واحد بلوچ کے اغوا کا مقدمہ درج کیا جائے: سندھ ہائی کورٹ


\"wahid  سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ بلوچ سماجی کارکن واحد بلوچ کے مبینہ اغوا کے خلاف تھانہ سہراب گوٹھ کو مقدمے کے اندارج کا حکم جاری کر دیا ہے۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں قائم سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے پولیس کو حکم دیا کہ سماجی کارکن عبدالواحد بلوچ کو لاپتہ کیے جانے کے حوالے سے ایک انکوئری رپورٹ ترتیب دیں اور اسے 23 اکتوبر کو آئندہ کی سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے۔

مذکورہ بینچ عبدالواحد بلوچ کی 20 سالہ بیٹی حانی بلوچ کی آئینی درخواست کی سماعت کر رہا تھا، جس میں قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس، رینجرز اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے مذکورہ درخواست ایڈووکیٹ صلاح الدین اور ریحان کیانی کے ذریعے عدالت میں جمع کرائی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کے والد 26 جولائی کو اندرون سندھ سے کراچی واپس آرہے تھے کہ سہراب گوٹھ کے قریب ان کو سیکیورٹی اہلکار اپنے ہمراہ لے گئے۔

کیس کی سماعت کے دوران ایڈووکیٹ کیانی نے عدالت کو بتایا کہ متاثرہ خاندان نے متعدد مرتبہ سہراب گوٹھ پولیس سے لاپتہ فرد کی تلاش کیلئے مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی، تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔ اس موقع پر تھانے کے ایس ایچ او نے مذکورہ دعوے کی تردید کی اور کہا کہ نہ تو درخواست گزار اور نہ ہی متاثرہ خاندان کے کسی فرد نے ان سے مقدمے کے اندراج کیلئے رابطہ کیا تھا۔

عبدالواحد بلوچ ایک پبلشر اور مصنف ہیں انھیں 26 جولائی کو سپر ہائی وے کے قریب ٹول پلازہ پر دو نامعلوم مسلح افراد نے روکا تھا۔ ان کے ایک دوست صابر علی صابر جو مذکورہ سفر میں ان کے ساتھ تھے، کا کہنا تھا کہ دونوں افراد نے عبدالواحد بلوچ کو ان کا موبائل فون دیکھنے کے بعد گاڑی سے نیچے اُتارا گیا اور انھیں ایک پک اپ ٹرک کی جانب لے جایا گیا۔ متاثرہ خاندان نے واقعے کے فوری بعد گڈاپ تھانے سے رابطہ کیا تاہم ان کا دعویٰ تھا کہ ایس ایچ او نے مذکورہ مقدمے کے اندراج سے انکار کردیا۔ حانی بلوچ نے 2 اگست کو ہائی کورٹ میں آئینی درخواست جمع کرائی تھی جس کے ساتھ گڈاپ تھانے کو لکھے گئی درخواست اور سول ہسپتال کا اقرار نامہ درج تھا، جہاں عبدالواحد بلوچ ملازمت کرتے تھے۔

رپورٹ : بشکریہ ڈان اردو


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments