نیب کو تین ہفتوں میں ریکارڈ پیش کرنے کا حکم


پاکستان

تین دفعہ کے وزیر اعظم محمد نواز شریف کو احتساب عدالت سے کرپشن کے الزام میں دس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے

اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی العزیزیہ سٹیل ملز کے مقدمے میں احتساب عدالت کی طرف سے ملنے والی سزا کے خلاف اپیل پر قومی احتساب بیورو سے جواب طلب کرلیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کے حکام کو تین ہفتوں میں العزیزیہ سٹیل ملز کے مقدمے کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق عدالت نے اس مقدمے میں اضافی دستاویزات جمع کروانے سے متعلق نواز شریف کی درخواست کو بھی منظور کرلیا ہے جس کے بعد العزیزیہ سٹیل ملز کے مقدمے میں اضافی دستاویزات بھی جمع کروادی گئی ہیں۔

سابق وزیر اعظم اور حزب مخالف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ احتساب عدالت نے ان کے موکل کے خلاف فیصلہ محض مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کی روشنی میں دیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ کوئی دستاویزات بھی نہیں لگائی گئیں۔ اُنھوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اثاثوں کے اصل مالک نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود اُنھیں سزا سنائی گئی۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد ارشد نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں عدم ثبوت کی بنا پربری کردیا تھا۔

خواجہ حارث نے عدالت سے استدعا کی کہ احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل تو تاخیر سے سماعت کے لیے مقرر ہوگی اس سے پہلے سزا کی معطلی کی درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے جس پر بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیئے کہ ریکارڈ آنے دیں پھر اس معاملے کو بھی دیکھیں گے۔

بینچ کا مذید کہنا تھا کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو اپیل اور سزا معطلی کی درخواست کو الگ کر دیں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے اسی دو رکنی بینچ نے نیب کی طرف سے فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی رہائی کے خلاف نیب کی درخواست کی بھی سماعت کی۔

نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ماتحت عدالت نے فلیگ شپ ریفرنس میں ان شواہد کو سامنے نہیں رکھا جس کی بنیاد پر یہ ریفرنس دائر کیا گیا تھا جس پر بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیے کہ عدالت تمام دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد اس پر کوئی فیصلہ دے گی۔

نیب کے پراسکیوٹر کی طرف سے نے العزیزیہ سٹیل ملز کے مقدمے میں بھی نواز شریف کو کم سزا دینے کے خلاف دائر درخواست پر نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp