ریڈیو پاکستان کا ماہنامہ آہنگ


\"Najmaاپنی چیز کی حفاظت انسانی فطرت کا تقاضا ہے اور ماں کی حفاظت پر جاں تک نچھاور کر دینا فطرتِ ایمانی ، غیرتِ ایمانی اور مذہب اسلام کی بنیاد ہے۔6 ستمبر 1965ءاسی جذبہءایمانی کا متقاضی تھا جبکہ تاریخ گواہ ہے۔۔۔6 ستمبر گواہ ہے۔۔۔ دشمن کی توپیں گواہ ہیں کہ۔۔۔ توپیں ہار گئیں ۔۔۔ اور جذبہءایمانی سے سارشار سینے جیت گئے۔۔۔ شہداءجیت گئے۔۔۔غازی جیت گئے۔۔۔ پاکستانی قوم جیت گئی۔۔۔ اور 6 ستمبر دشمن کو یہ سبق دے گیا کہ مت اُلجھو اس قوم سے جو خاموش سمندر ہے لیکن نعرہءتکبیر کے ساتھ بلند ہوتی موجیں کسی بھی میلی نظر کو صفحہءہستی سے مٹانے کے لئے کافی ہیں۔اس سال قوم نے 6 ستمبر کو یومِ دفاع منانے کے ساتھ ساتھ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عیدالاضحٰی بھی منائی۔

ریڈیو پاکستان نے ماہنامہ ” آہنگ “ کا ستمبر میں یومِ دفاعِ پاکستان ، عیدالاضحٰی اور قائداعظم کے یومِ وفات کے حوالے سے خصوصی شمارہ نکالا۔آہنگ جس کا شمارپاکستان کے سب سے قدیم رسالوں میں ہوتا ہے نے آج تک اپنے معیار کو برقرار رکھا ہوا ہے۔ آہنگ کے ستمبرکے شمارے کا آغاز قائداعظم کے قوم کے نام 24 اکتوبر 1947ءکوعیدالاضحٰی کے موقع پر قوم کے نام پیغام سے ہوتا ہے ۔اس پیغام میں قائداعظم نے کہا کہ ”آئیے آج عیدالاضحٰی کے دن جو اسلام کے اس جذبہءایثار اور قربانی کا مظہر ہے جن کی اسلام نے ہمیں تعلیم دی ہے یہ عہد کریں کہ ہم اپنے تصورات کے مطابق اس نئی مملکت کی تخلیق میں بڑی سے بڑی قربانی دینے اور آزمائشون اور مشکلات کا مقابلہ کرنے میں پیچھے نہ رہیں گے اور ہم اپنی ساری قوتیں اور سارے وسائل اس مقصد کے حصول پر صرف کر دیں گے۔“

اس شمارے میں پروفیسر محمد سعید احمد خان کا عیدالاضحٰی اور فلسفہءقربانی پر ایک اہم مضمون شامل ہے جس میں انہوں نے قربانی کا فلسفہ اور عیدالاضحٰی کی انسانی زندگی میں اہمیت کو بڑے آسان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے۔آہنگ کی مجلسِ ادارت کی رکن افشاں نگار ملک نے ” قائد تجھے سلام “ کے عنوان سے ایک مختصر مضمون لکھا ہے جس کے مطالعے سے معلوم ہوا کہ ریڈیو پاکستان سے قائد اعظم محمدعلی جناح کی وفات کی خبر 11 ستمبر 1948ءکو رات 11 بجے نشر ہوئی اورریڈیو پاکستان کے معروف نیوز ریڈر شکیل احمد نے قائد اعظم کی وفات کی خبر ریڈیو پاکستان کی معمول کی نشریات روک کر عوام تک پہنچائی۔

پاکستان دنیا میں ایک ایسا غیر معمولی ملک ہے جو ادیان عالم کے سرتاج دین اسلام کے نام پر وجود میں آیا ۔پاکستانی قوم نے گذ شتہ 70 ءسالوں میں اپنی دینی حمیت، جذبہ ءایمانی اور مشکلات کے وقت قومی اتحاد و اتفاق کا جو مظاہرہ کیا ہے وہ اقوامِِ عالم کے لئے ایک روشن مثال ہے ۔

اس حوالے سے سلمان صدیقی کا مضمون ” اے دشمنِ دیں! تو نے کس قوم کو للکارا ہے“ ماہنامہ آہنگ میں شامل ہے۔یوم دفاع کے حوالے سے ریڈیو پاکستان لاہور نے رواں سال خصوصی نغمے ریکارڈ کئے جو معروف شاعر ناصر زیدی اور نصرت یاب خان نصرِت کی تخلیق تھے۔جو آہنگ میں اہتمام سے شائع کئے گئے ہیں۔

پاک فضائیہ اپنی تشکیل سے دورِ حاضر تک جرات ، شجاعت اور جذبہءشہادت جیسی درخشاں روایات کی امین ہے۔پاک فضائیہ نے ملکی دفاع میں ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کر کے بہادری اور قربانی کی ایسی لازوال داستانیں رقم کیں جو ملکی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی اس حوالے سے ” جنگِ ستمبر میں پاک فضائیہ کے کارنامے“ کے عنوان سے گروپ کیپٹن محمد علی کی تحریر قابلِ ذکر ہے۔

 1965ءکی جنگ میں ریٹائرڈ ائیر کموڈور ایم ایم عالم نے ایک منٹ میں دشمن کے پانچ طیارے مار گرانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا جبکہ مجموعی طور پر نو طیارے مار گرائے اور دو کو نقصان پہنچایا تھا۔جنگ ستمبرکے اس ہیرو کا یادگار انٹرویو 2011 ءمیں ریڈیو پاکستان کراچی کی پروگرام مینیجر ربیعہ اکرم نے ریکارڈ کیا تھا۔جو قندِ مکرر کے طور پر اس شمارے کی زینت ہے۔

\"Najma1965ءکی جنگ کی کامیابی میں حر مجاہدین نے بڑا اہم کردار ادا کیا تھا۔جس کو سید ماکن شاہ رضوی نے بڑی تفصیل سے اُجاگر کیا ہے۔

عارفہ شمسہ کا شمار ریڈیو پاکستان کے سینئیر براڈکاسٹرز میں ہوتا ہے انہوں نے ”دفاعِ پاکستان اور ریڈیو پاکستان “ کے عنوان سے ایک خصوصی مضمون میں آہنگ کے قارئین کے لئے اپنی یادوں کو تازہ کیا ہے ۔وہ لکھتی ہیں کہ جب پاکستانی افواج نے ہندوستان کے ایک ہوائی اڈے ہلواڑہ پر بمباری کر کے تہلکہ مچا دیا تو لفظ ہلواڑہ باقاعدہ محاورہ بن گیا جہان کوئی خرابی یا تباہی ہو جائے تو کہتے ہیں ہلواڑہ کر دیا۔

محبوب سرور نوجوان براڈکاسٹر ہیں اور آہنگ کے مدیر ہیں۔ستمبر کی جنگ کے پس منظر میں ان کا لکھا ہوا خصوصی افسانہ ” اے پتر ہٹاں تے نئیں وکدے “بھی اس شمارے میان شامل ہے۔جس میں انسانی جذبات ، شہادت کی خواہش اور جذبہءحب الوطنی کو بڑی خوبصرتی سے واضح کیا گیا ہے۔

کرکٹ کی دنیا کے حقیقی لٹل ماسٹر حنیف محمد 11 اگست کو ہم سے جدا ہو گئے تھے ان کے انتقال کے حوالے سے ریڈیو پاکستان کراچی کے پروگرام مینیجر انیسُ الرحمان کی خصوصی تعزیتی تحریر بھی اس شمارے کا حصہ ہے۔

انجم انصار کا شمار خواتین کی پسندیدہ مصنفین میں ہوتا ہے۔عیدِ قرباں کے حوالے سے ان کی ایک مختصرتحریر” ایک خط“ کے عنوان سے شامل ہے جس میں ایک خاتون اپنی بڑی بہن سے کچھ اس طرح مخاطب ہیں۔

 [پیاری آپا جان !

 سلامیاں !

 اے ہے! سسرال کی پہلی بقر عید کا کیا حال لکھوں۔ پندرہ خوش خوراک لوگوں مین ایک معصوم سا بکرا آیا ہے، اس ریفریجٹر کا کیا ہوگا جو بڑی تگ و دو کے ساتھ لے کر آتے ہیں۔ کیا یہ لوگ کسی کے گھر گوشت بھیجیں گے اور کیا پکا کر کھائیں گے؟ میرا تو اس بکرے کو دیکھ کر ہی جی ہول رہا ہے۔]

”قربانی اور طبی مسائل“ کے موضوع پر ملک کے معروف معالج پروفیسر ڈاکٹر غلام علی مندرہ والا ایم ڈی کی اہم تحریر بھی آہنگ کے زیرِ نظر شمارے کاحصہ ہے۔حسبِ سابق ریڈیو پاکستان کی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لئے خصوصی گوشہ مخصوص کیا گیا ہے جس میں ایف۔ایم فیصل آباد کی 34 ویں سالگرہ ، ریڈیو پاکستان راولپنڈی میں منعقدہ یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے خصوصی سٹیج شو اور ریڈیو پاکستان کے کنٹرولر ہوم سروس محمد فیاض بلوچ کے سندہ کے مختلف اسٹیشنز کے دورے کی خصوصی رپورٹس بھی شامل ہیں۔

ریڈیو پاکستان لاہور کے اسٹیشن ڈائریکٹر اور معروف براڈ کاسٹر ریڈیو پاکستان میں 33 سال گراں قدر خدمات سر انجام دے کر 16 ستمبر کو سبکدوش ہو گئے انکی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے گل حسن قریشی نے ” ایک رشتہ آواز دوستی کا “ کے عنوان سے مختصر مگر جامع مضمون تحریر کیا ہے۔

افضال احمد آزاد جن کا شمار نوجوان لکھاریوں میں ہوتا ہے اور ماہنامہ آہنگ کی گرافکس اینڈ ڈیزائننگ کی ٹیم میں بھی شامل ہیں انہوں نے ماہِ ستمبر میں وفات پانے والے شعرائے کرام کے حالاتِ زندگی اور اردو ادب کے لئے انکی خدمات کو خراج ِ عقیدت پیش کیا ہے جن میں میر تقی میر ، اکبر الٰہ آبادی ، اختر شیرانی ، رئیس امروہوی ، وزیر آغا اور احمد راہی شامل ہیں۔ ہر شمارے کی طرح آہنگ کا یہ شمارہ بھی خاصے کی چیز ہے جس کوہر صاحب مطالعہ کی لائبریری کی زینت ہونا چاہیئے۔

شمارہ ستمبر:۔ قیمت 300 روپے

ملنے کا پتہ :۔پاکستان براڈکاسٹنگ ہاﺅس، ایم اے جناح روڈ ، کراچی

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

نجمہ حنیف

ہ حنیف براڈ کاسٹ جرنلسٹ ہیں اور ریڈیو پاکستان بہاولپور سے وابستہ ہیں۔

najma-hanif has 10 posts and counting.See all posts by najma-hanif

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments