پپو کانٹ ڈانس سالا


\"hashir\"

مان لیا بھیا کہ پپو اب کافی گزارا قسم کا ڈانس کرتا ہے۔ کمریا لچکیلی پہلے بھی نہیں تھی پر اب تو اس میں درد کی اعلی ترین سطح پر تشخیص بھی ہو چکی ہے تو لٹکوں، جھٹکوں اور ٹھمکوں میں کمال فن کدھر نظر آئے گا۔ یوں بھی اپنی گھر والی ہی شریک رقص ہو تو کسی بھی اچھوتے پن کا امکان ویسے ہی انا للہ ہو جاتا ہے۔ پر صدقے جائیں پھر بھی آپ کے کہ اس کو بھی وائرل کرنے سے آپ بازنہ آئے ۔

میرے عزیز ہم وطنو، پپو کے بارے میں یہ جو سفلے قسم کے تبصرے آپ کر رہے ہیں، یقین رکھیں کہ اس سے پپو کو کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ اور یار کمال ہے ، کیڑے نکالنے کو مال کیا ڈھونڈا ہے آپ نے۔ آپ کی حس تنقید کے واری جاؤں ۔ یعنی پپو کا گناہ نمبر ایک یہ کہ اس نے بقول آپ کے بیماری کا جھوٹا سرٹیفیکیٹ جمع کروایا اور گناہ نمبر دو یہ کہ اس کے کردار کا سرٹیفیکیٹ اس لیے مشکوک ہے کہ وہ ڈانس کرتا پھرتا ہے ۔

جب پپو مکے لہرا رہا تھا تو آپ چپکے بیٹھے تھے ۔ جب پپو وزراء عظام کے ساتھ میوزیکل چئیرز کھیل رہا تھا تو آپ گت اور لے پر جھوم رہے تھے۔ جب جمہوری مینڈیٹ اٹک جیل میں سلاخیں تھامے کھڑا تھا تو آپ مٹھائی بانٹ رہے تھے۔ جب کارگل کی ترائیوں میں مجاہد گھاس کھا کر مر رہے تھے تو پپو آپ کے لیے ہیرو ہیرا لال تھا۔ جب بلوچستان کے غاروں کی چھتیں تقدیر الہی سے زمین بوس ہو رہی تھیں تب آپ کمانڈو کے کارنامے تحریر کر رہے تھے ۔ حضرت کی دوسری کھال اترنے سے پہلے آپ کے تو ناخن بھی نہیں نکلے تھے۔ ہماری لاتیں اور ٹھڈے مارنے کا شوق صرف نیم بے ہوش ادھ موؤں پر خوب نکلتا ہے پر کوئی پورے قد سے کھڑا ہو تو انہی لاتوں اور پیروں سے ہم صرف انتہائی تیزی سے رفو چکر ہونے کا کام لیتے ہیں ۔ ایک دوست کہا کرتا ہے کہ لڑائی سے ڈرنا کیسا ۔ اگلے کے ہاتھ ہیں تو ہمارے پیر نہیں ہیں ۔ وہ مارے گا تو ہم بھاگ نہیں سکتے کیا ؟

\"parvez-musharraf\"
چلیں پپو جھوٹا ہے پر جھوٹ بولا کس سے اس نے۔ آپ کو اور مجھے تو سرٹیفیکیٹ جمع نہیں کروایا تھا اس نے۔ کوئی ادارہ ہے بھلا سا جس کے ڈاکٹروں نے سرٹیفیکیٹ کی تصدیق کی تھی۔ کوئی صاحب ذی وقار ہیں جن کے کہے پر ای سی ایل سے نام نکلا تھا۔ کوئی گروہ مومنین ہے جو ان کے تحفظ کا ضامن تھا ۔ کوئی غیبی فرشتے تھے جنہوں نے قتل اور غداری کے ملزم پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد بھی جیل کے رستے ہی آنکھوں سے اوجھل کر ڈالے۔ گاڑیاں جس راستے پر نکلتیں ۔ آخر میں چک شہزاد آ جاتا ۔ کیا کرتے بیچارے اس روحانی تصرف کے آگے ۔۔۔۔ بڑا شکریہ شکریہ کرتے ہو فیس بک پر ، ان سب کا بھی شکریہ کہو نا یا چلو رہنے دو ، ایک ہی بات ہے ۔

پپو کو ڈانس نہیں آتا تو کیا ہوا ۔ دوسروں کو نچانے والے کو خود ڈانس سیکھنے کی ضرورت ہی کیا ہے۔ تم فیس بک پر طعنے دے دے کر خوش ہوتے رہو۔ جس قوم کو کردار بس بوتل اور ڈانس فلور میں نظر آتا ہے۔ اصل میں وہ قوم خود ایک معصوم پپو ہے اور یہ تو پہلے ہی پتہ ہے نا کہ پپو کانٹ ڈانس سالا ۔۔۔۔

حاشر ابن ارشاد

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

حاشر ابن ارشاد

حاشر ابن ارشاد کو سوچنے کا مرض ہے۔ تاہم عمل سے پرہیز برتتے ہیں۔ کتاب، موسیقی، فلم اور بحث کے شوقین ہیں اور اس میں کسی خاص معیار کا لحاظ نہیں رکھتے۔ ان کا من پسند مشغلہ اس بات کی کھوج کرنا ہے کہ زندگی ان سے اور زندگی سے وہ آخر چاہتے کیا ہیں۔ تادم تحریر کھوج جاری ہے۔

hashir-irshad has 183 posts and counting.See all posts by hashir-irshad

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments