کراچی: پولیس اہلکاروں سے رائفل چھننے کا دعویٰ جھوٹ نکلا


کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے میاں بیوی کے زخمی ہونے سے متعلق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پولیس اہلکاروں سے رائفل کسی نے نہیں چھینی بلکہ اہلکاروں نے جھوٹ بولا۔ غفلت کا مرتکب ہونے پر اعلیٰ حکام نے دونوں اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات دے دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کورنگی عوامی کالونی میں فائرنگ کا واقعہ وائن شاپ کے قریب پیش آیا، دونوں پولیس اہلکار وائن شاپ سےنکلنے والے افراد کی تلاشی میں مصروف تھے۔ اس دوران موٹر سائیکل سوار افراد کو پولیس اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا اور نہ رکنے پر فائرنگ کر دی جس سے وہاں سے گزرنے والے میاں بیوی زخمی ہو گئے، بے گناہ شہریوں کے زخمی ہونے پر اہلکار اپنی رائفل چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق دونوں اہلکاروں نے جھوٹ بولا کہ نامعلوم ملزمان ان کی سرکاری رائفل چھین کر فرار ہو گئے۔

واقعے میں ملوث اہلکار ظاہر شاہ اس سے قبل چوری کے کیس میں گرفتار ہوچکا ہے جبکہ ذرائع کے مطابق اہلکار ظاہر شاہ اور عمران کا تلاشی کے بہانے شہریوں کو تشدد کرنا اور مبینہ طور پر رشوت وصول کرنا معمول ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دونوں پولیس اہلکار غفلت کے مرتکب ثابت ہوئے جس پر انہیں معطل کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ایسٹ نے ملزم اہلکاروں کے خلاف ایس ایس پی کورنگی کو مقدمہ درج کرنے کے احکامات دے دیے ہیں۔

پولیس کی ابتدائی تفتیش میں کہا گیا ہے کہ ایک پولیس اہلکار سے مبینہ طور پر ایس ایم جی چھینی گئی جس پر دوسرے پولیس اہلکار نے ملزمان پر فائرنگ کر دی، پولیس اہلکار کی فائرنگ سے دونوں میاں بیوی زخمی ہوئے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).