کراچی، ایم کیو ایم اور فاروق ستار


سیانے کراچی کے امور پہ کس قدر دسترس رکھتے ہیں، اس کا اندازہ تو اس بات سے لگا لیجیئے کہ فاروق ستار نے ایم کیو ایم کو الطاف \"farnood\"حسین سے لاتعلق رکھنے کا اعلان کیا اور سیانوں نے یقین کرلیا۔

پھر۔!

سیانے کراچی کی الجھن کو سلجھانے میں کتنے سنجیدہ ہیں، اس کا اندازہ اس بات سے لگا لیجیئے کہ فاروق ستار سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ الطاف حسین کو غدار وغیرہ قرار دے کر باقاعدہ لاتعلقی کا اعلان کر دیں۔

ویسے۔!

میرا خیال ہے ہم نے سیاسی کارکن کو مزار پہ رکھا ہوا جوتا سمجھ لیا ہے جس مولائی کے پاؤں پہ پورا ہوا پہن کے نکل جائے۔ سیاسی جماعت کوئی درس گاہ نہیں ہوتی کہ کبھی بھی کسی بھی استاد کو لاکر کھڑا کردیں گے، اورطلبا پابندی سے بیٹھ کر درس سنتے رہیں گے۔

دراصل۔!

سیاست کسی ادارے کا متعین نصاب نہیں ہوتا۔ وہ تو اندھیرے میں رستہ ڈھونڈ نکالنے کا آرٹ ہے۔ لاتعلقی کا اعلان توآفاق احمد نے کیا تھا اورغدار مصطفی کمال نے کہہ دیا تھا۔ سوائے کلیجے میں وقتی ٹھنڈ پڑنے کے کیا ملا۔؟ اب عامر لیاقت کو پہلی تنخواہ سے بھی پہلے بے روزگار ہوتا تو آپ نے دیکھ ہی لیا۔

پس چہ باید کرد۔؟

کالعدم قرار دے دیں؟ اچھا توآج تک کالعدم قرار دی گئی کون سی جماعت کا پرچم سرنگوں ہوا ہے؟ پھانسی چڑھا دیں؟ اب یہ تو آپ ہی بتائیں گے کہ پھانسی چڑھانے سے یہاں بھٹو مرتا ہے کہ زندہ ہوتا ہے۔؟

عرض یہ ہے۔!

گھنٹے دو گھنٹے کے لیے کلیجے میں برف جمانے کی روایت ترک کر کے پائیداری کے چلن کو فروغ دینا چاہیئے۔ فاروق ستار اور اس کے حالیہ کردار سے بہتر کیا ہوسکتا ہےِ؟ اس سوال کا جواب اپنے اثرات کے ساتھ سوچنا چاہیئے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments