انڈینوں کی بھرپور پٹائی


\"adnan-khan-kakar-mukalima-3\"

دیکھو میرے ساتھیو۔ اس وقت جو حالات چل رہے ہیں، ان سے تم بخوبی واقف ہو۔ انتہا پسند مودی ہمارے پیارے وطن کو ایسے دھمکیاں دے رہا ہے جیسے ہم چوڑیاں پہن کر بیٹھے ہوں۔ وہ بھول رہا ہے کہ ہم بھی ایک ایٹمی طاقت ہیں اور اینٹ کا جواب پتھر اور بم کا جواب ایٹم بم سے دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کی فوجیں سرحد کی طرف بڑھ رہی ہیں۔ ہم اس وقت ملک سے دور بیٹھے ہیں۔ لیکن خوش قسمتی سے ہمیں موقعہ مل گیا ہے کہ ہم ان مغرور انڈینوں کا یہیں تیاپانچہ کر دیں اور مودی کو دکھا دیں کہ اس کی اوقات کیا ہے۔ ابھی میں میدان سےآ رہا ہوں۔ انڈینوں نے مجھ سے دو ڈھائی فٹ اونچا مسٹنڈا لڑنے کے لئے بھیجا ہے۔ لیکن وہ بھول گئے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں۔ چھوٹے ہو کر بھی ان کا وہ حال کریں گے کہ دنیا دیکھے گی۔

مگر کپتان، یہ تو ویسٹ انڈین ٹیم ہے۔

ویسٹ انڈین ہو یا ساؤتھ انڈین یا ایسٹ انڈین، ہیں تو انڈین ہی ناں۔ ہم ان انڈینز کو مزا چکھا کر ہی چھوڑیں گے۔

\"sarfraz-carlos\"کپتان یہ کالے ہیں۔ حبشی۔ انڈین نہیں ہیں۔

انڈین ہی ہیں۔ میں نے خود پڑھا ہے۔ صاف لکھا ہوا ہے ویسٹ انڈین ٹیم۔ اور کھلاڑیوں کے نام بھی دیکھے ہیں، بدری، پورن اور نرائن۔ باقی شاید ادھر گوا کے کرسچن ہیں۔ تم نے شاید ادھر ساؤتھ انڈیا کے کالے نہیں دیکھے ہیں۔ ساؤتھ کے تامل اور ملیالم وغیرہ بھی اتنے زیادہ کالے ہوتے ہیں، ویسٹ انڈیا والے ان سے بھی زیادہ کالے ہوتے ہوں گے۔ اس لئے تمہیں حبشی لگ رہے ہیں۔ بہرحال ان پر رحم نہیں کھانا ہے۔ ان انڈینز کو مزا چکھا کر ہی دم لیں گے۔

کپتان ادھر ساؤتھ انڈیا کی سری دیوی تو کافی گوری چٹی تھی؟

وہ بھی ٹیم میں ہے کیا؟ یہ عیار مودی ہر طرح کا لالچ اور ترغیب دے رہا ہے ہمیں کہ کسی طرح تو رحم کھا لیں۔ لیکن ان کی چال نہیں چلے گی۔ میں نے عنایت اللہ کی ”داستان ایمان فروشوں کی“ کی پوری سیریز پڑھی ہے۔ میں یہود و ہنود کی ان سازشوں سے پوری طرح آگاہ ہوں کہ وہ کس طرح حسین دوشیزاؤں کا چکر لگا کر ہمیں پرچاتے ہیں۔ ان کی چال ناکام ہو جائے گی۔ لیکن جب وہ میدان میں آئے تو مجھے بتا ضرور دینا تاکہ میں اس کی چال دیکھ لوں۔

نہیں کپتان وہ میدان میں نہیں آئے گی۔ ویسے ہی ذکر کیا تھا اس کا۔

وہ نہیں آئی؟ افسوس صد افسوس۔ بہرحال ہم انہیں چھوڑیں گے نہیں۔ آج ہم ان انڈینز کا وہ حال کریں گے کہ وہ آئندہ پاکستان سے پنگا لیتے ہوئے سو بار سوچیں گے۔

کپتان سرفراز احمد کی اس ولولہ انگیز تقریر کے بعد جب انڈینز کے خلاف جوش میں بھری ہوئی پاکستانی ٹیم میدان میں اتری تو اس کے بعد دبئی میں کپتان سرفراز احمد اور ان کی ٹیم نے ٹی ٹوینٹی کے ورلڈ چیمپئین ویسٹ انڈینز کا مار مار کر وہ حال کیا جو دنیا نے دیکھا۔ محض 48 سکور پر 8 کھلاڑی آؤٹ کرنے کے بعد پوری ٹیم کو 115 سکور پر ہی پویلین واپس بھیجنے کے بعد محض چودہ اووروں میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر میچ جیت لیا۔

اب نریندر دامودھر مودی بیٹھا سوچ رہا ہو گا کہ اگر غلط فہمی میں ویسٹ انڈینز کو انڈین سمجھ کر سرفراز نے اتنا مارا ہے، تو غلط فہمی دور ہونے پر انڈینز کے ساتھ ٹیم پاکستان کیا کرے گی۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments