یہ غیرت کے نام پر قتل ہوتا کیا ہے؟


مجھے تو آج تک یہی سمجھ نہیں آئی کہ غیرت کے نام پر قتل ہوتا کیا ہے؟ پہلے تو ہم یہی سمجھتے تھے کہ  قتل، قتل ہوتا ہے۔۔۔ غیرت کے نام\"zunaira پر قتل کو الگ قسم کے قتل میں کیسے ڈالا جا سکتا ہے؟ یعنی پہلے تو آپ نے یہ کہہ دیا کہ یہ جو قتل ہوا ہے یہ کوئی نارمل قتل نہیں ہے۔ لہذا (غالباً) اس کی سزا بھی ایک نارمل قتل جیسی نہیں ہو سکتی۔ بہرحال، اس ملک میں روزانہ کی بنیاد پر غیرت کے نام پر ہونے والے واقعات سے ہم نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ غیرت اور اس کے نام پر قتل کی درج ذیل خصوصیات ہوتی ہیں

1۔ غیرت صرف مردوں کا خاصا ہے۔ کسی عورت نے چونکہ کبھی غیرت کے نام پر قتل نہیں کیا، تیزاب نہیں پھینکا اور اپنے مرد کو زندہ نہیں جلایا تو یہ ثابت ہوا کہ عورتیں پیدائشی بے غیرت ہوتی ہیں

2۔ غیرت کے نام پر قتل کرنے سے خاندان اور اس سے جڑے ہر شخص کی عزت فوری طور پر بحال ہو جاتی ہے۔ وہ نہ صرف اب معاشرے میں سر اٹھا کر جی سکتے ہیں بلکہ قاتل ہونے کا تمغہ سینے پر لگائے زیادہ عزت کے حقدار بھی ہو جاتے ہیں۔

3۔ ماں باپ کی پسند کی شادی سے انکار کرنا، اپنی پسند کی شادی کرنا، خاندان کی مرضی کے خلاف آگے پڑھنا، اپنی مرضی کے کپڑے پہننا ان تمام وجہوں میں سے ہیں جس کی وجہ سے غیرت یکدم جوش کھا کر ہاتھ سے نکل سکتی ہے

4۔ غیرت محض ایک شخص یا خاندان کا خاصا نہیں۔ اجتماعی غیرت کا نظارہ جرگے کے فیصلوں میں بھی بکثرت کیا جا سکتا ہے ۔

5۔ کسی مرد کی وجہ سے اگر خاندان کے نام پر بٹا لگ جائے تو عورت کو ونی کر کے اس کا فوری اور سستا علاج کیا جا سکتا ہے۔ ضروری نہیں کہ ہر دفعہ غیرت کےنام پر قتل ہی ہو۔

6۔ غیرت کا تعلق خصوصی طور پر ترقی پذیر ممالک میں انڈو پاک سے ہے۔ ترقی یافتہ ممالک میں نام کو غیرت نہیں ہے۔ بےغیرت ہر لحاظ سے اخلاقی پستی کا شکار ہو چکے ہیں اور عورت کو بازار کی زینت بنا کررکھ چکے ہیں۔

7۔ پچھلے سال دنیا میں غیرت کے نام پر 5000 قتل ہوے۔ اس میں سے 1000 انڈیا میں اور 1000  پاکستان میں ہوئے۔ کون کہتا ہے ہم انڈیا سے پیچھے ہیں۔

پاکستان زندہ باد۔۔۔ غیرت زندہ باد


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
2 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments