بلاول کی عمران خان پر تنقید: ’جمہوریت میں فیصلے کسی ایک فرد کے قلم سے ختم نہیں ہو سکتے‘


Bilawal Bhutto

پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’وزیراعظم نے ٹویٹ کیا جس میں پارلیمانی کارروائی اور ای سی ایل کے حوالے سے بات کی، اچھا ہوتا اگر وزیرا عظم بحثیت لیڈر آف دی ہاؤس ایوان میں موجود ہوتے اور خود بات کرتے تاکہ میں ان کو جواب دے سکتا۔ مگر ان میں اتنی ہمت نہیں ہے۔‘

ای سی ایل سے نام نکالنے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’سپریم کورٹ نے تحریری فیصلہ دیتے ہوئے میرا اور وزیر اعلیٰ سندھ کا نام ای سی ایل اے نکالنے کا حکم دیا ہے، چیف جسٹس نے جے آئی ٹی والوں سے پوچھا کہ کس کے کہنے پر بلاول اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل میں ڈالا لیکن اس سوال کا جواب ہی نہیں تھا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کا نام ای سی ایل سے ہٹاتے ہیں یا نہیں اس سے انھیں کوئی فرق نہیں پڑتا، فریڈم آف موومنٹ ایک انسانی حق ہے اور انسانی حقوق کی پاسداری ایک جمہوری حکومت کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتا ہوں جو مجرم کو پارٹی کا صدر بنائے: عمران خان

جعلی اکاؤنٹس: 172 نام ای سی ایل میں ڈالنے پر نظر ثانی

بلاول بھٹو زرداری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

عمران خان، ٹوئٹر، سوشل میڈیا

وزیر اعـظم عمران خان

بلاول بھٹو زرداری نے اٹھارہویں ترمیم کے بارے میں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایوان میں ہونے والے فیصلے جو دو تہائی اکثریت سے پاس ہوتے ہیں، وہ ایک یا دو غیر منتخب فرد قلم کی جنبش سے ختم کردیتے ہیں، جمہوریت میں ایسا نہیں ہوسکتا، یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ملک چلانے کے لیے دنیا بھر میں چندہ مانگ رہے ہیں، اگر سندھ کے تین ہسپتالوں کو وفاق کے سپرد کیا گیا تو وفاقی حکومت کو ضمانت دینا ہوگی کہ وہ چودہ ارب سالانہ اس ہسپتال کو بجٹ دیں گے تاکہ یہ مفت علاج جاری رہ سکے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہاکہ ‘اپوزیشن نے اتفاق کیا ہے کہ عوام کے معاشی، انسانی اور جمہوری حقوق پر سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہیں، ایک دن آئے گا پی ٹی آئی بھی ان مسائل پر ہمارا ساتھ دے گی، یہ ملک کے مفاد میں ہے، ہم اپنے معاشی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے، جدوجہد کے بعد صوبائی حقوق ملے ہیں، کوئی پاکستانی انہیں نہیں چھین سکتا اور نہ ہم چھیننے دیں گے۔

ٹوئٹر پر بیان بازی

اس سے قبل وزیراعـظم عمران خان نے ای سی ایل میں ڈالے جانیوالے سیاستدانوں کو تنقید کرتے ہوئے ٹویٹ کیا تھا کہ ‘ ہمارے چند قانون ساز ای سی ایل سے سے اتنے خوفزدہ کیوں ہیں؟انہیں بیرون ملک جانے میں اتنی دلچسپی کیوں ہے؟ سیاستدانوں کے ذمے پاکستان، جس سے پیار کے وہ دعویدار ہیں، کیلئے کرنے کو بہت ساکام باقی ہے۔ ان میں سے کچھ تو باہر جائے بغیر رہ نہیں سکتے اور بعض نے اقامے اور رہائشی اجازت نامے لے رکھے ہیں’

جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے اس ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے اپنی ٹوئیٹ میں کہا کہ ‘ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں صرف اپوزیشن اراکین کے نام آنا مضحکہ خیز ہے جب کہ حکومتی اراکین سفر کرنے میں مصروف ہیں اور وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ ابتدائی 6 ماہ کے دوران کوئی بیرون ملک دورہ نہیں کریں گے اور اب تک 7 سے زائد دورے کر چکے ہیں۔’

آصف علی زرداری کا بدین میں جلسے سے خطاب

آصف علی زرداری

آصف علی زرداری

دوسری جانب جمعرات کی سہ پہر بدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری نےکہا کہ ’ہم نے ہمیشہ غریبوں کے حقوق کی بات کی اور جدوجہد کی، سازش ہمارے خلاف نہیں، سازش عوام کے خلاف ہے،ان کی جنگ مجھ سے صرف 18 ویں ترمیم پر ہے۔‘

وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ اب اگر سلیکٹڈ وزیراعظم بن ہی گئے ہو تو کچھ سیکھ لو۔‘ اور تحریک انصاف کی حکومت کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ ’پورا پاکستان سن لے، عمران خان پانچ سال نہیں نکال سکتے، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔‘

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32501 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp