ہمارا دفاع کمزور ہو رہا ہے (آرٹ بکوالڈ)۔


\"art_buchwald_column\"

محکمہ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی سرزمین پر موجود کئی دفاعی تنصیبات کو ختم کر رہا ہے تاکہ پیسہ بچایا جا سکے۔ پینٹاگون کے مطابق، ان میں سے کئی تنصیبات اپنی افادیت پوری کر چکی ہیں۔ جب یہ خبر کیپٹل ہل پہنچی تو نمائندگان کانگریس کی طرف سے حقارت آمیز چیخ و پکار کی صدائیں بلند کی گئیں۔

اس چیخ پکار کا سبب جاننے کے لیے میں نے ریاست انڈیگنیشن سے کانگریس کے رکن مائیکل اولوبی کا انٹرویو کیا۔

جناب کیا یہ بات درست ہے کہ آپ محکمہ دفاع کی جانب سے ملک میں موجود دفاعی تنصیبات بند کرنے پر شدید نالاں ہیں؟

میں واقعی غصے میں ہوں۔ میں کسی بھی دوسرے رکن کانگریس کی طرح ہی کفایت شعار ہوں، مگر جب محکمہ دفاع چند ٹکے بچانے کے نام پر امریکی شہریوں کے تحفظ سے پہلو تہی کرے تو اس معاملے کی تحقیقات کی جانی چاہئیں۔

کیا آپ کسی خاص فوجی تنصیب کے بند کیے جانے پر فکرمند ہیں؟

بالکل۔ میں اپنے حلقہ انتخاب میں دریائے رپاہودا کے دہانے پر واقع فورٹ لٹل سکوا کے ختم کیے جانے پر شدید فکرمند ہوں۔ عالمی دفاعی حکمت عملی کو دیکھا جائے تو اس تنصیب کو بند کیا جانا سب سے خطرناک غلطی سمجھی جائے گی۔

لٹل سکوا کا ہمارے دفاع میں کیا کردار ہے؟

\"cavalry_and_indians\"

مجھے حیرت ہے کہ آپ نے یہ سوال کیا ہے۔ دریائے مسی سپی کے مغرب میں فورٹ لٹل سکوا واحد قلعہ ہے جو کہ ہمیں وحشی ریڈ انڈینوں سے بچاتا ہے۔

وحشی ریڈ انڈین؟ مگر اب تو امریکہ میں کوئی وحشی ریڈ انڈین نہیں ہیں۔

بالکل نہیں ہیں، اس وقت تک جب تک کہ فورٹ لٹل سکوا موجود ہے۔ لیکن یہ قلعہ ختم کریں اور پھر دیکھیں کہ کیا ہوتا ہے۔ وہ رپاہودا دریا کی جانب سے آئیں گے، اور میدانوں کو روندتے ہوئے گرینڈ ریپڈ، ڈیٹرائیٹ اور سنسناٹی کے علاقوں تک مار کریں گے۔

مجھے علم نہیں تھا کہ وہ اتنا بڑا خطرہ ہیں۔

بظاہر محکمہ دفاع میں بھی کسی کو اس کا علم نہیں ہے۔ لیکن امریکہ کو خطرہ کہیں باہر سے نہیں بلکہ اندر سے ہی ہے۔ میرے بچے یقین کرو کہ فورٹ لٹل سکوا کو بند کرنے سے بڑی کمیونسٹ سازش کوئی دوسری نہیں ہو سکتی ہے۔

کمیونسٹ سازش؟ مجھے علم نہیں تھا کہ ریڈ انڈین کسی کمیونسٹ سازش کا حصہ ہیں۔

تمہارا کیا خیال ہے، ان کو ریڈ، یعنی سرخ، کیوں کہا جاتا ہے؟

مجھے اس کا تو کبھی خیال ہی نہیں آیا تھا۔

\"red-indians\"

ہمارا قومی دفاع  طاقت قائم رکھنے پر منحصر ہے۔ ریڈ انڈین کے خلاف ہماری سب سے بڑی طاقت فورٹ لٹل سکوا میں موجود گھڑسوار دستے ہیں۔ اگر ہم اس قلعے کو ختم کر دیتے ہیں تو ریڈ انڈین شکاگو پر حملہ آور ہوں گے اور لوگوں کے سر اتارتے ہوئے لوٹ مار، قتل و غارت اور آتش گیری کا بازار گرم کر دیں گے۔

یہ تو بہت خوفناک بات ہے۔

تم اگر ٹیلیویژن پر ویسٹرن فلمیں دیکھو تو تمہیں بخوبی اندازہ ہو جائے گا کہ یہ کتنا تباہ کن ہو سکتا ہے۔ فورٹ لٹل سکوا ہماری قوم کی آخری امید ہے۔ یہ بات میری سمجھ سے باہر ہے کہ محکمہ دفاع کو اس بات کی سمجھ کیوں نہیں ہے جو کہ ہر محب وطن امریکی جانتا ہے۔

اس فوجی تنصیب کے لیے آپ کا مقدمہ تو نہایت ہی مضبوط ہے۔

میں کانگریس کی دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں اس سے بھی زیادہ مضبوط مقدمہ پیش کروں گا۔ اگر محکمہ دفاع، فورٹ لٹل سکوا کی دفاعی اہمیت سمجھنے سے قاصر ہے تو میں بھی نئی ایٹمی آبدوزوں کی دفاعی اہمیت سمجھنے سے انکار کر دوں گا۔ صرف سامنے سے حملہ آور ہونے والے دشمن سے تحفظ کا کیا فائدہ ہو گا اگر ہم پر ہماری پشت سے حملہ کر دیا جائے؟ اگر ہم گھڑسوار فوج کی بجائے ایٹمی ہتھیاروں پر ہی انحصار کریں گے تو ہمارا ملک ایسے سنگین خطرات میں گھر جائے گا جو کہ کسی کے گمان میں بھی نہیں آ سکتے ہیں۔

مجھے امید ہے کہ آپ ان کا ذہن تبدیل کر دیں گے۔

ان کے لیے بہتر یہی ہے کہ وہ سوچ بدل لیں۔ ورنہ کوئی بھی سفید فام شخص حفاظت سے دریائے رپاہودا میں سفر نہیں کر سکے گا۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments