بہن کے غیرت مند قاتل کا جواب۔۔۔


\"saleemکتنے فارغ ہو تم سارے لوگ، گفتار کے غازی ڈھنڈورا پیٹنے کے ماہر منشی کہیں کے۔ اور میڈیا کو تو خبر چاہیئے۔ یہ روزمرہ کی معمولی معمولی باتیں سرخیاں بنائے پھرتے ہو، جرگے کے کہنے پر لڑکی کو زندہ جلا دیا، بھائی نے تیل ڈال کر جلایا لیکن ماں نے جرم اپنے ذمے لے لیا، دو بہنوں کو مار ڈالا، لڑکی کی لاش نالے سے ملی مگر شناخت کے لئے کوئی نہ آیا، شوہر کی عدم موجودگی میں سسر زیادتی کرتا رہا اور بولنے پر چھریوں سے زخمی کر دیا وغیرہ وغیرہ۔ تم لوگ خود ہی بتاؤ کیا کروں میں۔ اپنی انا اور غیرت کو مار دوں اور بے غیرت کہلاؤں۔ مجھے بھی تو بتاؤ ناں یہ کیسے ہو کہ میری بہن کا کسی مرد سے تعلق ہو اور میں کچھ بھی نہ کروں۔ جبکہ سارا معاشرہ کہتا ہے کہ مرد اور عورت کا تعلق بے غیرتی ہے، اور یہ بھی کہ میرے گھر کی عورتیں میری ملکیت ہیں اور میری ذمہ داری ہیں۔ اگر وہ میری مرضی کے مطابق زندگی نہیں گزارتیں تو میں بے غیرت ہوں۔ اس کا متبادل مجھے کوئی نہیں دیتا۔

کسی نے آج تک مجھے کچھ بتایا ہے جو اس غیرت کے جذبے کو بڑھاوا نہ دے۔ گھر، سکول، کالج، مدرسہ، مسجد، مندر، قاری، تھڑا، نکڑ، یا جہاں کہیں بھی میں لوگوں سے ملتا ہوں اور بحث مباحثوں میں حصہ لیتا ہوں میں تو یہی غیرت ہی سیکھتا ہوں۔ ہر روز پہلے سے زیادہ جذبہ محسوس کرتا ہوں۔

کیا کبھی کسی نے مجھ سے کہا ہے کہ میری بہن اور تیری بہن یا ہم دونوں کی بہنیں انسان ہیں۔ انہیں بھوک اور پیاس لگتی اور وہ جنسی احساسات کی وجہ سے جنس مخالف یعنی مرد کی طرف بالکل ایسے ہی کشش محسوس کرتی ہیں جیسے میں اور تم لڑکیوں کی طرف محسوس \"aacchhkk\"کرتے ہیں۔ اور یہ کشش خدا کی طرف سے رکھی گئی ہے۔ اس میں میری بہن اور تیری بہن کا بھی اسی طرح کوئی قصور نہیں ہے جیسے لڑکی کی طرف کشش محسوس کرنے میں تیرا اور میرا کوئی قصور نہیں ہے۔

کیا کسی نے مجھے یہ بتایا کہ کائنات کی تمام جاندار مخلوق (Species) میں مادہ ہی اپنے لئے جنسی پارٹنر چنتی ہے۔ اور یہ کہ میری اور تیری بہن کی فطرت بھی یہی ہے مگر اس معاشرے نے اس سے یہ حق چھینا ہوا ہے اور اسے پوری زندگی اپنے باپ اور بھائیوں کے چنے ہوئے جنسی پارٹنر کے ساتھ گزارا کرنا پڑتا ہے۔ ورنہ دل تو اس کا بھی کرتا ہےکہ وہ اپنا پارٹنر اپنی مرضی سے چن سکے یا چھوڑ سکے۔

کیا مجھے کسی نے بتایا کہ انسان شادی صرف بچے پیدا کرنے کے لئے نہیں کرتے۔ اس کا مقصد اپنی محبت یا اپنی پسند کے پارٹنر کے ساتھ ہنسی خوشی رہنا ہوتا ہے۔ اور چونکہ میری اور تیری بہن بھی انسان ہیں اس لئے وہ بھی اپنی پسند کے انسان کے ساتھ زندگی کا لطف اٹھانا چاہتی ہیں۔ جیسے اپنی پسند کی لڑکی کے ساتھ میں اپنی زندگی کو پرلطف بنانا چاہتا ہوں۔\"AFCHIN\"

کیا کسی نے مجھے یہ بتایا کہ جیسے میرا اپنے پارٹنر یا بیوی سے دل بھر جائے تو میں آگے پیچھے دیکھنا شروع کر دیتا ہوں۔ اسی طرح میں اور میرے باپ نے میری بہن کے لئے جو پارٹنر چنا تھا اس شخص سے میری بہن کا دل بھی بھر سکتا ہے۔ یا میری بہن کا پارٹنر اس کے ساتھ برا سلوک کرے تو پھر میری بہن کا بھی اس رشتے سے جان چھڑا لینے کو دل کرتا ہے۔

کیا مجھے کسی نے بتایا ہے کہ انسان بہت سارے معاملات میں اپنی پسند اور نا پسند لے کر پیدا ہوتا ہے اور اس میں اس کا کوئی اختیار نہیں ہوتا۔ کسی کو میتھ اچھا لگتا ہے تو کسی کو شاعری، کوئی زبانیں سیکھنے میں اچھا ہے تو کوئی تصویریں بنانے میں۔ انسان باقی عادات اور خصلتیں بھی ساتھ لے کر آتے ہیں اور انہیں کے تحت زندگی گزارنے میں ان کی خوشی ہوتی ہے

کیا مجھے کسی نے بتایا کہ جیسے میں غلطی کر سکتا ہوں میری بہن بھی کر سکتی ہے اور ہم دونوں انسان ہونے کے ناطے غلطیوں سے کبھی پاک نہیں ہو سکتے۔

کیا کسی نے مجھے بتایا کہ میری بہن بھی انسان ہے۔ اس کی ملکیت میں زمین، گھر، جائیداد، کاروبار اور مال و دولت ہونا چاہیئے۔ اس کا \"afzaalروزگار ہونا چاہیئے۔ اس کی پنشن ہونی چاہیئے۔ اسے اپنی کامیابیوں پر فخر کرنےکا حق ہونا چاہیئے۔ اس کو دنیا گھومنی چاہیئے۔ اس میں اعتماد ہونا چاہیئے۔ اور سب سے بڑہ کر اسے کسی سے منہ چھپانے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیئے۔

یا تو مجھے یہ ساری باتیں بتاؤ۔ مجھے سکول اور مدرسے، مسجد اور مندر میں یہ سب کھل کر سمجھاؤ۔ ادھر عورت کو بھی میرے ساتھ بٹھاؤ اور مجھے احساس دلاؤ کہ وہ بھی میری برابری کی انسان ہے اور اسے بھی میری طرح اپنی مرضی کی زندگی جینے کا مزہ آتا ہے۔ اور مجھے یا کسی اور کو اس پر زبردستی کرنے کوئی حق نہیں ہے۔ میں اس کے اعمال کا ذمہ دار نہیں ہوں۔ وہ میری ماتحت بھی نہیں ہے۔

یا تو یہ ساری باتیں کھلے عام مجھے بتاؤ اور میری کتابوں میں لکھو یا پھر میں جب اپنی بہن کو قتل کروں تو اس پر شور نہ کرو۔ اور میں ٹھیک کہہ رہا ہوں جو ہر لحظہ مجھے اس غیرت کے جذبے سے سرشار رکھتے ہیں وہ میرا ساتھ نبھاتے ہیں۔ مجھے اپنی بہن کو قتل کرنے پر قصوروار نہیں ٹھہراتے۔ شور نہیں مچاتے۔ وہ اوریا مقبول جان کو فالو کرتےہیں اور میرا دفاع کرتے ہیں۔

 

سلیم ملک

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سلیم ملک

سلیم ملک پاکستان میں شخصی آزادی کے راج کا خواب دیکھتا ہے۔ انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند۔

salim-malik has 355 posts and counting.See all posts by salim-malik

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments