ٹرمپ نے ذاتی وکیل کو ماسکو ٹرمپ ٹاور منصوبے کے بارے میں جھوٹ بولنے کی ہدایت کی: رپورٹ


ٹرمپ

امریکہ میں ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں کا کہنا ہے کہ وہ ان خبروں کی تحقیق کریں گے جن میں دعوی کیا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے ذاتی وکیل کو ہدایت کی تھی کہ وہ کانگریس کے سامنے جھوٹ بولیں۔

بزفیڈ کی رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے ذاتی وکیل مائیکل کوہن کو ہدایت کی تھی کہ وہ ماسکو میں ٹرمپ ٹاور کی تعیمر کے بارے میں کانگریس سے جھوٹ بولیں۔ مائیکل کوہن پہلے ہی تسلیم کر چکے ہیں کہ وہ ٹرمپ ٹاور منصوبے کے بارے میں جھوٹ بولتے رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے ابھی تک نیوز فیڈ کی رپورٹ پر اپنا ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے لیکن وہ ماضی میں کہتے رہے ہیں کہ انھوں نے اپنے وکیل کو کبھی بھی خلاف قانون اقدام کی ہدایت نہیں کی تھی۔

صدر ٹرمپ کے موجودہ ذاتی وکیل روڈی جولیانی نےواشنگٹن پوسٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ میں سے کوئی مائیکل کوہن کی باتوں پر یقین کرتا ہے تو پھر میں بروکلین بریج کم قیمت میں خرید کر دے سکتا ہوں۔

ایوان نمائندگان کی انٹیلجنس کمیٹی کے چیئرمین ایڈم شیف نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیق کریں گے۔ مائیکل شیف نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ یہ الزام کہ امریکہ کے صدر نے کسی شخص کو روس میں اپنے کاروبار کو چھپانے کے حوالے سے جاری تحقیق کو گمراہ کرنے کے لیے جھوٹ بولنے پر مائل کرنا ایک بہت سنگین جرم ہے۔ مائیکل شیف نے اپنے پیغام میں کہا: ‘ہم سچ تک پہنچنے کے لیے سب کچھ کریں گے۔’

بزفیڈ کی رپورٹ کیا کہتی ہے؟

بزفیڈ کے مطابق کے اس کی نیوز رپورٹ دو ایسے اہلکاروں کے بیانات پر مبنی ہے جو اس معاملے کی تحقیق کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ صدر ٹرمپ کے ذاتی وکیل مائیکل کوہن نے ماسکو ٹرمپ ٹاور کی تعیمر کے حوالےسے دس بار تازہ ترین صورتحال سے اس وقت آگاہ کیا جب صدر ٹرمپ روس کے ساتھ کسی کے کاروباری روابط کی تردید کر رہے تھے۔ خبر کے مطابق صدر ٹرمپ کی بیٹی ایونکا اور بیٹے ٹرمپ جونیئر کو بھی ماسکو میں ٹرمپ ٹاور کی تعمیر سے متعلق تازہ ترین معلومات سےآگاہ کیا گیا۔

سپیشل کونسل رابرٹ مولر جو امریکہ کے صدراتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کی تحقیق کر رہے ہیں، پہلے ہی یہ انکشاف کر چکے ہیں کہ مائیکل کوہن نے اس تاریخ کے بارے میں جھوٹ بولا جب ماسکو ٹرمپ ٹاور کے منصوبے کو ختم کیا گیا۔ بزفیڈ رپورٹ میں دعوی کیا گیا کہ مائیکل کوہن نے تحقیق کاروں کو بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ذاتی طور انھیں اس تاریخ کے بارے جھوٹ بولنے کی ہدایت دی تھی جب ماسکو ٹرمپ ٹاور سے متعلق مذاکرت ختم ہوئے تھے۔

مائیکل کوہن

رپورٹ میں کہا کہ رابرٹ مولر کے پاس ٹرمپ کی کمپنی کے دوسرے اہلکاروں کے بیانات بھی موجود ہیں جو مائیکل کوہن کے بیان کردہ حقائق سے مطابقت رکھتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ صدر ٹرمپ نے اپنے وکیل مائیکل کوہن سے کہا تھا کہ وہ ماسکو کے دورے کے دوران صدر ولادی میر پوتن سے بھی ملاقات کریں۔ مائیکل کوہن کو گذشتہ ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی جب انھوں نے تسلیم کیا کہ انھوں نے ماسکو ٹرمپ ٹاور منصوبے کے بارے میں کانگریس سے جھوٹ بولا تھا۔ صدر ٹرمپ کے ذاتی وکیل مائیکل کوہن نے عدالت میں کہا تھا کہ ان کی کمزوری ڈونلڈ ٹرمپ پر اندھا اعتماد تھا۔

صدر ٹرمپ مائیکل کوہن کو ایک کمزور شخص قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے زیادہ سزا سے بچنے کے لیے ماسکو ٹرمپ ٹاور کی کہانی گھڑ لی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp