سیکولرازم کیوں معقول ہے؟


 سیکولرازم کی بحث جاری تھی کہ کوئٹہ میں مسیحی ہم وطنوں پر یکے بعد دیگرے دو حملے ہو گئے۔ موقر اطلاعات کے مطابق داعش نے ان حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کر لی۔ اس کے بعد مذہب اور ریاست کی علیحدگی کے جواز کے لئے جیسے مزید کوئی سند مہیا کرنے کی ضرورت ہی نہیں رہی۔ اسی پس منظر میں ہمارے کچھ روشن خیال مذہب پسند دوستوں نے رائے ظاہر کی کہ انتہا پسندی کی بجائے دہشت گردی سے لڑیں۔ شاید یہ بات بادی النظر میں سیکولرازم کی طرف کھڑے کچھ دوستوں کو کسی حد تک معقول بھی معلوم ہوئی ہو لیکن ہماری رائے میں جب تک فکر میں ایک انتہا پسندی اس طرح موجود ہے کہ اپنے اندر کسی نہ کسی حالت میں الہامی تعبیرات کو استبدادی طریقے سے سماج میں نافذ کرنے کا جواز رکھتی ہے، اس وقت دہشت گردی کے جزوقتی مظاہر سے جنگ جیتنے کے باوجود یہ فکری انتہا پسندی قلب ماہیت کے بعد دہشت گردی کے کسی نہ کسی نئے مظہر کے طور پر سامنے آتی رہے گی۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی میں اس قسم کی سطحی تفریق سے بہرحال ایک قسم کی انتہاپسندی معقول ٹھہرے گی اور اس کی تہہ میں موجود خوابیدہ دہشت گردی کسی آتش فشاں کی طرح اپنے مقررہ وقت پر ابل پڑے گی۔ کیا یہ ہم سب کے سامنے نہیں کہ حکومت کے تنخواہ دار’اسلامی نظریاتی‘ اپنی فکر میں کس قسم کی انتہا پسندی رکھتے ہیں؟ کیا ان کے پاس اس کی معقول اعتقادی بنیادیں موجود نہیں؟ آپ کہتے ہیں کہ شدید ترین مذہب پسند کے نزدیک بھی معصوم بچوں کے قتل کا جواز نہیں لیکن کیا آپ کو اس سے بھی انکار ہے کہ یہ مذہب پسند سلمان تاثیر کے قتل کا کوئی رتی برابر اعتقادی جواز نہیں رکھتے؟ کیا آ پ کی نظر سے تحریک طالبان پاکستان کا علمائے کرام کو لکھا وہ مشہورِ زمانہ خط نہیں گزرا؟ اس خط کو کسی بھی مذہب پسند کالم نگار کے اخباری مضمون کے ساتھ ملا کر پڑھ لیجئے تو آپ کو صاف نظر آ جائے گا کہ دہشت گردی کے درخت کے جڑیں فکری انتہا پسندی کے تخم سے پھوٹتی ہیں اور تعبیرات نافذ کرنے کی استبدادی خواہشات کے پانی سے سینچی جاتی ہیں۔

اس فکری خلطِ مبحث کے باعث انتہا پسندی کا یہ مرض اب اس حد تک پھیل چکا ہے کہ معاشرے کا کوئی بھی ادارہ اس سے مکمل طور محفوظ نہیں۔ہماری رائے میں اس خلطِ مبحث کی بنیادی وجہ منفرد اعتقادی رجحانات اور تعصبات کے باعث سیکولرازم سے متعلق ایک مخصوص قسم کا نفسیاتی عدم تحفظ ہے جو بہرحال اپنی ہر صورت میں کسی نہ کسی طرح فکری استبداد کو ایک نظرئیے کے طور پر تسلیم کرتا ہے، لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ ازمنہ قدیم ہی سے اس فکری استبداد کی ذمہ داری اپنے اوپر لینے کی بجائے خدا کی جانب منسوب کر دیتا ہے۔ لہٰذا تاریخ کا ہر طالب علم بخوبی جانتا ہے کہ پادشاہی اور امرا شاہی نظام حکومت میں جہاں پناہ یا عنان حکومت سنبھالے ’اولو الامر‘ وغیرہ ہمیشہ منزل من اللہ تصور کئے جاتے ہیں اور ان کے جبر سے آزاد ی مانگنے والے ہر انسان پر خدا سے آزاد ی مانگنے، خدا کو مرکز سے ہٹانے، خدائی الہام کو ٹھکرانے اور غیر اہم گرداننے کی تہمت لگتی ہے۔ ظاہر ہے کہ سماج میں یہ تہمت اگر صرف زبان و بیان تک محدود رہے تو فکری انتہا پسندی ہے اور اگر اس سے آگے بڑھے تو دہشت گردی۔ دہشت گردی کے تدارک کے لئے تو یقیناً قوانین موجود ہیں اور ان پر ایک معقول حد تک اتفاق رائے بھی پایا جاتا ہے لیکن ہماری بدقسمتی ہے کہ فکری انتہا پسندی کے لئے اب تک ایک ایسے اتفاق رائے پر امکانی نوعیت میں بھی کوئی قیاس آرائی کرنا مشکل ہے۔اس تناظر میں جب ہم سیکولرازم کی بات کرتے ہیں تو ہماری رائے میں یہ اپنے مذہب پسندوں دوستوں سے کوئی جنگ جیتنے کا مسئلہ نہیں بلکہ اس اتفاق رائے کی جانب ایک پہلا ناگزیر قدم ہے۔

ہماری اس رائے کی بنیاد یہ معقول مفروضہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں رائج مذہب پسند ی اپنی تمام سماجی جہتوں میں اس قسم کا مشترکہ اتفاق رائے پیدا کرنے کے قابل نہیں کیوں کہ یہ ہر قسم کے اعتقادات پر ایسا ثابت قدم اصرار کرتی ہے کہ مخالف تجربات کو نظری طورپر معقول جاننے سے بھی خود تردیدی کا شکار ہو جاتی ہے۔ چونکہ جدید سماجی محرکات فی نفسہ اس طریقے کے خلاف ہیں لہٰذا معاشرے میں اعتقادات کو مستقل طور پر قائم رکھنے کے لئے طاقت کا استعمال لازم آتاہے۔اس مفروضے کے جواب میں ہمارے ہاں کے ایک مخصوص طبقہ فکر کا یہ دعویٰ کہ سیکولر فکر بھی جبر و طاقت اور استبداد کو معقول گردانتی ہے گو ایک نہایت بودا طریقہ استدلال ہے، لیکن اگر بحث کی خاطر اسے معقول تنقید تصور بھی کر لیا جائے تو بھی ہمارے یہ مخالفین ایک استبداد کی بجائے دوسرے استبداد کو ترجیح دینے سے زیادہ کیا کہنا چاہتے ہیں؟ جسارت ہوتی ہے لیکن سماجی تجربہ گاہ میں تجرباتی طور پر اس بڑبڑاہٹ میں سے معنی دریافت کرنا ناممکن ہے۔

یوں معلوم ہوتا ہے کہ خدا کے منہ سے بولنے والا یہ استبدادی ذہن اعتقادات کی ماہیتِ اصل ہی سمجھنے سے قاصر ہے۔تجرباتی تناظر میں سادہ سی بات یہی ہے کہ میرا اعتقاد ایک پیچیدہ ترین کیفیت ہے جس کے بارے میں میرے اپنے اندازے بھی حتمی نہیں۔ میں صرف وجدانی طور پر اعتقاد رکھتا ہوں کہ میں فلاں آدمی کے نطفے اور فلاں عورت کے بطن سے پیدا ہوا ہوں، اور اس اعتقاد پر میرا دل مطمئن ہے کیوں کہ ایسی کوئی خبر کبھی میرے علم میں نہیں آئی جو مجھے مضطرب کر پاتی۔ میری عقل کبھی تو میرے اعتقاد کی ماہیت صرف اس درجہ تبدیل کرتی ہے کہ اضطراب کی صورت میں میرے اعتقاد کو متزلزل نہیں ہونے دیتی، اسے اپنی جگہ اٹل اور ساکن رکھتی ہے یا کبھی کسی دوسری صورت میں جب اضطراب اتنا شدید ہوتا ہے کہ اعتقاد اپنی جگہ سے ہل جاتا ہے تو عقل اسے کسی دوسرے مقام پر قائم کر دیتی ہے۔ کیا ہم میں سے ہر ایک نے زندگی میں ایک سے زیادہ بار یہ مشاہدہ نہیں کیا کہ کسی شدید غیرمذہبی شخص کی زندگی میں مذہب نہایت اہمیت اختیار کر لیتا ہے اور اب وہ اسی شدو مد سے سچائیوں کے ایک بالکل متضاد مجموعے کو اپنا لیتا ہے؟

عقل چونکہ میری ذات کی اکائی کا ہی ایک جزو ہے لہٰذا میرے ہر اعتقاد کو کسی نہ کسی درجے میں استدلال مہیا کر سکتی ہے۔ مستقبل کی کوئی بھی خبر زمانی و مکانی پیمانوں پر ممکنات کی دنیا سے تعلق رکھتی ہے۔ اخبارِ مستقبل پر اندھا اعتقاد وہ ہوتا ہے جو ان قضیوں پر حتمی درجے میں اصرار کرنے کی قوت رکھتا ہو جو تاحال دائرہِ امکان میں ہیں۔ اگر مستقبل کے ان وقائع کے وقوع پذیر نہ ہو سکنے کو کم سے کم درجہ? احتمال میں بھی مان لیا جائے تو پھر اعتقادمنطق و استدلال کی دوربین لگا کر اپنے برحق ہونے پر کسی احتمالی درجے میں اصرار کرتا ہے اور اندھا نہیں ہوتا۔ اخبارِ ماضی کے بارے میں اندھا اعتقاد وہ ہوتا ہے جسے کوئی بھی نئی دریافت ہونے والی تاریخیِ خبر مضطرب ہونے کی وجوہات فراہم نہ کر سکے۔ اگر کوئی خبر ایسا کرنے میں کامیاب ہو جائے تو پھر اعتقاد اندھا نہیں ہوتا بلکہ تاریخی سچائی کو بھی پرکھنے کی خاطر منطقی پیمانوں کی دوربین سے دیکھتا ہے۔

باقی تحریر پڑھنے کے لئے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیے 

عاصم بخشی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

صفحات: 1 2

عاصم بخشی

عاصم بخشی انجینئرنگ کی تعلیم و تدریس کے پیشے سے وابستہ ہیں۔ ادبی تراجم اور کتب بینی ان کے سنجیدہ مشاغل ہیں۔

aasembakhshi has 79 posts and counting.See all posts by aasembakhshi

Subscribe
Notify of
guest
10 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments