مردوں کی خوش لباسی کے بنیادی اصول


\"husnainروزمرہ زندگی میں جب آپ کسی سے ملتے ہیں تو سب سے پہلے آپ کا لباس آپ کی شخصیت کو ظاہر کرتا ہے۔ آپ بہت عالم فاضل ہیں، اچھے کھلاڑی ہیں، بالکل فارغ ہیں کچھ بھی نہیں کرتے یا بہت زیادہ مصروف رہتے ہیں، اچھا لباس ظاہری روپ سنوار سکتا ہے اور آپ اپنے اندر نسبتاً زیادہ خود اعتمادی محسوس کرتے ہیں۔

دیکھیے ایک سادہ سی بات یہ ہے کہ ہم سے اکثر لوگ گھر کی کال بیل بجنے پر دروازے تک بھی تب جاتے ہیں جب مناسب لباس میں ہوتے ہیں، ورنہ کسی اور کو بھیجا جاتا ہے یا جلدی جلدی لباس درست کیا جاتا ہے، آپ لاکھ کہہ لیجیے کہ آپ تو مست ملنگ پرسنالٹی ہیں اور لباس کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی، لیکن، لاشعوری طور پر مناسب لباس کی فکر بہرحال ننانوے فیصد خواتین و حضرات کو رہتی ہے۔

مردوں کے لباس پر چوں کہ ہمارے یہاں بہت کم لکھا گیا ہے تو آئیے یہیں سے بات شروع کرتے ہیں۔ ہمارے یہاں زیادہ تر دو لباس رائج ہیں، شلوار قمیص یا پینٹ شرٹ۔ ان دونوں چیزوں میں اچھا لگنے کے لیے شرط یہ نہیں ہے کہ یہ نئے ہوں، شرط یہ ہے کہ یہ آپ کے ناپ کے ہوں اور استری بہتر طریقے سے کی گئی ہو۔ بہت سی باتیں اس بلاگ میں آپ سے ہوتی رہیں گی، وقت کے ساتھ جو نیا فیشن آئے گا اس کے بارے میں بھی آپ کو بتایا جائے گا، فی الحال اگر آپ پینٹ شرٹ پہنتے ہیں تو آئیے اس سلسلے میں کچھ بنیادی باتیں جانتے ہیں اور یہ دیکھتے ہیں کہ ایک خوش لباس شخصیت کم سے کم خریدے گئے کپڑوں میں کیسے برقرار رکھی جا سکتی ہے کیوں کہ زیادہ کپڑے خریدنا آرٹ نہیں ہے، آرٹ یہ ہے کہ کم سے کم کپڑوں میں آپ نے اچھا کیسے دکھنا ہے۔ یہ ایک فہرست دیکھیے، اس پر بات کرتے ہیں؛

نیوی بلیو (گہری نیلی) پینٹ\"Coats-Pants-Shirts\"

ایش گرے (راکھ جیسی سرمئی) پینٹ

بیج (خاکی سے ذرا ہلکی) پینٹ

ایک عدد نیلی جینز

کل چار پینٹس

دو سفید قمیصیں

دو ہلکی نیلی یا آسمانی رنگ کی قمیصیں

ایک کریم (چمپئی) رنگ کی قمیص

ایک ہلکے سرمئی رنگ کی قمیص

ایک ہلکے گلابی (بے بی پنک، بالکل ہلکا سا گلابی) رنگ کی قمیص

کل سات قمیصیں

ایک سفید ٹی شرٹ\"Nishat_Summer_collection_2011_Mens_Wear_04\"

ایک کالی گول گلے والی ٹی شرٹ

ایک سرمئی رنگ کی پولو کالر والی ٹی شرٹ

 کل تین ٹی شرٹس

ایک سادہ سی کالی یا براون نسبتا پتلی بیلٹ

دو عدد کالی جرابیں

دو عدد نیلی جرابیں

کل چار جوڑے جرابیں

ایک کالا یا براون ونگ ٹپ بوٹ جو تسموں والا ہو

ایک کالا یا براون مکیشن بوٹ

بات ختم

اب ان بنیادی اصولوں پر بات کر لیتے ہیں جو دنیا بھر میں اچھی ڈریسنگ کے لیے یکساں ہیں۔\"IMG_0245\"

آپ کی بیلٹ اور آپ کا جوتا ایک ہی رنگ کے ہونے چاہئیں۔ اگر بیلٹ اس رنگ کی نہیں ہے تو کوشش کیجیے وہ جوتا نہ پہنیے۔

آپ کی پینٹ سے آپ کی جراب کنٹراسٹ میں ہونی چاہئیے۔ مثلاً، سرمئی پینٹ کے ساتھ نیلی یا کالی جراب، بیج پینٹ کے ساتھ نیلی جراب اور نیلی پینٹ کے ساتھ کالی یا سرمئی جراب۔

فہرست میں دی گئی ساتوں قمیصیں آپ ان چاروں پینٹس کے ساتھ بے دھڑک پہن سکتے ہیں۔ کسی انٹرویو یا میٹنگ میں جانے کے لیے اجلی سفید قمیص سے بہتر عام طور پر کچھ تصور نہیں کیا جاتا، سفید قمیص آپ کے خدوخال کا مثبت پن پورے طریقے سے ظاہر کرتی ہے۔

قمیص کو پینٹ سے باہر نکالنا کسی طرح بھی فیشن کا حصہ نہیں ہوتا سوائے اس کے کہ آپ کسی فلم یا ڈرامے میں کام کر رہے ہوں۔ جینز کے ساتھ بھی اگر آپ بٹنوں والی قمیص پہنے ہیں تو اسے اصولی طور پر پتلون کے اندر ہونا چاہئیے۔

پولو شرٹ فہرست میں دی گئی کسی بھی پینٹ کے ساتھ پہنی جا سکتی ہے۔ اگر اسے بھی پینٹ کے اندر رکھیں گے تو زیادہ خوش لباس نظر آئیں گے۔\"IMG_0246\"

گول گلے والی ٹی شرٹ ہمیشہ اس وقت پہنیے جب آپ کسی دفتری مصروفیت میں دور دور تک نہ ہوں۔ اتوار یا کوئی بھی چھٹی کے دن، گھر کی مصروفیات میں ٹی شرٹ اور جینز آپ کے بہترین ساتھی ہو سکتے ہیں۔

ایک بات ہمیشہ یاد رکھیے۔ کپڑے اپنے ناپ کے پہنیے۔ ایسی پینٹ جس میں سے آپ کا پیٹ باہر آنے کو بے تاب ہو یا ایسی قمیص جس کے بٹن کھانا کھانے کے بعد مسکرانے لگتے ہوں ( پیٹ پر سے بٹنوں کی درمیانی جگہ کھل جائے اور قمیص کا تنگ ہونا ظاہر کرے)، صرف اور صرف آپ کی شخصیت کے دشمن ہیں۔

پینٹ کی لمبائی آپ کے ٹخنوں کی ہڈی تک ہونی چاہئیے۔ اس سے زیادہ لمبائی ہونے کی صورت میں پینٹ کی اپنی شان ختم ہو جاتی ہے اور وہ پھر بس پہنی جاتی ہے، سجتی کم ہے۔

پائنچے آج کل پتلے چل رہے ہیں، آپ کو کھلے پسند ہیں تو بھی ذرا سے کم کروا لیجیے، کوئی بھی درزی تھوڑے سے پیسوں میں پائنچے تنگ کر سکتا ہے (زیادہ سے زیادہ اٹھارہ یا انیس انچ کا گھیرا)۔ مجموعی طور پر پینٹس کی فٹنگ ایسی رکھیے کہ کہیں سے بہت زیادہ ڈھیلا پن نظر نہ آئے۔ بیگی پینٹوں کا زمانہ انیس سو چھیانوے کے بعد سے اب تک نہیں لوٹا، آئندہ بھی امید تھوڑی دور ہی ہے۔\"IMG_0247\"

ٹائی پہننا ہو یا نہ پہننا ہو، قمیص ہمیشہ اس سائز کی لیجیے کہ کالر کا بٹن باآسانی بند ہوتا ہو۔ کالر سائز چھوٹا ہونے کی صورت میں کالر خود بہ خود مڑنا شروع ہو جاتا ہے اور شام تک آپ کے کالر سیدھے نہیں رہتے۔

ہر کپڑے کو پانچ چھ دھلائیوں کے بعد ایک بار دھوبی کا چکر ضرور لگوائیے۔ لانڈری سے دھلے کپڑے اور ان کی استری ایسی شان دار ہوتی ہے کہ کپڑوں میں عموما نئی جان آ جاتی ہے۔ لانڈری یا دھوبی کوئی اچھا منتخب کیجیے نہیں تو سارا کام الٹا بھی ہو سکتا ہے۔

یہ سب خوش لباسی کے بنیادی اصول تھے اور کم سے کم وسائل میں اچھا دکھنے کی کوشش تھی۔ فیشن اور پرسنالٹی گرومنگ کے موضوعات بہت وسیع ہیں، آہستہ آہستہ سب پر بات کریں گے۔

حسنین جمال

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

حسنین جمال

حسنین جمال کسی شعبے کی مہارت کا دعویٰ نہیں رکھتے۔ بس ویسے ہی لکھتے رہتے ہیں۔ ان سے رابطے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں۔ آپ جب چاہے رابطہ کیجیے۔

husnain has 496 posts and counting.See all posts by husnain

Subscribe
Notify of
guest
2 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments