منزل چاہیے یا رہنما؟


\"iqbalعزیزو، اگر تم ایم کیو ایم میں جاری کش مکش کو کسی اسکرپٹ کا شاخسانہ قرار دیتے ہو، تو راقم الحروف کی درخواست، کچھ دیر کو سازشی نظریات ذہن سے جھٹک دو۔ اب ذرا سوچو، آج مے کدے میں عجیب حادثہ ہوا، پارٹی کے منتخب نمایندوں نے، پارلیمنٹ میں اپنے ہی لیڈر کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کی قرار داد پیش کر دی۔ اے لو، باقی پارٹیوں نے ساتھ دینے کا عندیہ بھی دے دیا۔ جو صاحبان کراچی کی سیاست کی شدبد رکھتے ہیں، انھیں خبر ہے کہ آج کیا انہونی ہوئی۔

ایم کیو ایم پاکستان تو مصباح الحق کی طرح خوب سوچ سمجھ کر، سنبھل سنبھل کر، بڑی ذہانت سے کھیل رہی ہے، مگر لندن رابطہ کمیٹی کا حال، بوم بوم کے مداحوں سے معذرت کے ساتھ، کچھ کچھ شاہد آفریدی والا ہے۔ آج انھوں نے لندن سے تمام تنظیمیں تحلیل کرنے کا اعلان تو کردیا، مگر بھائی، سوال یہ کہ ان کے فیصلوں کا اثر کتنا، اطلاق کن پر؟ کیا لاتعلق ارکان پر؟ مفرور یا گرفتار کارکنوں پر؟ مسمار کیے ہوئے دفاتر پر؟ سچ کہو، ان فیصلوں کا اثر فی الحال گرائونڈ پر نظر نہیں آتا۔

آئو بھائیو، اب اس خیال کی طرف پلٹتے ہیں کہ یہ سب اتھل پتھل شور شرابا ۔ ۔ ۔ یہ فاروق بھائی کی پھرتیاں، صرف ایک اسکرپٹ ہے۔

صاحب، اگر یہ اسکرپٹ ہے بھی، تب بھی یاد رکھیں، یہ ہچکاک کی کوئی فلم نہیں، حقیقی زندگی ہے۔ اور زندگی بڑی پرپیچ ہوتی ہے دوست۔ روز بہ روز بدلتے حالات اسکرپٹ میں از خود ترمیم کردیتے ییں (وہ بھی چپکے سے)، نئی صورت حال کے باعث فوری فیصلے لیے جاتے ہیں۔

اور پھر سب سے اہم نکتہ، جب ایک فریق طاقت ور ہو (سمجھو، لندن رابطہ کمیٹی) اور ایک کم زور (مان لو، پاکستان رابطہ کمیٹی)، اور طاقت ور اور کم زور کا تعلق عشروں پر محیط ہو، اور پھر ایک روز (سوچو جیسے ۲۲ اگست) ایسی صورت حال پیدا ہوجاوے کہ طاقت ور کو اسکرپٹ پر عمل کرنے کی ذمے داری گرائونڈ میں موجود کم زور فریق کو سونپی پڑ جاوے، تب ۔ ۔ ۔ ہاں بھائی تب، یک دم اس کم زور فریق کو جس طاقت کا احساس ہوتا ہے، وہ بڑے سے بڑے مظلوم اور معصوم کو باغی بنانے کے لیے کافی ہے۔

اگر ایم کیو ایم لندن اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان تعلق کی نوعیت کا اندازہ لگانا ہے، تو مصطفی کمال کے چہرے کے تنائو اور عامر لیاقت حسن کی آواز کی لغزش پر غور کیجیے، آپ سمجھ جائیں گے کہ فاتح کون ہے۔ (بشرطیکہ طاقت کے مرکز کوئی اور فیصلہ نہ کیے بیٹھے ہوں)

بہ قول مظہر عباس: ایم کیو ایم لندن نے راہ نما چن لیا اور ایم کیو ایم پاکستان نے منزل!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments