”ابے کالے! تیری امی کہاں بیٹھی ہوئی ہیں؟ آج۔۔۔“ نسل پرست فقرے پر سرفراز احمد مشکل میں


جنوبی افریقہ نے ڈربن میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ کے دوران چار پاکستانی وکٹین لینے والے اینڈل فیہلوکوائیو نے بلے بازی میں بھی مہارت دکھائی تو وکٹوں کے پیچھے کھڑے پاکستان کپتان سرفراز احمد نے ان سے ایسی بات کہہ دی کہ جس پر ہر طرف سے شدید ردعمل آ رہا ہے۔

پاکستان کی جانب سے دیے جانے والے 204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے انتہائی کم رنز پر 5 وکٹس گنوادیں ۔ اس سے پہلے کہ پریشر میں آئی جنوبی افریقن ٹیم کی کشتی ڈوب جاتی، دوسین اور اینڈل فیہلوکوائیو نے شاندار بلے بازی کر کے اپنی ٹیم کو مشکل سے نکال لیا۔ دوسین نے 80 اور اینڈل فیہلوکوائیو نے 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں ۔

میچ کے دوران ایک موقع پر سرفراز احمد نے تنگ آ کر بآواز بلند اردو میں آواز لگائی

” ابے کالے! تیری امی آج کہاں بیٹھی ہوئی ہیں، کیا پڑھوا کے آیا ہے ان سے“۔

سرفراز احمد کی یہ بات جب کمنٹری باکس تک پہنچی تو کمنٹیٹر نے رمیز راجہ سے سوال کیا کہ کپتان نے کیا کہا ہے؟ رمیز راجہ ہنس کر بات ٹال گئے اور کہا ” سرفراز کی بات کا ترجمہ کرنا بہت ہی مشکل ہے کیونکہ انہوں نے بہت لمبا جملہ بولا ہے۔ غالباً وہ اینڈل فیہلوکوائیو کی خوش قسمتی پر بات کر رہے ہیں“۔

جنوبی افریقی بلے باز کے لیے کہا گیا فقرہ تضحیک آمیز قرار دیا جارہا ہے جو کہ سرفراز کے لیے مشکلات کا سبب بن سکتا ہے کیوں کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اس حوالے سے سخت مؤقف رکھتا ہے۔ سرفراز نسل پرستی کے مرتکب قرار پائے تو انہیں سزا ہو سکتی ہے۔

سرفراز کا جنوبی افریقی کرکٹر کے بارے میں مبینہ طور پر نسلی تعصب پر مبنی تضحیک آمیز جملہ موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ اس حوالے سے سکندر بخت کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں اس طرح کے فقرے معیوب سمجھے جاتے ہیں اور خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ سرفراز کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

شعیب اختر کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک ہے۔ سرفراز کپتان ہے، اس کو زیادہ محتاط رہنا چاہیے۔ اس طرح کے کمنٹس کا سخت نوٹس لیا جائے گا اور وہ معطل بھی ہو سکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).