زندگی کا ہر روپ انمول ہے


\"lubnaکوئی دن نہیں جاتا کہ ہم ٹی وی، اخبار یا ریڈیو میں انسانوں کے ماحولیات پر اثر یا ناپید ہوجانے کے خطرے میں موجود جانوروں یا پودوں کے بارے میں کوئی خبر نہ سنیں۔ آپ نے کبھی اس بات پر غور کیا کہ ہمیں اس سے کیا فرق پڑتا ہے کہ کسی دور دراز کے جزیرے میں کسی پرندے کی نسل ناپید ہوتی جا رہی ہے یا کوئی پودہ اب ہوا یا زمین میں موجود کیمیائی مادوں کی وجہ سے اگنا بند ہوگیا ہے۔ ان میں سے زیادہ تر چیزیں تو ایسی ہیں کہ ہم ان کے نام تک نہیں جانتے اور کچھ ایسی بھی جو کبھی دریافت بھی نہیں ہوئیں۔

ہیلا مانسٹر ایک آہستہ سے حرکت کرتی ہوئی بڑی سی چھپکلی ہے جو تقریباً دو فیٹ لمبی ہوتی ہے۔ یہ زہریلی چھپکلی امریکہ اور میکسیکو میں پائی جاتی ہے۔ آہستہ چلنے کی وجہ سے یہ انسانوں کے لئیے زیادہ خطرے کا باعث نہیں بنتی لیکن پھر بھی اکثر لوگ اس کو دیکھتے ہیں تو مار دیتے ہیں۔ ایریزونا اور نیواڈا کی زیاستوں میں ہیلا مانسٹر کو مارنا غیرقانونی ہے۔ ہم کیوں پروا کرتے ہیں کہ ایک بیکار ریگستانی جانور کو کوئی مارے یا نہیں؟ ہیلا مانسٹر کا ہماری زندگی سے کیا تعلق ہے؟ اگر سوچا جائے تو تمام دنیا ، اس کا ماحول اور جاندارایک دوسرے سے نہایت پیچیدہ رشتوں میں منسلک ہیں ۔ آج ہم ذیابیطس کی ایک نسبتاً نئی دوائی کے بارے میں تفصیل بیان کریں گے، یہ کیسےکام کرتی ہے؟ کہاں سے آتی ہے؟ اور اس کے کیا فائدے ہیں؟

GLP-1 analogs: for example Exanatide and Liraglutide, other names Byetta and Victoza

جی ایل پی –ون انالوگ ایک دوائی کی کلاس ہے جس میں کئی دوائیں دستیاب ہیں۔ یہ دوائیاں ذیابیطس کے مرض میں نہایت مفید ہیں۔ ان کو

\"OLYMPUS

انجیکشن کے ذرئعیے جسم میں داخل کیا جاتا ہے۔ یہ دوائیں بھوک کم کرتی ہیں، انسولین کے لبلبے سے اخراج میں مدد دیتی ہیں، بلڈ شوگر میں کمی کرتی ہیں، وزن گھٹاتی ہیں اور جسم میں انسولین کے خلاف مزاحمت کم کرتی ہیں۔ یہ دوا ئی ہیلا مانسٹر کے لعاب میں موجود ایک کیمیائی مادے کی نقل سے بنائی جاتی ہے۔ یہ دریافت بہت سے سائنسدانوں کی انتھک محنت اور تجسس کا نتیجہ ہے۔ ان سائنسدانوں نے اس انتہائی آہستہ چلنے پھرنے والے جانور پر دن رات تحقیق کی، وہ کیا کھاتا ہے، کہاں رہتا ہے، کہاں سوتا ہے، درخت پرکیسے چڑھتا ہے، بچوں کا کیسے خیال رکھتا ہے وغیرہ وغیرہ۔ اس تمام ریسرچ کے بعد یہ دریافت کیا گیاکہ ہیلا مانسٹر سال میں صرف 5 سے 10 بار کھانے پر کیسے گزارا کرتا ہے۔ آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ ہیلا مانسٹر کو اتنی کم بھوک لگنے کا راز اس کے لعاب میں بننے والے ایک کیمیائی مادے میں ہے۔

Exendin- 4 ( the chemical derived from the gila monster’s saliva)

سن 2005 میں امریکہ کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے ایگزیناٹائڈ یعنی کہ بائی ایٹا دوائی کی ذیابیطس کے علاج کے لئیے منظوری دے دی۔ یہ ایک بنایا ہوا کیمیکل ہے جو ہیلا مانسٹر کے لعاب میں موجود کیمیکل کی نقل ہے۔ میرے ذیابیطس کے بہت سے مریض روز یہ دوا استعمال کرتے ہیں اور اس کے فوائد حاصل کررہے ہیں۔ ذیابیطس کے مناسب علاج سے آنکھوں ، گردوں، اعصاب کی بیماری، دل کے دورے اور فالج میں کمی واقع ہوتی ہے اور ان بیماریوں سے مرنے کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔ آپ نے دیکھا کہ ہم جس کو ایک بیکار جانور سمجھ رہے تھے اس سے کتنا فائدہ حاصل ہوا اور اب یہ سوچیں کہ اور کتنے پودے اور جانور ہونگے جن میں کیا راز چھپے ہیں جو ابھی تک کوئی نہیں جانتا۔ زندگی ایک قیمتی شے ہے اور اس کی اہمیت کو سمجھنا اور اس کی عزت کرنا ضروری ہے۔ اس لئیے اگلی مرتبہ جب آپ کسی چھوٹے سے کیڑے مکوڑے، جانور یا پودے پر پیر رکھنے والے ہوں تو ایک لمحہ رک کر غور کیجئیے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments