ایدھی بھی کتنے عجیب تھے


\"Rabiکیسی عجیب بات ہے:

ایدھی نے کبھی الیکشن نہیں لڑا، کبھی سیاست کے ایوانوں میں نہیں آئے۔ کیا انھیں ووٹ نہیں مل سکتے تھے؟

ایدھی نے کبھی کوئی آف شور کمپنی کیوں نہیں بنائی؟

ایدھی نے دھماکوں، خود کش حملوں اور راکٹ لانچر کے زور پہ شریعت نافذ کرنے کا کیوں نہ سوچا؟

ایدھی نے اپنے پیروکار پیدا کرکے اپنے مطالبات کی منظوری تک ڈی چوک میں دھرنا کیوں نہیں دیا؟

ایدھی نے گن پوائنٹ پر کبھی کراچی میں بھتہ کیوں نہیں مانگا؟

ایدھی نے اپنے لیے چارٹرڈ طیارہ کیوں نہیں خریدا، کیا انھوں نے اپنا رفاحی ادارہ ایسے ہی چلا لیا؟

ایدھی نے کبھی لندن سے علاج کیوں نہیں کروایا؟

مارشل لا لگتے ہی ایدھی ملک سے فرار کیوں نہیں ہوئے؟

ایدھی نے بھاری بوٹوں والوں کے گن کیوں نہیں گائے؟

ایدھی گاڑیوں اور سیکیورٹی کے حصار میں کسی ہسپتال میں زخمیوں کو دیکھنے کیوں نہیں آئے؟

ایدھی نے کبھی فتویٰ کیوں نہیں دیا تھا، کسی کو کافر کیوں نہیں کہا؟

ایدھی نے ساری عمر سادے کپڑے پہنے، انھوں نے برانڈڈ کپڑوں کا کاروبار کیوں نہ کیا؟

ایدھی کا کسی صحت افزا مقام پر بنگلہ کیوں نہیں تھا جہاں وہ اپنے آرام کے لیے جاتے؟

لوگ بھی کتنے عجیب تھے:

\"edhi2\"چندہ بھی ایدھی کو دیتے تھے مسیح بھی، پارسی بھی، ہندو بھی مسلم بھی!

 سارے فرقوں والے ایدھی کے ملازم تھے!

گناہ بھی کرتے تھے اور ایدھی سے معافی کی مدد بھی مانگتے تھے!

اپنے ہی ہم جنسوں (انسانوں) کو سفاکی سے مارتے تھے مگر لاشوں کے لیے ایدھی کی ایمبولنسوں کو پکارتے تھے!

اپنی عورتوں کی تذلیل کرتے تھے، انھیں بے رحم معاشرے کے سمندر میں پھینک دیتے تھے اور ایدھی سے کنارے کی خواہش بھی رکھتے تھے!

بچیوں کے ہاتھ پیلے کرنے کی سکت بھی نہیں رکھتے  تھے اور کسی صاحب ثروت کی بجائے ایدھی سے سرخ جوڑا بھی مانگتے تھے!

پاکستانی معاشرہ بھی کتنا عجیب ہے:

ایدھی کی راہ میں روڑے کیوں نہیں اٹکائے؟

\"EDHIایدھی کو ملک بدر کیوں نہیں کیا؟

ایدھی کا داڑھی کے باوجود کسی فرقے سے تعلق کیوں ثابت نہیں کیا؟

ایدھی کو مذہب اور سماجی خدمت کے نام پر ذلیل کیوں نہیں کیا؟

پاکستانی قوم جو سازش بُننے میں ماہر ہو چکی ہے ایدھی کی ذات سے سازشیں کیوں نہیں نکالیں؟

ایدھی کسی ملک کے ایجنٹ قرار کیوں نہیں دیے گئے؟

ایدھی کو کسی فرقے، کسی تنظیم یا کسی شدت پسند نے نقصان کیوں نہیں پہنچایا؟


Comments

'ہم سب' کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔ کمنٹ کرنے والا فرد اپنے الفاظ کا مکمل طور پر ذمہ دار ہے اور اس کے کمنٹس کا 'ہم سب' کی انتظامیہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

3 thoughts on “ایدھی بھی کتنے عجیب تھے

  • 10-07-2016 at 8:35 pm
    Permalink

    مجھے یاد آتا ہے کہ ایک وقت یہ بھی آیا تھا کہ دھمکیوں کی وجہ سے ایدھی صاحب کراچی چھوڑ کر لندن چلے گئے تھے، اور تب ارباب اقتدار نے ارباب بندوق نے حتمی وعدے حاصل کرکے ایدھی صاحب کو واپس کراچی ںنے پر آمادہ کیا تھا۔

Comments are closed.