میری بہن! ہو سکتا ہے میری زبان پھسل  جاتی ہو لیکن میں عدالت میں روتا نہیں ہوں۔۔۔ غریدہ فاروقی کو فیصل واوڈا کا جواب


خاتون اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے فیصل واوڈا کی زبان پھسلنے کا مذاق اڑانے کی کوشش کی تو جواب میں وزیر آبی وسائل نے حساب برابر کردیا۔

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران زبان پھسل گئی اور انہوں نے پیپرا رولز کو پیمرا رولز کہہ دیا۔ اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے یہ بات پکڑ لی اور اس کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ٹویٹر پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا ان الفاظ میں مذاق اڑایا

”وزیر آبی وسائل اور پی ٹی آئی کے سینئر لیڈر کو یہ بھی معلوم نہیں کہ پیمرا اور پیپرا میں کیا فرق ہے، یہ کیسے ممکن ہے؟ ہیلو، ایک خاص پارٹی کے گالی بریگیڈ اور چھپے ہوئے ٹرولز ، کیا اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرو گے؟

نوٹ: میں (فیصل واوڈا) کی بہت عزت کرتی ہوں، یہ ٹویٹ ہیٹرز کیلئے ہے۔“

فیصل واوڈا نے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا ” پیاری بہن، میری تو صرف زبان پھسلی ہے لیکن پھر بھی مجھے پتا ہے کہ پیپرا کا مطلب کیا ہے اور میں عدالت میں روتا بھی نہیں ہوں، اس لیے اس پر مزید تبصرہ نہیں کروں گا“۔

خیال رہے کہ غریدہ فاروقی نے کچھ روز پہلے ڈیسکون کمپنی کو ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکہ دیے جانے کو پیپرا رولز کی خلاف ورزی قرار دیا اور اس حوالے سے پورا پروگرام کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے ان کے اس پروگرام کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں عدالت میں طلب کر لیا۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ کی جانب سے غریدہ فاروقی سے سوال کیا گیا کہ پیپرا (PPRA) کا مطلب کیا ہے۔ سپریم کورٹ کے اس سوال پر خاتون اینکر پرسن نے تین بار غلط جواب دیا اور درست جواب دینے سے قاصر رہی تھیں۔ غریدہ فاروقی نے جج صاحبان سے کہا کہ میں آپ کی بیٹیوں کی طرح ہوں۔ انہوں نے چیف جسٹس کو قوم کا مسیحا بھی قرار دیا تھا۔ شاید فیصل واوڈا نے اپنی ٹویٹ میں اسی طرف اشارہ کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).