چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ ’ایک دانشور جج‘


پاکستان کے نئے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بارے میں یہ بات مشہور ہے کہ وہ مقدمے پر سماعت ملتوی کرنے کے حامی نہیں ہیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار شمیم خان کے بقول مقدمے کو غیر ضروری طور پر ملتوی کرنا جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی ڈکشنری میں ہی نہیں ہے۔

ان کے مطابق جسٹس آصف سعید کھوسہ اکثر کہتے ہیں کہ مقدمے کو ملتوی کرنے کی دو صورتیں ہوسکتی ہیں: ’یا وکیل صاحب فوت ہوجائیں یا پھر جج صاحب اللہ کو پیارے ہوجائیں! اس کے علاوہ کسی مقدمے کو التوا دینے کی صورت نہیں ہے۔‘

پاکستان کے نئے چیف جسٹس آئین اور فوجداری قانون پر عبور رکھنے کے ساتھ ساتھ ادبی ذوق بھی رکھتے ہیں اور ان کے اس ذوق کی جھلک ان کے عدالتی فیصلوں میں بھی نظر آتی ہے۔

انھوں نے یوسف رضا گیلانی کے خلاف مقدمہ خلیل جبران کی نظم ’قابل رحم قوم‘ اور نواز شریف کے خلاف مقدمے میں ماریو پوزو کی مشہور کتاب ’گاڈ فادر‘ کا حوالہ دیا تھا۔ عدالتی فیصلے میں ان حوالوں کا سیاسی اور قانونی حلقوں میں خوب چرچا رہا۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ سپریم کورٹ کے ان دونوں بنچز کا حصہ بھی رہے جنھوں نے ان دونوں سابق وزرائے اعظم کے خلاف مقدمات کی سماعت کی اور انھیں بھی نااہل قرار دیا.

فوجداری اور آئینی امور پر مہارت رکھنے والے 64 سالہ جسٹس آصف سعید کھوسہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دوسرے دورِ حکومت میں 22 مئی 1998 کو لاہور ہائی کورٹ کے جج بنے۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ سابق جنرل پرویز مشرف کے پہلے پی سی او کے بعد بھی لاہور ہائی کورٹ کے جج کے عہدے پر برقرار رہے۔ تاہم جنرل پرویز مشرف کی ایمرجنسی کے دوران 3 نومبر 2007 کو پی سی او کا حلف اٹھانے سے انکار کر دیا۔

نئے چیف جسٹس پاکستان لاہور ہائی کورٹ کے ان ججز میں سے ایک تھے جنھوں نے وکلا تحریک کے آخری دنوں میں دوبارہ حلف اٹھالیا تھا۔

نئے چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس نسیم حسن شاہ کے داماد، سابق چیف سیکرٹری پنجاب ناصر کھوسہ اور سابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے طارق کھوسہ کے بھائی ہیں۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے مسلم لیگ نون کے سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو عدلیہ مخالف تقریر کرنے پر ایک ماہ قید کی سزا سنائی۔

جسٹس نسیم حسن شاہ نے اپنی سوانح حیات میں اپنے داماد اور نئے چیف جسٹس پاکستان کا تذکرہ کیا۔ وہ لکھتے ہیں جسٹس آصف سعید کھوسہ کے ورفقا کار ان کا ’ایک دانشور جج‘ کی حیثیت سے احترام کرتے ہیں۔

جسٹس کھوسہ نے قانون کے بارے چار کتابیں لکھیں جن میں ’ہیڈنگ دی کانسیٹیٹوشن‘، ’کانسیٹیٹوشنل ایپولوگس‘، ’بریکنگ نیو گراونڈ‘ اور ’ججنگ ود پیشن‘ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے آئین پاکستان کے بارے میں بھی کتاب لکھی۔

ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے جسٹس آصف سعید کھوسہ پاکستان کے دوسرے چیف جسٹس ہیں جن کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔

جسٹس کھوسہ نے بطور جج 55 ہزار مقدمہ کا فیصلہ کیا اور 2014 سے اب تک 10 ہزار سے زائد فوجداری اپیلوں کو نمٹایا۔

نئے چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ اس سال کے آخر میں بیس دسمبر کو 65 برس کے ہونے پر اپنے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp