر اس بات کی تفتیش کی گئی کہ آیا مسٹر ٹرمپ قومی سلامتی کے لیے خطرہ تو نہیں ہیں۔

مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ اس قسم کی تفتیش کی نہ تو کوئی وجہ تھی اور نہ ہی کوئی شہادت۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری سارا ہکابی سینڈرس نے کہا: ‘یہ بے سرو پا اور فضول بات ہے۔’

انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ جیمز کومی کو جانبدار ہونے کے لیے عہدے سے برطرف کیا گیا اور ان کے نائب جو اس وقت انچارج تھے وہ جانے پہچانے جھوٹے ہیں جنھیں ایف بی آئی نے نکال دیا۔’

‘صدر اوباما جنھوں نے روس اور دوسرے حریف غیر ممالک کو امریکہ کو پیچھے دھکیلنے دیا، لیکن ان کے برخلاف صدر ٹرمپ کا روس پر سخت موقف رہا ہے۔’

https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1084058813047681025

سنہ 2016 میں امریکی خفیہ ادارے اس نتیجے پر پہنچے تھے کہ روس نے سائبر حملہ کیا تھا اور ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت میں اور صدارت کے مقابلے میں ان کی حریف ہلیری کلنٹن کو نقصان پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر جعلی خبریں ڈالی تھیں۔

ایف بی آئی نے ممکنہ طور پر کیا تفتیش کی؟

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آئي کی تفتیش مشترکہ طور پر کاؤنٹر انٹیلیجنس اور مجرمانہ تحقیقات تھیں۔

کاؤنٹرانٹیلیجنس کے تحت اس بات کی تفتیش کی گئی کہ کیا امریکہ کے مفاد کے خلاف صدر ٹرمپ دانستہ طور پر کریملن کی مدد کر رہے ہیں یا پھر ‘وہ بھولے سے ماسکو کے زیر اثر آ گئے ہیں۔’

اس کا مجرمانہ حصہ صدر کی جانب سے مسٹر کومی کو برطرف کرنا تھا اور کیا یہ انصاف کی راہ میں رخنے ڈالنا تھا۔

جیمز کومی

ایف بی آئی کے سابق ڈائریکٹر نے کانگریس کی ایک سماعت میں بتایا کہ مسٹر ٹرمپ نے انھیں کہا تھا کہ ‘میں تم سے وفاداری کی امید رکھتا ہوں’ اور صدر کے سابق سکیورٹی مشیر مائیکل فلن کے خلاف جانچ کو ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔

فلن نے دسمبر 2017 میں امریکہ میں تعینات روسی سفیر سے رابطے کے بارے میں جھوٹ بولنے کا اعتراف کیا تھا۔

تفتیش کا کیا ہوا؟

اخبار نے کہا ہے کہ ایف بی آئي کی جانچ کو سپیشل کونسل رابرٹ میولر کے کام میں شامل کر لیا گيا جو کہ صدر ٹرمپ کے انتخابی مہم اور ٹرانزیشن ٹیم کے بارے میں جانچ کر رہی تھی کہ آیا سنہ 2016 کے انتخابات کو متاثر کرنے کے لیے ان لوگوں نے ماسکو کے ساتھ سازباز کی تھی یا نہیں۔

مسٹر میولر کو مسٹر کومی کی برطرفی کے چند دنوں بعد ہی ان کے عہدے پر مقرر کر دیا گیا۔

صدر ٹرمپ نے روس کے ساتھ کسی ساز باز سے انکار کیا ہے اور میولر کی تحقیقات کو ‘تاريخ کا عظیم ترین سیاسی وچ ہنٹ’ قرار دیا ہے۔

جانچ

تاہم اس تفتیش نے صدر کے بعض قریب ترین افراد کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔

صدر ٹرمپ کے سابق ذاتی وکیل مائیکل کوہن کو مہم کے لیے مالی فراڈ کے جرائم میں تین سال کی قید کی سزا ہوئی جبکہ ان کی انتخابی مہم کے سربراہ پال مینافورٹ کو مالی فراڈ میں مجرم پایا گیا۔

اخبار کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ کاؤنٹرانٹیلیجنس والے حصے پر ابھی بھی جانچ ہو رہی ہے۔

اس ضمن میں اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ نے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ایک سابق وکیل کا نام لیے بغیر حوالہ دیا ہے ان کے علاوہ ‘اس تفتیش سے واقف دوسرے لوگوں’ اور کانگریس کے سامنے ایف بی آئی کے سابق مشیر جیمز اے بیکر کے شواہد کا حوالہ دیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32469 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp