موت سے ملیے۔۔ ایک سبق


انگریز بادشاہ تو ہیں ہی، بادشاہ فلمیں بھی بناتے ہیں۔ شادی سے کوئی دو تین ماہ پہلے Meet Joe Black دیکھنے کا اتفاق ہوا۔ فلم کیا ہے، \"zeffer05\"حیرتوں کا خزانہ ہے۔ ایک کام یاب تاجربِل پیرش کی پینسٹھویں سال گرہ میں کچھ ہی دن باقی ہیں، کہ اسے موت انسانی قالب میں اپنا دیدار کرواتی ہے۔ ایک نوجوان جو سڑک کے حادثے میں ہلاک ہو جاتا ہے، موت کے فرشتے نے اس کا بدن اوڑھ رکھا ہے۔ مسٹر پیرش کو اس کی سال گرہ کے دن تک جینے کی آزادی ملتی ہے، تب تک ”موت“ اسی کے ساتھ رہتے، یہ جاننے کی کوشش کرتی ہے، کہ انسان بن کر جینا کیسا ہے۔ بِل پیرش کے سوا کوئی نہیں جانتا، کہ جو بلیک دراصل موت کا بہروپ ہے۔ سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے، کہ۔۔۔ جو بلیک کو بِل پیرش کی بیٹی سوسن سے محبت ہو جاتی ہے۔

تاجر بِل پیرش کا کردار میرے پسندیدہ ترین اداکار انتھونی ہاپکن نے ادا کیا ہے، اور جو بلیک کے کردار میں دل کش شخصیت کے مالک بریڈ پِٹ ہیں۔ مارٹن بریسٹ‌ ہدایت کار ہیں، وہ اس سے پہلے Beverly hills cop اور Scent of a woman جیسی فلموں کی ہدایت کاری دے چکے ہیں۔ فلم کی کہانی کھولنا فلم بین کے ساتھ زیادتی ہے، جس نے یہ فلم نہیں دیکھی، ضرور دیکھے، جس نے دیکھ رکھی ہے، پھر دیکھے۔

\"meet_joe_black-_1998\"

عمرِ دراز مانگ کے لاے تھے چار دن والا معاملہ ہے، جو بلیک ہر ایک سے مختلف نوعیت کے سوال کرتا ہے، تا کہ ان چار دنوں میں ”زندگی“ کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جان سکے۔ فلم کے بیچ میں ایک مقام ایسا آتا ہے، کہ بِل پیرش کا داماد جو بلیک کو بتاتا ہے، کہ اس کی بیوی اس سے بہت پیار کرتی ہے، جو بلیک استفسار کرتا ہے، کہ تمھیں کیسے پتا، کہ تمھاری بیوی تم سے بہت پیار کرتی ہے، وہ جواب دیتا ہے، کہ وہ میری ہر خوبی خامی جانتی ہے، میرا کوئی راز ایسا نہیں، جو میری بیوی کے لیے راز ہو، جب کوئی اندر باہر جانتا ہو، پھر بھی محبت کرتا ہو، تو یہی (سچی) محبت ہے۔۔۔ میں اش اش کر اٹھا، اور اپنے آپ سے عہد کیا کہ ہونے والی بیوی سے کبھی جھوٹ نہیں بولوں گا، ہمیشہ سچ کہوں‌ گا۔

شادی کے سات آٹھ مہینے بعد ایک ڈرامے کی رِکارڈنگ کرتے۔۔۔ خیر! سچ مجھے بیوی سے بولنا تھا، آپ سے نہیں۔۔۔ تو خود سے کیا یہ عہد نبھایا۔ بہت کھڑاک ہو گیا۔ میں نے بار بار اسی بات پہ زور دیا کہ دیکھو، میں نے جھوٹ نہیں بولا، سچ کہا ہے۔۔ کسی اور نے یہ اطلاع نہیں دی، میں نے ہی خبر دی، وغیرہ۔

فلمیں دیکھ کر کوئی سبق لینا، اور ہڈ بیتی سے سبق حاصل کرنا دگر چیز است۔۔۔ سچ شاید ہر دور میں کم یاب رہا ہو، سچ وہ دھوبی ہے، جو میل کو نکالنے کے لیے پٹکا مارتا ہے، اجلا کرتا ہے، روح کا ریشم ملائم کرتا ہے، اور سچ کی شان یہ ہے، کہ معتبر کر دیتا ہے۔ Meet Joe Black سے ایک یہی سبق نہیں لیا، یہ بھی سیکھا کہ ”زندگی“ ان لمحات کا نام ہے، جو موت کو دیکھتے، آنکھوں کے سامنے آ جاتے ہوں گے۔۔ ذہن پر بنا زور ڈالے، خود بخود۔۔۔ یہی وہ لمحے ہیں، جو زندگی کا حاصل ہیں۔ محبت کے یہ لمحے، ”سچ“ ہیں، اصل جیون ہیں۔ باقی سب مایا ہے۔

ظفر عمران

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

ظفر عمران

ظفر عمران کو فنون لطیفہ سے شغف ہے۔ خطاطی، فوٹو گرافی، ظروف سازی، زرگری کرتے ٹیلی ویژن پروگرام پروڈکشن میں پڑاؤ ڈالا۔ ٹیلی ویژن کے لیے لکھتے ہیں۔ ہدایت کار ہیں پروڈیوسر ہیں۔ کچھ عرصہ نیوز چینل پر پروگرام پروڈیوسر کے طور پہ کام کیا لیکن مزاج سے لگا نہیں کھایا، تو انٹرٹینمنٹ میں واپسی ہوئی۔ آج کل اسکرین پلے رائٹنگ اور پروگرام پروڈکشن کی (آن لائن اسکول) تربیت دیتے ہیں۔ کہتے ہیں، سب کاموں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑا تو قلم سے رشتہ جوڑے رکھوں گا۔

zeffer-imran has 323 posts and counting.See all posts by zeffer-imran

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments