پشاور پریس کلب نے پی ٹی ایم کو سیمینار کی اجازت دینے سے انکارکر دیا


پاکستان

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں قبائلی نوجوانوں کی تنظیم پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماؤں نے الزام لگایا ہے کہ ان کی تنظیم کو پشاور پریس کلب میں مقامی مسائل پر سیمنار منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تاہم پریس کلب کی انتظامیہ نے اس بات کی سختی سے تردید کی ہے کہ پی ٹی ایم کا سیمینار کسی دباؤ کے نتیجے میں منسوخ کیا گیا ہے۔

پشاور میں پی ٹی ایم کے ایک رہنما رحیم شاہ ایڈوکیٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی تنظیم کی طرف سے ایک ہفتہ قبل پریس کلب میں سیمینار کے انعقاد کے لیے بکنگ کی گئی تھی اور اس ضمن میں 15000 روپے پیشگی رقم جمع کرائی گئی تھی۔

تاہم انھوں نے کہا کہ گذشتہ روز پریس کلب کی انتظامیہ کی طرف سے ان کو بذریعہ ٹیلی فون مطلع کیا گیا کہ چونکہ ان پر بعض لوگوں کی طرف سے دباؤ ہے لہذا ان کو کلب میں سیمینار کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

رحیم شاہ ایڈووکیٹ کے مطابق یہ سیمینار خیبر ایجنسی کے قبائل کے مقامی مسائل سے متعلق ہے جس میں ان کے ٹرانسپورٹ اور آّڈوں کے معاملات قابل ذکر ہیں۔

انھوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ صحافیوں کے ایک ایسے ادارے نے سیمینار کے انعقاد سے انکار کیا جس کا مقصد ہی عوام کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔

پاکستان

ان کا مزید کہنا تھا کہ کلب کی جانب سے انکار کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ یہ سیمینار اب پریس کلب کے باہر سڑک پر منعقد کیا جائے گا اور جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

دوسری طرف پشاور پریس کلب کی انتظامیہ نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے کہ پی ٹی ایم کا سیمینار کسی دباؤ کے نتیجے میں منسوخ کیا گیا ہے۔

پریس کلب کے صدر سید بخار شاہ نے رابطہ کرنے پر بی بی سی کو بتایا کہ پی ٹی ایم کے رہنماؤں کو واضح طورپر بتایا گیا تھا کہ چونکہ کلب میں تعیمراتی کام ہو رہا ہے لہذا ایسی صورت یہ ممکن نہیں ہو گا اور نہ ان کے پاس اتنے سارے افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس کے علاوہ کلب کے عہدیدار بھی پی ٹی ایم کو سیمینار کی اجازت دینے پر منقسم تھے لہذا مصلحت اسی میں جانی گئی کہ ان کو معذرت کی جائے۔

دریں اثنا پشتون تحفظ موومنٹ نے اپنے ایک سرگرم رہنما عالم زیب محسود کی گرفتاری اور ان کے خلاف مقدمے کے اندراج کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی ایم ذرائع کے مطابق یہ احتجاج بدھ کو ملک کے مختلف شہروں کے پریس کلبوں اور عوامی مقامات پر کیا جا رہا ہے جس میں عالم زیب محسود کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔

پاکستان

کراچی پولیس نے عالم زیب خان محسود کو چہرے پر کپڑا باندھ کر، سنگین جرم کے مرتکب الزام میں پیش کیے جانے والے ملزم کی طرح انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا تھا

خیال رہے کہ عالم زیب محسود کو منگل کو کراچی میں گرفتاری کے بعد مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

کراچی پولیس نے عالم زیب خان محسود کو چہرے پر کپڑا باندھ کر، سنگین جرم کے مرتکب الزام میں پیش کیے جانے والے ملزم کی طرح انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا تھا۔

یاد رہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ کی جانب سے شہر کی پشتون آبادی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ایک جلسہ کا انعقاد کیا تھا جس کے بعد عالم زیب اور دیگر رہنماؤں کی گرفتاری عمل میں آئی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32547 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp