آئیے، غیرت غیرت کھیلتے ہیں


\"Tanveerہمارے معاشرے میں غیرت کا لفظ کافی استعمال یا یوں کہیے کافی بے غیرتی کے ساتھ استعمال ہونے والا لفظ ہے، آپ دن میں کتنی بار یہ لفظ سنتے ہونگے کہ فلانا کتنا بے غیرت ہے، یا جاؤ غیرت ہے تو ڈوب مرو، یا فلانے کی غیرت کہاں مر گئی؟

غیرت کی کیا تعریف ہے، جتنے کلچرل پس منظر والے منہ، اتنی ہی غیرت کی تعریفیں، آج کل میڈیا اور سول سوسائیٹی غیرت کے نام پر قتل کی اصطلاح زور شور سے استعمال کررہی ہے، جو عموماًٰ ایسے معاملے میں استعمال کی جاتی ہے جس میں کوئی مرد یا خاندان اپنی بہن، بیٹی، بیوی، ماں کو اچانک غیرت میں آکر غیرت کا نام لے کر قتل کردیتا ہے، مگر بہت سارے معاملات میں پتہ چلتا ہے کہ غیرت محض بہانہ تھا بے چاری مظلوم بہن، بیٹی، ماں، بیوی کو راستے سے ہٹانے کا ۔

لیکن مہذب دنیا میں انفرادی اور اجتماعی طور پر غیرت کھانے کی اور بہت سی وجوہات ہوتی ہیں، جنہیں ہم عموماً نظرانداز کردیتے ہیں، ہم نے دنیا بھر کے معاشروں کا مشاہدہ کرکے غیرت کا ایک بین الاقوامی انڈیکس یا پیمانہ ترتیب دیا ہے اور ہم آپ سے درخواست کرینگے کی آپ مندرجہ ذیل سروے کے زریعے اس پیمانے کے مطابق اپنی غیرت کی سطح جانچنے کی کوشش کریں

آپ مندرجہ ذیل نکات پڑھتے جائیں اور جن نکات پر آپ متفق ہوں کہ اس سے غیرت آنی چاھیے اسکے آگے ( ہاں) اور جن نکات سے متفق نہ ہوں انکے آگے (نہیں) لگا دیں۔

۔ ننھے منے چودہ سال سے کم عمر بچوں کا کارخانوں، موٹر ورکشاپوں، گھروں میں کام کرنا اور ان کا جنسی استحصال (مشمول اسکول، مدارس میں) ایک غیرت کا معاملہ ہے

۔ متمول افراد کا کتے بلیوں اور پالتو جانوروں پر ہزاروں روپے ماہانہ خرچ کرنا مگر ، معصوم بھوکے بھکاری بچوں کو دھتکار دینا، غیرت کا معاملہ ہے

۔ امیر گھرانوں کی چمچماتی گاڑیوں سے روڈ پر پھینکا جانے والا کوڑا کرکٹ، جوس کے ڈبے، بے غیرتی ہے

۔ گلی محلے، سڑکوں پر گٹر کے پانی، کوڑا کرکٹ کو دیکھ کر سائیڈ سے کٹ کر نکل جانا اور اسکے تدارک کے لئے کوئی احتجاج، کوئی شکایت نہ کرنا، ایک بے حس بے غیرتی کی قسم ہے

۔ بجلی نہ آنے اور لوڈ شیڈنگ پر محکمے سے احتجاج کرنے کے بجائے خاموشی سے یو پی ایس، جنریٹر وغیرہ لا کر لگا لینا، بھی ایک اجتماعی بے غیرتی کی قسم ہے

۔ تعلیم میں نقل کا بڑھتا رجحان اور اس کو درست ماننا اور اس کے لئے دلائل گھڑنا، بے غیرتی ہے

۔ معذور افراد کو بسوں، ٹرینوں میں جگہ نہ دینا، اپنی نشست نہ پیش کرنا، بہت بری بے غیرتی ہے

۔ مرد حضرات کا روڈ اور پبلک مقامات پر دھڑلے سے پیشاب کرنا اول درجے کی بے غیرتی ہے

۔ مرد حضرات کاآتی جاتی خواتین کو ایکس رے کردینے والی بھوکی اور وحشی نطروں سے تاڑنا، اور گردن 180 درجے پر گھما کرگھورتے تاڑتے چلے جانا، بے غیرتی ہے

۔ عمارات کے اندر باہر، سڑکوں، پارکس، باغات، بسوں میں پان، نسوار، گٹکا، تمباکو کھا کر رنگ برنگی غلیظ پچکاریاں مارنا، اف۔۔۔۔ بے غیرتی ہے بھائی

۔ گھر میں لیٹرین بنانے کی استطاعت رکھتے ہوئے، کھیتوں میں جانا اور خواتین کو بھی جانے پر مجبور کرنا۔۔۔ جی ہاں، بے غیرتی کے زمرے میں آتا ہے

۔ شادی کے لئے جوان مسٹنڈوں کا جہیز کا مطالبہ کرنا، یا جہیز کو باپ کا مال سمجھ کر قبول کرنا اور جہیز میں آئے ہوئے پلنگ پر بیوی کے ساتھ سونا ۔۔   بہت بڑی بے غیرتی ہے حضور، ذرا غور کریں

۔ نکمے مردوں کو گھر پہ بیٹھ کر پلنگ توڑنا، یا ہوٹل پر دوستوں سے گپیں مارنا اور بیوی یا بہن یا ماں کو کمانے پر مجبور کرنا، ایک انتہائی اونچے درجے کی سپر بے غیرتی ہے، کیا خیال ہے؟

۔ مرد کا عورت پر ہاتھ اٹھانا، عورت کو کسی مرد سے پٹتا دیکھنا، سننا اور اس کو گھریلو معاملہ قرار دے کر دبک جانا، بڑی زبردست بے غیرتی ہے جناب

۔ عبادت کرکے جھوٹ بولنا، کاروبار میں دھوکا کرنا، کم تولنا، جعلی مال اصلی بتا کر بیچنا، ذخیرہ اندوزی کرنا، رمضان میں مہنگا بیچنا، جعلی ادویات، ملاوٹ شدہ غذا بیچنا۔۔۔ یہ تو خیر آپ کو بھی پتہ ہی ہوگا، گھٹیا قسم کی بدبودار بے غیرتی ہے، جس کے معیار کے بے غیرت آپکو کثیر تعداد میں آس پاس ملیں گے

۔ آپ پیزا، برگراور بریانی کھا رہے ہوں اور محلے میں کوئی گھرانہ بھوکا سونے پر مجبور ہو، بے غیرتی ہے سر جی

۔ دولت کی بے جا نمائش کرکے محروم لوگوں کو ترسانا، گاڑی کے ماڈل بدل بدل کر لوگوں پہ رعب جھاڑنا، بے غیرتی ہے

۔ مہنگے ڈپارٹمنٹل اسٹورز اور ڈیزائنرز کو منہ مانگی قیمت خاموشی سے دے دینا، مگر روڈ پر غریب امرود یا سبزی بیچنے والے سے خوفناک قسم کی بارگیننگ کرنا، خوفناک قسم کی بے غیرتی ہے بھیا

۔ روڈ پر حادثہ دیکھ کر، ایمبولینس کو راستہ نہ دینا، تماشا دیکھنے کھڑے ہوجانا، زخمیوں کی مدد کرنے کے بجائے سیلفی، ویڈیو بنانا، سنگین نوعیت کی بے غیرتی ہے

۔ شادیوں اور تقریبات میں کھانا کھلتے ہی بھوکوں کی طرح ٹوٹ پڑنا۔۔۔ معاف کرنا بہت ہی بے غیرت قسم کی بے غیرتی ہے

اچھا جناب اس سروے میں دئے گئے ہر (ہاں) کا ایک نمبر ہے اور ہر (نہیں) کا زیرو، آپ اپنے آپ کو ان نکات کے مطابق پرکھیں، اگر آپ کا اسکور 20 ہے تو آپ میں شدید قسم کا غیرت مند موجود ہے، اگر اسکور 15 ہے تو مبارک ہو آپ میرے جیسے ایک ماڈریٹ سے غیرت مند ہیں، اگر اسکور 10 ہے تو تسلی بخش حد تک غیرت مند ہیں، مگر جناب اگر آپ کا اسکور 5 سے کم ہے تو جان لیں آپ بین الاقوامی اخلاقی و تہذیبی معیار کے مطابق بے غیرت جی ہاں۔۔۔ بے غیرت ہیں


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments